افریقہ (رپورٹس)

نائیجر کے داکورو شہر میں ریجنل مسجد کی تعمیر و افتتاح

(کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل نائیجر)

مکرم ناصر احمد صاحب مبلغ سلسلہ داکورو شہر تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل اور پیارے حضور کی دعاؤں کے طفیل ڈاکورو شہر کی ریجنل مرکزی مسجدکی تعمیر کا کام مورخہ ۱۸؍مئی ۲۰۲۳ء کو تکمیل کو پہنچا۔الحمد للہ علیٰ ذٰلک۔ ڈاکورو شہر کی مسجد کی تعمیر نائیجر کے بڑے شہروں میں تبلیغ کے کام کو بہتر طور پر سر انجام دینے کےلیے ریجنل سیٹ اپ کے قیام کی ایک کڑی ہے، جس کو ۲۰۲۲ء کی ملکی شوریٰ میں ایک تجویز کے طور پر رکھا گیا تھا۔اس تجویز پر عمل درآمد کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کے فضل سےمکرم امیر صاحب کی زیر نگرانی ملک کے تمام بڑےشہروں میں مرکزی مساجد اور مشن ہاؤسز کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔

اسی سلسلہ کی ایک مسجد ڈاکورو شہر کی مسجد ہےجس کا سنگ بنیاد اسد مجیب صاحب امیر و مشنری انچارج نائیجر نے مورخہ ۸؍ دسمبر ۲۰۲۲ء کو رکھا جبکہ اس کی تکمیل مورخہ ۱۸؍ مئی ۲۰۲۳ء کو ہوئی۔ مسجد کےسنگ بنیاد سے قبل صدقہ دیا گیا اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت میں دعا کے لیے خط لکھا گیا۔اسی طرح دوران تعمیر بھی صدقات اور دعائیہ خطوط کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری رہا۔مورخہ ۱۹؍مئی ۲۰۲۳ء کو مسجد کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر کی لوکل انتظامیہ کے نمائندگان اور گڈن سوری شہر کے علاقائی بادشاہ کےعلاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔مسجد کا افتتاح نماز جمعہ سے قبل دعا سے کیا گیا جس کے بعد مکرم امیر صاحب نے خطبہ جمعہ دیا۔نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعدافتتاح کے لیے آئے ہوئےمعزز مہمانوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

مسجد کا مسقف حصہ ۱۵۰؍ مربع میٹر ہے اور اس میں ایک وقت میں ۲۵۰؍ نمازیوں کی گنجائش ہے۔مسجد کی عمارت اللہ تعالیٰ کی توحید کی طرف بلانے کے ساتھ ساتھ ڈاکورو شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کا باعث بھی ہے۔اللہ تعالیٰ اس مسجد کے ذریعہ اسلام احمدیت کا پیغام اس شہر کے ہر کونے تک پہنچائے۔آمین

(رپورٹ: کوثر جمیل۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button