حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) اور کے سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کو نیشنل اکاؤنٹبلیٹی بیورو (NAB)نے ۹؍ مئی ۲۰۲۳ء کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطہ سے رینجرز کی مدد سے حراست میں لیا تھا۔وہ اس وقت بائیو میٹرک کروانے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ کے متعلقہ آفس میں موجود تھے۔نیب کے اعلامیے کے مطابق عمران خان پر کرپشن اور کرپٹ پریکٹسز میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔

٭…دو روز بعد سپریم کورٹ پاکستان کے چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نے گرفتار عمران خان کی گرفتاری کو احاطہ عدالت سے غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا حکم دے دیا ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جب ایک شخص کورٹ آف لا میں آتا ہے تو مطلب کورٹ کے سامنے سرنڈر کرتا ہے۔ہم سمجھتے ہیں عمران خان کی گرفتاری غیر قانونی ہے۔چیف جسٹس نے عمران خان کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

٭…عمران خان کی گرفتاری کے بعد پاکستان بھر خصوصاً پنجاب اور کے پی کے میں پُر تشدد مظاہرے پھوٹ پڑے۔ سرکاری اور ملٹری املاک و تنصیبات میں لوٹ مار اور آگ لگانے کے واقعات پیش آئے۔عمران خان کے بعد تحریکِ انصاف کی ٹاپ لیڈرشپ کو بھی گرفتار کر لیا گیا نیز پرتشدد کارروائیوں میں ملوث لوگوں کو بھی گرفتار کیا جا رہا ہے۔اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے ترجمان کے مطابق جلاؤ، گھیراؤ اور پُرتشدد مظاہروں پر اکسانے والوں کی نقضِ امن کے خطرے کے تحت گرفتاریاں ہوئی ہیں۔پاکستان میں متعدد اضلاع میں دفعہ ۱۴۴؍کا نفاذ کیا گیا ہے اور تعلیمی اداروں کو بند کر دیا گیا ہے۔ اور کیمبرج سمیت مقامی بورڈ کے امتحانات منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ نقض امن کے خطرہ کے باعث انٹرنیٹ سروس بھی بند کی گئی ہے۔

٭…اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بھی پاکستان کے موجودہ حالات میں فریقین کو تشدد سے باز رہنے کی اپیل کی تھی اور قانون کی عمل داری، پُرامن اجتماع کے حق کا احترام کرنے پر زور دیا۔

٭…یورپی یونین کا کہنا ہے کہ مشکل اور تناؤ کے ماحول میں تحمل کی ضرورت ہے۔ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے راستے کا تعین پاکستانی عوام ہی کرسکتےہیں۔

٭…برطانیہ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کو پاکستان کا اندرونی معاملہ قرار دے دیا ہے۔ برطانوی وزیر اعظم رشی سونک نے کہا کہ برطانیہ غور سے پاکستان کی صورتِ حال مانیٹر کر رہا ہے۔ برطانیہ پُرامن جمہوری عوامل کو سپورٹ کرتا ہے اور ہم قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں۔

٭…امریکی محکمۂ خارجہ کا کہنا ہے کہ تمام مظاہرین پُرامن طور پر اپنی شکایات کا اظہار کریں۔ حکام بھی جمہوری اصولوں کے مطابق تحمل سے جواب دیں۔ امریکی وزیر خارجہ ٹونی بلنکن نے کہا تھا کہ پاکستان کے حوالے سے رپورٹس دیکھی ہیں، یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں جو بھی ہو قانون اور آئین کے مطابق ہو۔

٭…یوکرینی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین کے دارالحکومت کیف پر روس نے پندرہ کروز میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔ یوکرین کے فضائی دفاعی سسٹم نے تمام روسی کروز میزائل مار گرائے ہیں۔ روسی کروز میزائلوں کے حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔یوکرین کے کئی علاقوں میں ایئر ریڈ کے سائرن بج اٹھے۔ واضح رہے کہ رواں ماہ یوکرین پر روس کا یہ پانچواں حملہ ہے۔

٭…بھارت کی ریاست مدھیا پردیش میں بس پُل سے گر گئی، حادثے میں بائیس افراد ہلاک ہوگئے۔ بس میں چالیس افراد سوار تھے، زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ حادثے میں ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

٭…بھارت کی ریاست منی پور میں نسلی فسادات کے بعد تمام گیارہ اضلاع میں نافذ کرفیو کا نفاذ جاری ہے۔ ڈرونز اور ہیلی کاپٹروں کی مدد سے متاثرہ علاقوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ متاثرہ علاقوں سے تئیس ہزار شہریوں کا انخلا کرایا گیا۔دوسری جانب بھارتی سپریم کورٹ نے منی پور کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی حکومت سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست منی پور میں کشیدہ صورت حال کے باعث ساٹھ افراد ہلاک اور۲۳۱؍ زخمی ہو چکے ہیں، پُرتشدد واقعات میں سترہ سو۱۷۰۰ مندر اور گرجا گھر جلائے گئے۔

