نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازِ جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 20؍اپریل 2023ء بروز جمعرات بارہ بجے بعد دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرم عبدالرحمٰن بٹ صاحب (یوکے) ابن مکرم فقیر محمد خان صاحب آف کڑیانوالہ گجرات کی نمازِ جنازہ حاضر اور سات مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

مکرم عبد الرحمٰن بٹ صاحب (یوکے) ابن مکرم فقیر محمد خان صاحب آف کڑیانوالہ گجرات

14؍اپریل 2023ء کو94 سال کی عُمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم حضرت محمد بخش صاحبؓ رئیس کڑیانوالہ صحابی حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کے بھتیجے تھے۔ جن کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اپنی نظم ’’اک نہ اک دن پیش ہو گا تو فنا کے سامنے‘‘ لکھ کر دی تھی۔ آپ 1974ء میں مع فیملی نیروبی سے انگلستان آئے اور مسجد فضل کے قریب گھر لیا تاکہ اپنا اور بچوں کا مسجد سے مضبوط تعلق قائم رکھیں۔ پنجوقتہ نما زوں کےلیے مسجد میں آتے تو ہمیشہ پہلی صف میں بیٹھتے تھے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد خود کو جماعت کی خدمت کےلیے پیش کیا اور تا دمِ آخر دفتر پرائیویٹ سیکرٹری میں رضاکارانہ خدمت بجالاتے رہے۔مرحوم نما ز اور روزہ کے پابند، خود دار طبیعت کے مالک، بہت نیک، دیندار اور مخلص بزرگ تھے۔خلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کا گہرا تعلق تھا۔ پسماندگان میں تین بیٹے اور دو بیٹیاں اور کئی پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔ان کی بڑی بیٹی محترمہ ڈاکٹر ریحانہ صاحبہ کو حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ اور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس اید ہ اللہ تعالیٰ کی فیملی ڈاکٹر ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ اسی طرح ان کے داماد مکرم ڈاکٹر طارق انور باجوہ صاحب بھی حضور انور کے معالج رہے۔ آج کل انہیں جماعت یوکے میں بطور نیشنل سیکرٹری تحریک جدید خدمت کی توفیق مِل رہی ہے۔

نماز جنازہ غائب

۱۔مکرم رانا عزیز اللہ خان صاحب (مربی سلسلہ۔ربوہ)

28؍مارچ 2023ء کو 61سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے دادا مکرم چودھری برکت علی صاحب نے 1897ء میں راہوں ضلع جالندھر میں احمدیت قبول کی۔ مرحوم نے 1988ء میں جامعہ احمدیہ ربوہ سے مبشر کی ڈگری حاصل کی اور 1996ء تک نظارت اصلاح وارشاد مقامی کے تحت مختلف اضلاع میں خدمت کی توفیق پائی۔1996ء سے 1999ء تک نظارت دعوت الی اللہ میں رہے۔ 1999ء سے 2020ء تک تقریباً 21سال وکالت وقف نو تحریک جدید میں خدمت بجالاتے رہے۔ نومبر 2020ء سے اکتوبر 2022ء تک نظارت اصلاح و ارشاد مرکزیہ میں خدمت سرانجام دینے کے بعد اکتوبر2022ء میں بوجہ بیماری ریٹائر ہوئے۔ مرحوم اللہ کے فضل سے موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

۲۔مکرم محمد سلیم ظفر صاحب ابن مکرم نور احمد صاحب (بریڈ فورڈ۔یوکے)

28؍مارچ 2023ءکو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے دادا حضرت دولت خان صاحب رضی اللہ عنہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی تھے۔مرحوم نے اپنی ساری زندگی نیکی اور تقویٰ کے اصولوں پر احمدیت کے ساتھ اخلاص و وفا میں گزاری۔آپ نےبطور منتظم اشاعت فیکٹری ایریا شاہدرہ لاہور کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔

۳۔مکرمہ صدیقہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم مشتاق احمد چیمہ صاحب(ربوہ)

2؍مارچ 2023ء کو 94سال کی عمر میں وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت مولوی غلام محمد گوندل صاحب رضی اللہ عنہ کی بیٹی اور مکرم محمود احمد مبشر صاحب درویش قادیان کی بہن تھیں۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، تہجد گزار، ایک نیک،پاکباز اور مستجاب الدعوات بزرگ خاتون تھیں۔کم وبیش 52سال تک گوٹھ غلام محمد چیمہ ضلع خیر پور سندھ کی صدر لجنہ رہیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔آپ مکرم بشارت احمد چیمہ صاحب (رضاکار کارکن دفتر پرائیویٹ سیکرٹری یوکے ) کی ساس اور مکرم صباحت احمد چیمہ صاحب( مربی سلسلہ وکالت تصنیف یوکے) کی نانی اور مکرم شاہد احمد چیمہ صاحب (مربی سلسلہ دفتر پرائیویٹ سیکرٹری یوکے) کی دادی تھیں۔

