حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… دنیا بھر سے عازمین حج کی سعودی عرب آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ کئی ممالک سے عازمین براہ راست مدینہ منورہ بھی پہنچ رہے ہیں۔سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ بدھ تک چارلاکھ چونتیس ہزار۹۸۰؍عازمین حج مدینہ منورہ پہنچے جہاں انہوں نے مسجدِ نبوی اور روضہ رسولﷺ پر حاضری دی۔ مدینہ منورہ پہنچنے والے عازمین میں انڈونیشیا کے لوگوں کی تعداد سب سے زیادہ تھی۔عرب میڈیا کے مطابق ۸۹؍ہزار ۸۷۶؍ انڈونیشی عازمین، بھارت کے ۴۴؍ہزار۱۷۳؍، پاکستان کے۴۲؍ہزار۸۳۸؍، الجزائر کے ۲۸؍ہزار۷۳۸؍اور ایران سے ۲۶؍ہزار۶۹۵؍عازمین حج مدینہ منورہ پہنچے تھے۔

٭…سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ نے وزارتِ سرمایہ کاری کے تعاون سے نیا ویزا متعارف کرا دیا ہے۔ یہ ویزا ’مستشمر زائر‘ (انویسٹر وزیٹر) بزنس ویزا ہوگا جسے آن لائن جاری کرایا جا سکے گا۔بزنس ویزے کے اجرا کا مقصد سرمایہ کاروں کو سعودی عرب میں سرمایہ کاری کے امکانات سے واقفیت کا موقع فراہم کرنا ہے۔

٭…ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ اگر ایران جوہری ہتھیار بناناچاہے تو مغرب اسے روک نہیں سکتا۔ایران کے جوہری ہتھیاروں کی بات جھوٹ ہے اور یہ بات مغرب بھی جانتا ہے۔ہم اپنے مذہبی عقائد کی بنیاد پر ایٹمی ہتھیار نہیں چاہتے اگر ایسا ہو تو مغرب ہمیں روک نہیں سکتا۔ایران کے سپریم لیڈر نے مزید کہا کہ مغرب کے ساتھ معاہدہ ہونا بہتر ہے لیکن ایرانی جوہری صنعت کا احترام کیاجانا چاہیے۔ ایران کو تحفظ کے فریم ورک کے تحت اقوامِ متحدہ جوہری نگران ادارے کے ساتھ کام جاری رکھنا چاہیے۔

٭…کینیڈا کے صوبے کیوبیک میں ۱۵۰؍مختلف مقامات پر لگی آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں جس سے لگ بھگ ۳۸؍لاکھ ایکڑ رقبہ جل چکا ہے۔اب تک سینکڑوں افراد نقل مکانی کر چکے ہیں اور انخلا کا عمل اب بھی جاری ہے۔

٭…چین کے صوبے ہینانمیں۱۳ سالہ بچی نے ۶۳؍ہزار امریکی ڈالرز ویڈیو گیمز پر خرچ کر دیے۔لڑکی نے نہ صرف والدین کے کریڈٹ کارڈ سے ویڈیو گیمز خریدے بلکہ گیم کے ساتھ منسلک دیگر اشیا بھی خریدیں۔لاعلم والدین کو بیٹی کی اس کارستانی سے سکول ٹیچر نے آگاہ کیا تھا۔

٭…سابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے پارلیمنٹ کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق بورس جانسن نے استعفے کا فیصلہ پارٹی گیٹ رپورٹ موصول ہونے کے بعد کیا، یہ رپورٹ پرویلجز کمیٹی نے تیار کی۔ بورس جانسن نے استعفے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کمیٹی ثابت نہیں کرسکی کہ میں نے جان بوجھ کر پارلیمنٹ کو گمراہ کیا۔ یاد رہے کہ مارچ میں پارلیمنٹ کو دیے گئےشواہد میں بورس جانسن نے پارلیمنٹ کو گمراہ کرنے کا اعتراف کیا تھا۔

٭…افغانستان کے شہر فیض آباد کی مسجد میں دھماکے سے گیارہ افراد جاں بحق جبکہ تیس سے زائد زخمی ہوگئے۔ دھماکے میں بغلان پولیس کے سابق کمانڈر صفی اللہ صمیم بھی جاں بحق ہوگئے۔ دھماکے سے اموات میں اضافے کا خدشہ ہے، دھماکا بدخشاں کے جاں بحق نائب گورنر مولوی نثار کی فاتحہ خوانی کے دوران ہوا۔ مولوی نثار منگل کو فیض آباد میں کار بم دھماکے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔

٭…بھارتی ریاست منی پور میں نسلی فسادات کا سلسلہ جاری ہے۔ منی پور کے صدر مقام امفال میں نسلی تشدد کے دوران ایک خاندان کو ایمبولینس میں زندہ جلا دیا گیا۔ ایمبولینس میں سات سال کا بچہ، اس کی ماں اور ایک رشتے دار موجود تھا۔ بھارتی فوج نے مقامی لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ہتھیار سیکیورٹی فورسز کے حوالے کر دیں۔ یاد رہے کہ منی پور میں ہندو اور عیسائی کمیونٹی میں ۳؍مئی سے نسلی فسادات جاری ہیں۔اور اب تک ۹۸؍سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

٭…ایران نے سات سال بعد سعودی عرب میں اپنا سفارتخانہ دوبارہ کھول لیا ہے۔ ایران نے علاقائی حریف سعودی عرب سے سفارتی تعلقات خراب ہونے کے بعد وہاں اپنا سفارتخانہ بند کر دیا تھا۔ ایرانی سفارتخانے کے دوبارہ کھلنے کی تقریب میں ایرانی اور سعودی وزارت خارجہ کے نمائندے شریک تھے۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ علی رضا بگدیلی کا کہنا ہے کہ یہ اس بات کی علامت ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔ واضح رہے کہ تقریباً تین ماہ قبل چین نے دونوں خلیجی ممالک کے تعلقات بحال کروانے میں کردار ادا کیا تھا۔

٭…کولمبیا میں ایمازون کے جنگلات سے ایک شیر خوار سمیت چار چھوٹے بچے چالیس دن بعد حیران کُن طور پر زندہ مل گئے۔ یکم مئی کو ایک چھوٹا طیارہ کولمبیا کے ایمازون کے قصبے سان ہوزے ڈیل گوویئر کی طرف جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوگیا تھا جس میں پائلٹ سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے تھےجبکہ گیارہ ماہ،نو۹،چاراور تیرہ سال کی عمر کے چار بچے لاپتہ تھے۔بچوں کے جسم پر کیڑے مکوڑوں کے کاٹنے کے نشانات ہیں تاہم ان سب کی حالت اچھی ہے۔ فضائیہ نے دس ہزار فلائرز کو جنگل میں گرایا تھا جن میں بچوں کو مادری ہسپانوی زبان میں ہدایات دی گئی تھیں کہ وہ ایک مقام پر کھڑے ہو جائیں۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button