اطلاعات و اعلانات

اطلاعات واعلانات

درخواستہائے دعا

٭…رانا سلطان احمد خاں صاحب تحریر کرتے ہیں کہ میرا چھوٹا نواسہ عزیزم عبیل احمد درمان ابن مکرم افتخار توقیر احمد صاحب مرحوم آج کل ’’کن پیڑے‘‘ کی وجہ سے بیمار ہے اور بخار بہت تیز ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے کمزوری کافی ہے ۔ احباب جماعت سے خاص دعا کی درخواست ہےکہ اللہ تعالیٰ بچے کو شفائے عاجلہ و کاملہ عطا فرمائے۔ آمین

نیزمکرم رانا عبدالشکور صاحب ابن حضرت چودھری غلام قادر صاحبؓ ساکن کینیڈا کا گذشتہ دنوں کامیاب بائی پاس آپریشن ہوا ہے ۔ احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہےکہ اللہ تعالیٰ انہیں شفائے عاجلہ و کاملہ عطا فرمائےاور ہر ایک پیچیدگی سے محفوظ رکھے۔ آمین

٭…مبارک احمد طاہر صاحب اعلان کرواتے ہیں کہ ذیابیطس کی وجہ سے میرے گردے متاثر ہوئے ہیں۔

احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہےکہ اللہ تعالیٰ شفائے عاجلہ و کاملہ عطا فرمائےاور ہر ایک پیچیدگی اور مشکل سے محفوظ رکھے۔ آمین

اعلاناتِ ولادت

٭…محمد فضل احمد صاحب مربی سلسلہ جڑچرلہ(تلنگانہ) انڈیا سے تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل و کرم سے خاکسار کومورخہ ۱۷؍اپریل ۲۰۲۳ء کوتیسرے بیٹے سے نوازا ہے جس کا نام ’’ایان احمد اکمل‘‘تجویز ہوا ہے اور وقف نو کی بابرکت تحریک میں شامل ہے۔بچہ مکرم محمد سعید احمد مرحوم حیدرآبادی کا پوتا اور مکرم محمد انور احمد صاحب کا نواسہ ہے ۔

احباب سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ نومولود کو نیک صالح ، خادم دین بنائے اور والدین کےلیے آنکھوں کی ٹھنڈک کا موجب ہو۔ آمین

٭…آصف احمد ظفر صاحب یوکے تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے مورخہ ۱۴؍مئی ۲۰۲۳ء بروز اتوار میرے بھتیجے عزیزم مکرم عمیر ظفر بلوچ سیکرٹری امور خارجہ جماعت کیل جرمنی اور ان کی اہلیہ مکرمہ ہانیہ ظفرصاحبہ کو بیٹی عطا فرمائی ہے۔الحمدللہ۔حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے وقف نو کی بابرکت تحریک میں شمولیت کی اجازت مرحمت فرمائی ہے۔ نیز پیارے حضور نے از راہ شفقت ’’ہادیہ ظفر ‘‘ نام کی منظوری عطا فرمائی ہے ۔ بچی مکرم حمیداللہ ظفر صاحب حال جرمنی کی نواسی اور مکرم مبشر ظفر بلوچ صاحب آف جرمنی کی پوتی ہے۔ احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ نومولود کو نیک اورخادمہ دین نیز والدین کے لیے قرۃ العین بنائے اور دینی و دنیاوی حسنات سے ہمیشہ نوازتا رہے۔ آمین

محترم سر افتخار احمد ایاز صاحب کے لیے کنگ چارلس کارونیشن میڈل کا اعزاز

اللہ تعالیٰ کے فضل اور خلافتِ احمدیہ کی برکت سے ڈاکٹر سر افتخار ا حمد ایاز صاحب کو کنگ چارلس کار و نیشن ( تاج پوشی ) میڈل دیا گیا ہے۔ آپ کو یہ میڈل عزت مآب TOFIGA FALANI گورنر جنرل آف طوالو کی طرف سے پیش کیا گیا۔