٭…پاکستان کے ماہرِ ماحولیات کا کہنا ہے کہ رواں برس مون سون میں بارشوں سے سیلاب آنے کا امکان ہے۔ پندرہ سال بعد موسم تبدیل ہوا ہے، رواں سال موسم کا پیٹرن ۲۰۲۷ء تک رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ گرمی پڑے گی لیکن گرمی کی شدت کم رہے گی، موسم کی تبدیلی کے زرعی اجناس اور فصلوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔جانوروں، پرندوں اور انسانوں پر یہ موسم اثر انداز ہو گا، اس سے پرندوں کی بریڈنگ اور پھلوں کی افزائش کا پیٹرن تبدیل ہو جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ سائنسدانوں کی تحقیق کے مطابق ۲۰۲۸ء میں خشک سالی اور قحط کا امکان ہے۔

٭…بھارتی پنجاب کے شہر امرتسر میں گولڈن ٹیمپل کے قریب ایک ہفتے کے دوران تیسرا دھماکا ہو گیا۔ دھماکے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی وجہ واضح نہیں ہو سکی ہے تاہم علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے اور فرانزک ٹیم دھماکے کے مقام پر موجود ہے۔ پولیس نے پانچ افراد کو گرفتار کیا ہے لیکن مزید تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ہونے والے دو دھماکوں کی وجوہات بھی ابھی تک سامنے نہیں آئی ہیں۔

٭…سربیا میں ایک تیرہ سالہ سکول کے طالبعلم نے دو ہینڈ گنز سے آٹھ طلبہ اور سیکیورٹی گارڈ کو ہلاک کر دیا تھا۔ ملک میں فائرنگ کے پے درپے دو واقعات ہوئے جن میں سترہ افراد ہلاک اور سات زخمی ہوگئے تھے۔ صدر الیگزینڈر ووچچ نے اسلحہ ایمنسٹی سکیم کا اعلان کیا تھا، شہریوں نے دو روز میں تین ہزار سے زائد غیر قانونی ہتھیار حکومت کے حوالے کر دیے ہیں۔

٭…ایران نے دہری شہریت والے ایرانی باشندے حبیب چاب کو دہشتگردی کے جرم میں پھانسی دے دی۔وہ سویڈن کی شہریت بھی رکھتا تھا۔ایرانی عدلیہ کے مطابق حبیب چاب دہشتگرد تنظیم حرکت الاندال کا سربراہ تھا جس پر کئی دہشتگرد حملوں میں ملوث ہونے کا الزام تھا۔ حبیب چاب کو ایرانی فورسز۲۰۲۰ء میں ترکی سے گرفتار کر کے تہران لے آئی تھیں۔ سویڈن کے وزیر خارجہ نے چاب کی پھانسی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت نے ایران سے اس پر عمل نہ کرنے کی درخواست کی تھی۔

٭…کینیڈا نے مبینہ طور پر اندرونی معاملات میں مداخلت اور قانون ساز ممبر کو نشانہ بنانے کے الزام میں ایک چینی سفارتکار کو ملک بدر کر دیا۔ کینیڈا نے ٹورنٹو میں مقیم چینی سفارت کار ژاؤ وی کو ایک انٹیلی جنس رپورٹ کے بعد ملک بدر کیا۔چینی سفارتکار ژاؤ وی نے چین کی پالیسیز پر تنقید کرنے والے کینیڈا کے قانون ساز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔کینیڈا کی وزیر خارجہ میلانیا جولی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم اپنے اندرونی معاملات میں کسی بھی قسم کی غیر ملکی مداخلت کو برداشت نہیں کریں گے۔دوسری جانب چینی حکومت نے کینیڈا کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اپنے سفارت کار کو ملک بدر کرنے پر مذمت کی ہے۔

٭…انگلش پریمیئر لیگ ( ای پی ایل ) میں نوٹنگھم فاریسٹ نے ساؤتھمپٹن کوشکست دے دی۔ نوٹنگھم فاریسٹ نے ساؤتھمپٹن کو سخت مقابلے کے بعد ۴-۳ گول سے ہرایا، تائیو اوونی نے دو جبکہ مورگن گبز وائٹ اور ڈینیلو نے ایک ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

٭…بیلاروس کی ارینا سبلینکا نے شاندار کارکردگی کی بدولت دوسری بار میڈرڈ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔ڈبلیو ٹی اے کے زیر اہتمام سپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں کھیلے گئے ویمن سنگلز مقابلوں کے فائنل میں عالمی نمبر دو بیلاروس کی ارینا سبلینکا نے عالمی نمبر ایک پولینڈ کی ایگا شیوٹک کے خلاف دلچسپ مقابلے کے بعد ۶-۳ ، ۳-۶ اور ۶-۳سے کامیابی حاصل کر کے ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔واضح رہے کہ یہ ان کے کیریئر کا تیرھواں ٹائٹل ہے اس سے قبل ارینا سبلینکا رواں سال آسٹریلین اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہیں۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button