حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… ۳؍جون بروز ہفتہ بھارتی ریاست اڑیسہ کے ضلع بالاسور میں مسافر اور مال بردار ٹرینوں کے درمیان ہونے والی ٹکرسے خوفناک حادثہ پیش آیا۔ ٹرین حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد ۲۷۵؍ہے تاہم ابھی تک صرف ۸۸؍لاشوں کی شناخت ہو سکی ہے۔ جبکہ ۱۱۷۵؍افراد زخمی ہوئے ہیں اور حادثے کی شکار ٹرین کی بوگیوں میں پھنسے مزیدافراد کی تلاش تاحال جاری ہے۔واضح رہے کہ کلکتہ سے چنائی جانے والی مسافر ٹرین کی بارہ سے پندرہ بوگیاں اتر کر دوسرے ٹریک پر گریں جبکہ دوسرے ٹریک پر یسونت پور سے ہاوڑہ جانے والی مسافر ٹرین متاثرہ بوگیوں سے ٹکرائی۔بھارتی ریلوےحکّام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ٹرین حادثہ سگنل فیل ہونے کی وجہ سے ہوا ہے۔اس موقع پر مقامی مجلس خدام الاحمدیہ، لجنہ اماء اللہ اور ہیومینٹی فرسٹ نے خدمت خلق کے جذبہ کے تحت امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔حکومتی کارکنان نے زخمیوں اور ورثا میں مفت کھانا اور پانی تقسیم کیا۔ لجنہ اماء اللہ کی ممبرات نے زخمیوں کی عیادت کی اورجوس اور بسکٹ بھی تقسیم کیے۔

٭…بھارت اور چین نے اپنے اپنے ملکوں میں ایک دوسرے کی میڈیا موجودگی بالکل ختم کرتے ہوئے حالیہ ہفتوں میں ایک دوسرے کے تقریباً تمام صحافیوں کو نکال دیا۔ امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارت نے ملک میں موجود چین کے آخری دو صحافیوں کے ویزے میں توسیع مسترد کر دی۔ دونوں چینی صحافیوں کا تعلق چین کے سرکاری میڈیا سے ہے۔ چین نے بھی بھارتی صحافیوں کے کاغذات نمائندگی مسترد کر دیے ہیں۔ جون ۲۰۲۰ء میں سرحدی جھڑپ کے بعد سے بھارت اور چین کے تعلقات مسلسل کشیدہ ہیں۔ چین نے حال ہی میں مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے جی۲۰ اجلاس کا بھی بائیکاٹ کیا۔

٭…روس کی عدالت نے ممنوعہ مواد نہ ہٹانے پر واٹس ایپ کو تیس لاکھ روبل کا جرمانہ عائد کر دیا۔پچھلے برس ماسکو نے واٹس ایپ کی ماخذ کمپنی میٹا پلیٹ فارمز کو انتہاپسند تنظیم قرار دیا تھا۔میٹا کی دیگر سروسز فیس بک اور انسٹاگرام پر روس میں پابندی اور ان پر مواد کی وجہ سے جرمانہ بھی لگ چکا ہے۔روس نے واٹس ایپ پر ملکی ڈیٹا قوانین پر عمل درآمد اور روسی صارفین کا ڈیٹا ملکی سرورز میں رکھنے سے انکار پر جرمانہ کیا تھا۔عدالت نے وکی پیڈیا کی ماخذ کمپنی وکی میڈیا فاؤنڈیشن پر بھی تیس لاکھ روبل کا جرمانہ کیا۔یہ جرمانہ یوکرین میں ماسکو کی فوجی مہم کے خلاف جھوٹی معلومات نہ ہٹانے کی وجہ سے کیا گیا۔

٭…پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں ایئر لائنز کے فنڈز روکنے کے معاملے پر انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (IATA) نے فنڈز رکنے سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔ پاکستان میں ایئر لائنز کے ۱۸۸؍ملین ڈالرز، نائیجیریا میں ۸۱۲؍ملین ڈالرز، بنگلہ دیش میں ۲۱۴؍ملین ڈالرز، الجیریا میں ۱۹۶؍ملین ڈالرز، لبنان میں ۱۴۱؍ملین ڈالرز کے فنڈز رکے ہوئے ہیں۔ایاٹا کے مطابق فنڈز رکنے کی وجہ سے ایئر لائنز کے لیے مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ طویل وقت کے لیے فنڈز رکے رہنا ایئر لائنز کے بزنس کے لیے خطرہ ہے۔

٭…روس کی جانب سے یوکرین کا حملہ ناکام بنانے اور سینکڑوں فوجی مارنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔یوکرین نے جنوبی ڈونیسک میں چھ مشینی، دو ٹینک بٹالینز کے ساتھ حملہ کیا جسے ناکام بنا دیا گیا ہے۔روسی افواج نے اڑھائی سو یوکرینی فوجیوں کو ہلاک، ٹینکوں، انفنٹری گاڑیوں اور اکیس بکتر بند جنگی گاڑیوں کو تباہ کر دیا ہے۔دوسری جانب یوکرین کی جانب سے روسی دعوے پر اب تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

٭…امریکہ کی ریاست واشنگٹن میں خاتون ایک سال کا بچہ گاڑی میں بھول گئی جس کی نو گھنٹے گاڑی میں بند رہنے کے باعث موت ہوگئی۔خاتون ہسپتال میں ملازمت کے لیے صبح آٹھ بجے پہنچی اور وہ ایک سال کے بچے کو گاڑی میں ہی بھول گئی۔ شفٹ ختم کرنے کے بعد شام پانچ بجے خاتون نے بچے کو گاڑی میں مردہ حالت میں پایا، جسے فوری طور پر اسی ہسپتال کے اندر لے جایا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔مقامی پولیس کے مطابق واقعے کے وقت علاقے میں درجہ حرارت ۷۰؍سے ۷۵؍ ڈگری Fahrenheit تھا جبکہ گاڑی کے اندر کا درجہ حرارت ۱۱۰؍ڈگری Fahrenheit کے قریب تھا۔

٭…سویڈن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ امریکی اور چینی وزرائے دفاع کی ملاقات نہ ہونا افسوسناک ہے۔ سب سے خطرناک بات آپس میں رابطوں کا نہ ہونا ہے۔امریکہ نے سنگاپور سیکیورٹی فورم کے موقع پر وزرائے دفاع ملاقات کی درخواست کی تھی جسے چین نے مسترد کردیا۔واضح رہے کہ سنگاپور میں رواں ہفتے سیکیورٹی فورم کا اجلاس ہونے جارہا ہے جس میں امریکی اور چینی وزرائے دفاع شریک ہوں گے۔

٭…فٹبال ایسوسی ایشن چیلنج (ایف اے) کپ کے فائنل میں مانچسٹر سٹی نے مانچسٹر یونائیٹڈ کوایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی۔۱۴۲ ویں ایف اے کپ کے فائنل میں مانچسٹر سٹی کی جانب سے میچ کے دوران دونوں گول الکائی گونڈوگان نے کیے ، انہوں نے صرف تیرہ سیکنڈ میں گول کرکے ایف اے کپ میں تیز ترین گول کرنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ ایف اے کپ کے فائنل میں مانچسٹر کی دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ مدمقابل آئی تھیں جبکہ فائنل جیتنے کے بعد مانچسٹر سٹی انگلینڈ کی فٹبال کی تاریخ میں ایک لیگ کے بعد ایف اے کپ ٹرافی جیتنے والی تیرھویں ٹیم بن گئی ہے۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button