افریقہ (رپورٹس)

برکینا فاسو میں تینتیسویں مجلس شوریٰ کا انعقاد

(چوہدری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برکینافاسو)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے برکینافاسو کی تینتیسویں مجلس شوریٰ کا انعقاد مورخہ ۲۷ و ۲۸؍مئی۲۰۲۳ءکو مسجد بیت المہدی واگادوگو میں ہوا۔

شوریٰ کا پہلا اجلاس مورخہ ۲۷؍مئی بروز ہفتہ شام چار بج کر پچیس منٹ پر مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب امیر جماعت برکینافاسو کی زیر صدارت شروع ہوا۔تلاوت قرآن و فرنچ ترجمہ کے بعد صدر مجلس شوریٰ نے دعا کروائی۔

دعا کے بعدسیدنا حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ فرمودہ ۱۲؍مئی۲۰۲۳ء فرنچ زبان میں سنایا گیا۔ حضور انو رنے اس خطبہ میں مجلس شوریٰ کے متعلق تفصیلی ہدایات سے نوازا ہے۔ تمام ممبران کو اس خطبہ کی ایک ایک کاپی مہیا کی گئی تاکہ وہ ساتھ ساتھ خطبہ پڑھ سکیں اور اپنے ساتھ بھی لے جائیں۔

سیدنا حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایت کے پیش نظر گذشتہ تین سالوں کی مجالس شوریٰ کی سفارشات پر عمل درآمد کی رپورٹ جنرل سیکرٹری کونے داؤدا صاحب نے پیش کی۔ اس کے بعد امسال شوریٰ کے ایجنڈے پر ایک تجویز پر سفارشات مرتب کرنے کے لیے سب کمیٹی کا قیام عمل میں آیا۔اس کے ساتھ پہلا اجلاس اختتام کو پہنچا۔

مورخہ ۲۸؍مئی بروز اتوار شوریٰ کا دوسرا اجلاس صبح سوا نو بجے مسجد بیت المہدی میں دعا کے ساتھ شروع ہوا۔ سیکرٹری مال نمینوں ناصر صاحب نے سال ۲۰۲۳-۲۰۲۴ء کا بجٹ پیش کیا۔ امسال حضور انور کی منظوری سے شوریٰ میں رشتہ ناطہ پر ایک تقریر رکھی گئی تھی تاکہ ممبران شوریٰ اچھی طرح اس شعبہ کی اہمیت کو سمجھ سکیں۔ محمد اظہار احمد راجہ صاحب استاد جامعة المبشرین برکینافاسو نے تفصیل کے ساتھ اس موضوع پر روشنی ڈالی۔

مکرم امیر صاحب جماعت برکینا فاسو و صدر مجلس شوریٰ نے اختتامی تقریر میں ممبران شوریٰ کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلاتے ہوئے دعا ؤں پر زور دینے کی یاددہانی کروائی۔ ملک بھر کی جماعتوں سے کل ۱۰۴؍ نمائندگان نے شوریٰ میں شرکت کی۔ لجنہ اماء اللہ کے ایک وفد نے بھی شوریٰ میں شرکت کی۔ علاوہ ازیں جامعة المبشرین برکینافاسو کے آخری سال کے طلبہ بطور زائرین مجلس شوریٰ میں شامل ہوئے۔ اللہ تعالیٰ اس شوریٰ کے نیک اثرات مرتب فرمائے۔آمین

(رپورٹ: چودھری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button