یورپ (رپورٹس)

رمضان کے مہینہ میں ہالینڈ میں افطار پروگرامز

(عدیل باسم۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل ہالینڈ)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے رمضان المبارک میں ہالینڈ کی مختلف جماعتوں میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈچ مہمانوں کو بھی دعوت دی گئی۔ الحمد للہ یہ پروگرامز تربیتی اور تبلیغی لحاظ سے بہت کامیاب رہے۔

جماعت نن سپیٹ میں افطار پروگرام:مسجد بیت النور نن سپیٹ میں افطار پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ پروگرام کا آغاز رمضان اور جماعت کے تعارف سے شروع کیا گیا۔ اس کے بعد مہمانوں کو مسجد دکھائی گئی۔ شہر کی میئر بھی اس پروگرام میں شامل ہوئیں اور جماعت کے ریڈیو سٹیشن پر انٹرویو دیا اور جماعت کی سرگرمیوں کی تعریف کی۔ آخر پر ڈچ مہمانوں کے لیے افطار ڈنر پیش کیا گیا۔ اس پروگرام میں امیر جماعت ہالینڈ ہبة النور فرحاخن صاحب بھی شامل ہوئے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے پچاس کے قریب مہمان اس پروگرام میں شامل ہوئے۔

جماعت آرنہم میں افطار پروگرام: جماعت آرنہم کو رمضان کے بابرکت مہینہ میں احباب جماعت اور ڈچ مہمانوں کے لیے افطار پروگرام منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ سب سے پہلے ڈچ مہمانوں کو رمضان کے بارے میں بتا یا گیا اس کے بعد درس القرآن کا اہتمام کیا گیا۔ جماعت کے تعارف کے حوالے سے غیر از جماعت مہمانوں کو ویڈیو دکھائی گئی اس کے بعد دعا ہوئی اور دعا کے بعد روزہ افطار کیاگیا۔ اس پروگرام میں ستّر کے قریب غیر از جماعت مہمانوں نے شرکت کی اس کے علاوہ بہت سے ایسے احمدی احباب شامل ہوئے جو کچھ عرصہ قبل ہالینڈ میں آئے ہیں اور ابھی اسائیلم کیمپ میں رہ رہے ہیں۔ افطاری کے بعد نماز مغرب و عشاء جمع کرکے ادا کی گئیں اور پھر نماز تراویح کا بھی اہتمام کیا گیا۔

مسجد مبارک اور مسجد بیت العافیت میں رمضان افطار: مسجد مبارک ڈین ہاگ اور مسجد بیت العافیت المیرے میں بھی رمضان افطار کا اہتمام کیا گیا جس میں ہفتہ والے دن احباب جماعت اور غیر از جماعت احباب رمضان افطار کے پروگرام میں شامل ہوتے رہے اور رمضان کی برکات سے مستفیض ہوئے۔

(رپورٹ: عدیل باسم۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button