امریکہ (رپورٹس)

مجلس انصاراللہ احمدیہ ابوڈ آف پیس، ٹورانٹو (کینیڈا) کا سالانہ اجتماع

(ناصر احمد وینس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کینیڈا)

مجلس انصاراللہ احمدیہ ابوڈ آف پیس ٹورانٹو، کینیڈا کی بڑی مجالس میں سے ایک ہے۔ اس کی وجہ یہ ہےکہ ۱۶۶؍اپارٹمنٹس پر مشتمل ایک ہی بڑی بلڈنگ ’ احمدیہ ابوڈ آف پیس‘ کے کم و بیش سبھی رہائشی، احمدی فیملیز پر مشتمل ہیں۔ اس طرح غالباً دنیا بھر میں یہ واحد بلڈنگ ہے جس میں اتنی بڑی تعداد میں احمدی احباب رہائش پذیر ہیں۔ الحمدللہ علی ذالک

مورخہ ۱۴؍مئی ۲۰۲۳ء کو اس مجلس کا سالانہ اجتماع، بلڈنگ سے تھوڑے ہی فاصلے پر واقع ’’رونٹری پارک‘‘ نامی وسیع و عریض سرسبز پارک میں منعقد ہوا۔ ساڑھے گیارہ بجے تلاوت، نظم اورانصاراللہ کے عہد کی دہرائی کے ساتھ اجتماع کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ مرکزی نمائندہ مکرم محمد موسیٰ، قائد اشاعت مجلس انصار اللہ کینیڈا نے اپنے مختصر خطاب میں نماز باجماعت ادا کرنے کی اہمیت کی طرف توجہ دلائی۔ اس کے بعد نیشنل صدر و نائب صدر کے ناموں کے چناؤ کے ساتھ ساتھ نیشنل سالانہ اجتماع انصاراللہ کینیڈا کی شوریٰ کے لیے بھی مجلس ہذا سے دو نمائندگان کا انتخاب ہوا۔

اس کے بعد ساکر، رسہ کشی، دوڑ، تیز چلنا، میوزیکل چیئر اور مشاہدہ و معائنہ کے مقابلہ جات میں انصار نے خوب بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ تقریباً دو بجے ظہر و عصر کی نمازوں اور کھانے کے لیے وقفہ ہوا جس میں باربی کیو کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔ بعد ازاں علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔

اجتماع کے اختتامی اجلاس میں محترم عبدالحمید صاحب وڑائچ (نیشنل صدر مجلس انصاراللہ کینیڈا) بھی شریک ہوئے۔ اختتامی اجلاس میں تلاوت و نظم کے بعد قائد مجلس احمدیہ ابوڈ آف پیس مکرم قریشی عبداللطیف صاحب نے اجتماع کی بابت رپورٹ پیش کی۔ اس کے بعد مختلف مقابلہ جات میں پوزیشن لینے والے انصار بھائیوں میں، نیشنل صدر مجلس انصاراللہ کینیڈا نے انعامات تقسیم کیے۔ بعد ازاں نیشنل صدر صاحب مجلس انصاراللہ کینیڈا نے اپنے خطاب میں انصار بھائیوں کو ان کی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ نمازوں کی باجماعت ادائیگی، بالخصوص نماز تہجد کی طرف خصوصی توجہ دلائی۔ نیز انصار کو اپنے گھرکا ایک ذمہ دار فرد ہونے کے ناطے اپنی اولادوں کو بھی نمازوں کا پابند بنانے کی طرف خاص توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

آخر میں تقسیم انعامات، انصاراللہ کا عہد دہرائے جانے اور دعا کے ساتھ یہ اجتماع اختتام پذیر ہوا۔

(رپورٹ: ناصر احمد وینس۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button