امریکہ (رپورٹس)

برازیل کے ایک پرائیویٹ کالج میں بین المذاہب پروگرام میں جماعت احمدیہ کی شمولیت

(حافظ احتشام احمد مومن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برازیل)

مورخہ ۵؍مئی ۲۰۲۳ء کو خاکسار (مبلغ سلسلہ) کو برازیل کے شہر Rio de Janeiro کے ساتھ ملحق شہرParacambi کے ایک کالج میں منعقدہ ایک پروگرام میں اسلام کی نمائندگی میں شامل ہونے کا موقع ملا۔ شروع میں اس پروگرام کا انتظام ایک پبلک کالج میں کیا گیا تھا۔ مگر حاضری غیر متوقع طور پر زیادہ ہونے کی وجہ سے اس پروگرام کا انتظام ایک پرائیویٹ کالج میں کیا گیا۔ اس میں طلبہ کے علاوہ اساتذہ اور کچھ مہمانوں نے بھی شرکت کی۔ نیز اس میں شہر کے میئر کے سیکرٹری برائے تعلیم اور دو اور سیکرٹریان نے بھی شرکت کی۔

اسلام کے علاوہ چند دیگر مذاہب کے نمائندگان بھی مدعو تھے۔ شروع میں خاکسارنے اسلام کا تعارف کروایا جس کے بعد طلبہ کو سوالات کا موقع دیا گیا۔حیران کن طور پر سب سے زیادہ سوالات اسلام کے بارے میں پوچھے گئے۔ خاکسار کو تقریباً تیس مختلف قسم کے سوالات تحریراً ملے۔ جن میں سے زیادہ کا تعلق شدت پسندی سے تھا۔ نیز چونکہ خاکسار کی اہلیہ بھی خاکسار کے ساتھ اس پروگرام میں شامل ہوئیں اس لیے کئی سوالات پردے اور لباس کے متعلق بھی پوچھے گئے۔ ان سوالات کےجوابات دیے گئے۔ یہ پروگرام تین گھنٹے تک جاری رہا۔ وقت کی قلت کی وجہ سے بعض سوالات کے جواب نہ دیے جاسکے۔ انتظامیہ کی طرف سے اس بات کا وعدہ کیا گیا کہ دوبارہ جلد اس طرح کا پروگرام منعقد کیا جائے گا تاکہ آپ اسلام کے بارے میں لوگوں کے مزید سوالات کے جواب دے سکیں۔ پروگرام کے اختتام پر خاکسار نے سورۃ الفاتحہ کی تلاوت کی اور اس کا ترجمہ بھی پیش کیا۔ جیسے ہی میں نے تلاوت شروع کی سارا ہال کھڑا ہوگیا۔ اور سب نے تلاوت اور اس کا ترجمہ کھڑے ہو کر اطمینان کے ساتھ سنا۔ تلاوت قرآن کو سب نے بہت پسند کیا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ پروگرام بہت کامیاب رہا۔ اس موقع پر میئر کے سیکرٹری برائے تعلیم نے بعض دوسرے سکولوں میں اس قسم کے پروگرام منعقد کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

(رپورٹ: حافظ احتشام احمد مومن۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button