یورپ (رپورٹس)

سترھواں سالانہ اجتماع وقف نو فرانس

(چودھری مقصود الرحمٰن۔ نیشنل سیکرٹری وقف نو فرانس)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال جماعت احمدیہ فرانس کو اپنا سترھواں سالانہ اجتماع وقف نو ۱۹ و ۲۰؍مئی ۲۰۲۳ء بروز جمعہ و ہفتہ منعقد کرنے کی توفیق حاصل ہوئی۔ اجتماع کے بیشتر منتظمین واقفین نو ہی تھے۔ اجتماع میں عمر کے مطابق مقابلہ کوئز کے لیے ایک موبائل ایپ بنائی گئی تھی۔

اس اجتماع کا انعقاد جماعت فرانس کی جلسہ گاہ بیت العطا میں ہوا۔ جمعہ کی ادائیگی کے فوراً بعد حاضرین نے پیارے آقا کا خطبہ جمعہ سنا۔

پروگرام کے مطابق اجتماع کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اورنظم سے ہوا۔ خاکسار (نیشنل سیکرٹری وقف نو) نے اجتماع کے چند انتظامی امور سے شاملین کو آگاہ کیا۔افتتاحی اجلاس میں واقفین کو نصائح کرتے ہوئے امیر جماعت احمدیہ فرانس فہیم احمد نیاز صاحب نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے الفاظ میں بچوں کو بتایا کہ کس طرح وہ سپیشل بچے بن سکتے ہیں۔ اپنےخطاب کے بعد مکرم امیر صاحب نے دعاکروائی۔ پروگرام کی تمام کارروائی کا فرنچ ترجمہ ساتھ ساتھ مہیا ہو رہا تھا۔

سب سے پہلے واقفین و واقفات نے حضور انور کو دعا کا خط لکھااور اس کے ساتھ ہی علمی مقابلہ جات شروع کروا دیے گئے۔ امسال واقفین و واقفات نو کو عمر کے لحاظ سے تین گروپس میں تقسیم کر کے چودہ علمی اور آٹھ ورزشی مقابلہ جات کا انتظام کیا گیا تھا۔ نمازوں کے بعد درس یا مختصر نصائح کے لیے اوقات مقررکر دیے گئے تھے جو بہت مفید ثابت ہوئے۔ معمول کی نمازوں کے ساتھ ساتھ جمعہ اورہفتہ کی درمیانی صبح تہجد،نماز فجر اور درس کا انتظام تھا۔

بروز ہفتہ مشاہدہ معائنہ، فی البدیہہ تقریر اور پریزنٹیشن (اسلامی جہاد کے موضوع پر سلائیڈز کے ذریعہ علمی حقائق پیش کرنے) کے مقابلے خاص طور پر حاضرین کی دلچسپی کا باعث رہے۔ مشاورتی کمیٹی کےاجلاس میں ماہرین نے مختصراً اپنے اپنے شعبہ جات کاتعارف کروایا جس کے بعدبچوں کو سوالات پوچھنے کا موقع دیا گیا۔ یہ پروگرام مکمل طور پہ فرنچ زبان میں تھا۔ علمی مقابلہ جات میں اس سال پوسٹر بنانے کے مقابلے کا اضافہ کیا گیا تھا جس میں بچوں اوربچیوں نے خصوصی دلچسپی لی اور بہت خوبصورت پوسٹرز بنا کر لائے۔

ورزشی مقابلوں میں فٹ بال، رسہ کشی اور ٹیبل ٹینس خاص طور پر بچوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ فٹ بال کا بیس منٹ کا ایک نمائشی میچ تو سب کا دل موہ لے گیا۔ اٹھائیس چھوٹےچھوٹے بچوں کو دو ٹیموں میں تقسیم کرکے ان کا ایک میچ کروایا گیا اور تمام بچوں کو میڈلز سے نوازا گیا۔

ہفتہ کی شام اختتامی اجلاس تلاوت وترجمہ اور نظم سے شروع ہوا تھا۔ اس کے بعد علمی و ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشز حاصل کرنے والے واقفین نو میں مکرم امیر صاحب نے انعامات تقسیم کیے۔ اس دوران خواتین نے علیحدہ سے اپنی تقریب تقسیم انعامات مکمل کی۔

بعد ازاں مشنری انچارج نصیر احمد شاہد صاحب نے حاضرین کو نصائح کیں اور مکرم امیر صاحب نے کچھ اختتامی کلمات کہے۔ دعا کے ساتھ یہ بابرکت تقریب بخیر و خوبی اپنے اختتام کو پہنچی۔الحمدللہ

چھوٹے بڑے مرد و خواتین کو ملا کر اجتماع کی کل حاضری ۲۷۷ رہی۔

(رپورٹ: چودھری مقصود الرحمٰن۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button