افریقہ (رپورٹس)

ریجنل جلسہ سالانہ نیز افتتاح مشن ہاؤس گراں لاؤو، آئیوری کوسٹ

(عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل آئیوری کوسٹ)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ گراں لاؤو (Grand-Lahou) کو اپنا پندرھواں سالانہ ریجنل جلسہ مورخہ ۷؍مئی ۲۰۲۳ء بروز اتوار بمقام احمدیہ مسجد ’’بیت طاہر‘‘، گراں لاؤو شہر میں منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ ماہ مئی کی مناسبت سے اس جلسہ کا تھیم’’قیام امن کے لیے خلفائے احمدیت کی کاوشیں‘‘ منتخب کیا گیا۔

مسرور فٹبال ٹورنامنٹ زیر اہتمام خدام الاحمدیہ

جلسہ سے ایک روز قبل بروز ہفتہ ریجنل سطح پر مجلس خدام الاحمدیہ نے ریجنز کی مختلف مجالس کے درمیان مسرور فٹبال ٹورنامنٹ کا بھی انعقاد کیا جس میں کل چھ ٹیموں نے حصہ لیا۔ اس ٹورنامنٹ کا فائنل مقابلہ مجلس بویو (Gboyo) اور گراں لاؤو شہر کے درمیان ہوا جس میں بویو مجلس کی ٹیم فاتح قرار پائی۔

پندرہواں سالانہ ریجنل جلسہ جلسہ کے دن کا آغاز تہجد، نماز فجر اور درس سے ہوا۔ ناشتہ کے بعد امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ عبدالقیوم پاشا صاحب بھی مع وفد ریجنل مشن ہاؤس پہنچ گئے۔ ساڑھے نو کے قریب مکرم امیر صاحب نے لوائے احمدیت جبکہ بمبا کوتووبو صاحب (Bamba Koutoubou) نیشنل سیکرٹری وصایا نے قومی پرچم لہرایا۔

تلاوت قرآن کریم و عربی قصیدہ حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کے بعد بامبا کوتوبو صاحب نے شاملین جلسہ کو خوش آمدید کہا اور اپنی تقریر میں مختصراً جماعتی تاریخ وترقیات کا ذکر کیا۔جلسہ کی پہلی تقریر کونے عبدالکریم صاحب معلم سلسلہ نے بعنوان ’’آنحضرت ﷺ کی اسلام کے مستقبل کے متعلق پیشگوئیاں‘‘ بزبان جولا کی۔ تقریر کے بعد حاضرین جلسہ نے سوالات بھی کیے جن کے جوابات انہیں دیے گئے۔

اس تقریر کے بعد زالے محمد صاحب ریجنل مبلغ سلسلہ سساندرا نے ’’قیام امن کے لیے خلفائے احمدیت کی کاوشیں‘‘ کے موضوع پر بزبان فرانسیسی تقریر کی۔ جس کے بعد غیر از جماعت سیاسی و سرکاری مہمانان کرام نے اپنے تاثرات پیش کیے۔ بعد ازاں تمام مہمانان کرام کو امیر صاحب نے مختلف جماعتی کتب (اسلامی اصول کی فلاسفی،عالمی بحران اور امن کا راستہ، صداقت حضرت مسیح موعودؑ) بزبان فرانسیسی پیش کیں اور مسرور فٹبال ریجنل ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو ٹرافی بھی دی۔ پھر مقامی زبان میں ترانے پیش کیے گئے۔