برطانیہ اور کامن ویلتھ کے سارے ممالک میں ۶؍مئی ۲۰۲۳ء کو شاہ چارلس ثالث کی تاجپوشی کا جشن بہت جوش و خروش سے منایا گیا۔ سر افتخاراحمد ایاز صاحب کے میڈل کے سلسلہ میں ایک دلچسپ بات یہ ہے کہ ۱۹۵۳ء میں ملکہ الزبتھ کا رونیشن میڈل ان کے والد مرحوم و مغفور محترم مختار احمد ایاز صاحب کو ٹانگا نیکا میں دیا گیاتھا اور اب آپ کے بیٹے سر افتخاراحمدا یاز صاحب کو شاہ چارلس ثالث کی کارونیشن (تاج پوشی ) کا میڈل ملا ہے۔آپ کو یہ میڈل برٹش REALMS کے لیے طویل خصوصی خدمات کے لیے دیا گیا ہے۔ آپ یو کے میں اس وقت بحیثیت ایک سینئر ڈپلومیٹ کام کر رہے ہیں۔گذشتہ سال مئی میں آپ کو ملکہ برطانیہ کی پلاٹینم جوبلی کا میڈل دیا گیا تھا ۔ OBE اور KBE کے اعلیٰ اعزازت کے علاوہ آپ کو ملکہ الزبتھ کی طرف سے ’’خدمات انسانیت‘‘ کے اعزاز کے طورپر بھی میڈل دیا گیا تھا۔ ماشاء اللہ دوسرے بہت سے اعزازات اور میڈل بھی مل چکے ہیں۔اللّٰهم زد وبارك

سانحہ ارتحال

٭… محمد افضل ظفر صاحب مربی سلسلہ کینیا تحریر کرتے ہیں کہ نہایت افسوس کے ساتھ یہ اطلاع دی جارہی ہے کہ نیروبی جماعت کے ایک نہایت ہی مخلص ممبر اور دیرینہ خادم مکرم و محترم بشیر احمد بٹ صاحب ۸۸؍سال کی عمر میں ۱۴؍مئی ۲۰۲۳ء بروز اتوار علی الصبح اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔ انا للہ و انا الیہ راجعون

ان کی نماز جنازہ اسی روز ۵؍بجے شام احمدیہ مسجد نیروبی کے احاطے میں مکرم و محترم مولانا طارق محمود ظفر صاحب امیرو مشنری انچارج کینیا نے پڑھائی اور پھر احمدیہ قبرستان نیروبی میں تدفین ہوئی بعد از تدفین مکرم امیر صاحب نے ہی دعا کروائی۔آپ کے جنازہ اور تدفین میں احباب جماعت کے علاوہ بڑی تعداد میں غیر از جماعت افراد بھی شریک ہوئے۔

مکرم بشیر احمد بٹ صاحب ۱۷؍ستمبر ۱۹۳۴ء کو مکرم شیر محمد بٹ صاحب کے ہاں نیروبی میں پیدا ہوئے۔آپ کے والد محترم نیروبی جماعت کے بہت مخلص رکن اورنہایت فعال داعی الی اللہ تھے۔مکرم بشیر احمد بٹ صاحب نے نیروبی میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد ایسٹ افریقن ایئر لائنزمیں ملازمت اختیار کی۔بعدہ آپ نیروبی میں ہی TM کنسٹرکشن کمپنی میں بطور اکاؤنٹنٹ ملازم ہوگئے اور یہیں سے ریٹائرمنٹ لی۔

آپ نے لمبا عرصہ نیروبی جماعت میں بطور سیکرٹری مال نہایت خوش اسلوبی سے خدمات سرانجام دیں۔ خدا تعالیٰ نے آپ کو لحن داؤدی عطا فرمایا تھا لہٰذا آپ تمام لوکل اور نیشنل جلسوں میں منظوم کلام پیش کرنے کی توفیق پاتے۔آپ نماز پنجگانہ اور تہجد کے پابند تھے۔ تمام چندے باقاعدگی سےادا کرتےاور ہمیشہ خلفائے احمدیت کی تحریکات پر لبیک کہتے۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے آپ کے تمام اہل خانہ بھی اپنی اپنی حیثیت سے جماعت کی مختلف خدمات بجا لارہے ہیں۔ آپ نے بیوہ کےعلاوہ ایک بیٹا دو بیٹیاں، ایک پوتے اور ایک پوتی کے علاوہ متعدد نواسے نواسیاں اپنے پسماندگان میں یادگارچھوڑے ہیں۔

احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اورلواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button