اس جلسہ کی اختتامی تقریر مکرم امیر صاحب نے بعنوان ’’ضرورت خلافت اور خلافت احمدیہ اور اس کی برکات‘‘ فرانسیسی زبان میں کی جس کا مقامی زبان جولا میں رواں ترجمہ کیا جاتارہا۔ اختتامی تقریر کے بعد امیر صاحب نے دعا کروائی جس کے ساتھ ہی جلسہ کی کارروائی کا باقاعدہ اختتام ہوا۔ بعد ازاں نماز ظہر و عصر جمع کرکے ادا کی گئیں اور تمام حاضرین کو طعام پیش کیاگیا۔ جس کے بعد حاضرین اپنے اپنے مقامات کی طرف روانہ ہو گئے۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے،انتظامیہ کے مطابق امسال ریجنل جلسہ کی حاضری ۴۴۶؍ مردو خواتین و بچگان پر مشتمل رہی۔ جس میں ریجن کی اٹھارہ جماعتوں کی نمائندگی رہی ساتھ ہی تین دیگر ریجنز آبی جان (Abidjan)سے جماعتی وفد جبکہ سساندرا (Sassandra)، ساں پیدرو (San-Pédro) سے ریجنل مبلغین کرام نے بھی شرکت کی۔اس جلسہ میں بفضل تعالیٰ کئی سرکاری و مقامی افسران نے بھی شرکت کی ان معزز مہمانان میں کمشنر پولیس، نمائندہ میئر ریجن، ایڈیشنل کمانڈر بریگیڈ، مقامی صدر انجمن تاجران، کیتھولک چرچ کے مقامی پادری، چار گاؤں کے چیف نیز مسلم یوتھ کے مقامی نمائندہ شامل تھے۔ جنہوں نےاپنے اظہار خیال کے دوران جماعت احمدیہ کی ریجن میں خدمات کا تذکرہ کیا اور خاص طور پر خلفائے احمدیت کی امن عالم کے لیے کوششوں کو سراہا۔ جبکہ سوشل میڈیا پر بھی ساتھ ہی جلسہ کی تشہیر کی جاتی رہی۔

افتتاح ریجنل مشن ہاؤس گراں لاؤو

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۲۰۰۵ء میں جماعت گراں لاؤو کا قیام عمل میں آیا اور بامبا کوتوبو صاحب کو احمدیت قبول کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ ۲۰۰۷ء میں کونے محمد صاحب کو بطور معلم سلسلہ یہاں خدمت کے لیے بھجوایا گیا جن کے لیے شہر میں ایک مکان کرائے پر حاصل کیا گیا۔اسی کرایہ کے مکان والے پلاٹ کو ۲۰۰۹ء میں جماعت نے مسجد کی تعمیر کے لیے خرید لیا۔ بعد ازاں ساتھ ہی موجود ایک اور پلاٹ بھی ۲۰۱۰ء میں خریدا گیا۔ ایک پلاٹ پر جماعت نے ۲۰۱۲ء میں ۲۳۸؍ مربع میٹرپر مشتمل ایک کشادہ مسجد کی تعمیر شروع کی۔ ۲۰۱۸ء میں مسجد کی تعمیر مکمل ہوئی اورمکرم امیر صاحب نے اس کا افتتاح کیا۔

۲۰؍جنوری ۲۰۲۲ء کو مرکزی منظوری کے ساتھ گراں لاؤو کو ریجنل سنٹر بنایا گیا اور لقمان فرید احمد صاحب کو پہلے مرکزی مبلغ سلسلہ کے طور پر یہاں بھجوایا گیا۔ کرایہ پر ایک مکان حاصل کرکے ان کی رہائش کا انتظام کیا گیا۔ اگست ۲۰۲۲ء میں پرانے خستہ حال مکان کو گرا کر اس کی جگہ ریجنل مشن ہاؤس کی تعمیر شروع ہوئی اور اسی سال نومبر میں یہ کام مکمل ہوا۔امیر صاحب کی راہنمائی کے ساتھ ریجنل مبلغ سلسلہ لقمان فریداحمد صاحب کو اس مشن ہاؤس کی تعمیر کی توفیق ملی۔ جبکہ ایک احمدی ٹھیکیدار دابو سالف صاحب(Dabou Salif) رہائشی غازیبو جماعت ایسیا ریجن نے اس کی تعمیرکی۔ یہ ریجنل سنٹر تین کمروں، ڈائننگ روم، دو واش رومز، ہال اور ٹیرس پر مشتمل کشادہ مکان ہے جس کے لیے تقریباً سترہ ملین فرانک سیفا کی رقم خرچ ہوئی۔ ریجنل جلسہ کے اختتام پر مورخہ ۷؍مئی کو مکرم امیر صاحب آئیوری کوسٹ نے مع وفد فیتا کاٹ کر مشن ہاؤس کا افتتاح کیا۔جس کے بعد گھرکا جائزہ لیا اور دعا کروائی۔ اس پلاٹ پر مستقبل میں معلم ہاؤس اور ریجنل لائبریری بنانے کا بھی پروگرام ہے۔ ان شاء اللہ

(رپورٹ: عبدالنور۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button