۴۔مکرم شیخ مطیع الرحمٰن صاحب (ڈنمارک)

30؍دسمبر 2022ء کو 88سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ حضرت منشی حبیب الرحمٰن صاحب رضی اللہ عنہ رئیس کپور تھلہ کے پوتے اور حضرت منشی محبوب عالم صاحب رضی اللہ عنہ کے نواسے تھے۔ آپ 70کی دہائی میں ڈنمارک میں آباد ہوئے۔کچھ عرصہ صدر حلقہ رہے۔آپ خوش مزاج، ملنسار، مہمان نواز، صوم و صلوٰۃ کے پابندایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ پسماندگان میں دو بیٹے شامل ہیں۔

۵۔مکرمہ امۃ الباسط صاحبہ اہلیہ مکرم ملک محمد حنیف صاحب (خادم مسجد بیت الرحمٰن والنسیاسپن)

28؍دسمبر 2022ء کو 62 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ کے دادا مکرم احمد دین صاحب 313 درویشان قادیان میں شامل تھے۔ پنجوقتہ نمازوں کی پابند، چندہ جات بروقت ادا کرنے والی، خلافت سے پختہ تعلق رکھنے والی ایک مخلص خاتون تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

۶۔مکرم بشیر احمد منیر صاحب ابن مکرم عمر دین صاحب (لاہور)

4؍دسمبر 2022ء کو 84سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے حلقہ سلطان پورہ میں آڈیٹر کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔مرحوم بڑے مخلص، باوفا اور خلافت سے عقیدت و محبت کا تعلق رکھنے والے نیک انسان تھے۔

7۔عزیزم نبیل احمد ابن مکرم جنید احمد صاحب (ملائیشیا)

2؍فروری 2023ء کو سوئمنگ پول میں گرنے کی وجہ سے بقضائے الٰہی3سال 11ماہ کی عمر میں وفات پاگیا۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ عزیز تحریک وقف نو میں شامل تھا۔

٭…٭…٭

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 26؍اپریل 2023ء بروز بدھ بارہ بجے بعد دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرم محمد سلیم صاحب (ربوہ حال یوکے) کی نمازِ جنازہ حاضر اور آٹھ مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

مکرم محمد سلیم صاحب (ربوہ حال یوکے)

23؍اپریل 2023ء کو90 سال کی عُمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم ۱۵-۱۶ سال کی عُمر میں انڈیا سے ہجرت کر کے پاکستان آ ئے اور ننکانہ صاحب میں رہائش پذیر ہوئے اور وہاں قائد مجلس خدام الاحمدیہ کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔اس دوران مخالفین نے آپ کو جھوٹے مقدمات میں ملوث کیا لیکن حضرت مصلح موعود ؓکی دُعا ؤں اور شفقت سے باعزت بری ہوئے اور پھر حضورؓ کی ہدایت پر ربوہ شِفٹ ہوگئے اور وہاں کاروبار شروع کیا۔ کچھ عرصہ بعد مرحوم نے تحریک جدید میں ملازمت اختیار کر لی اور بیرونی ممالک میں مقیم واقفین زندگی کے گھروں میں ضروریات زندگی پہنچانے کا فریضہ کئی سال تک بخوبی سرانجام دیتے رہے۔مرحوم نما ز اور روزہ کے پابند، لوگوں کی ساتھ انتہائی پیار و محبت سے ملنے والے، خوش گفتار، دھیمے مزاج کے مالک، خلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کا تعلق رکھنے والے، بہت نیک، مخلص اور دیندار انسان تھے۔ مرحوم اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے۔ پسماندگان میں 6بیٹے اور 5 بیٹیاں اور بہت سے پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔

نماز جنازہ غائب

۱۔مکرمہ ثریا بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم امتیاز احمد کنگ صاحب (جرمنی)

25؍ فروری 2023ء کو 64 سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ صوم و صلوٰۃ اور تلاوت قرآن کریم کی پابند، تہجد گزار، مہمان نواز، ضرورت مندوں کا خیال رکھنے والی، صائب الرائے، سچی خوابیں دیکھنے والی، صابرہ وشاکرہ اور دعا گو خاتون تھیں۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب اور جماعتی کتب زیر مطالعہ رکھتیں۔ بچوں کو قرآن کریم بھی پڑھاتی رہیں۔ خطبہ جمعہ باقاعدگی سے سنتیں۔ خلافت سے نہایت اخلاص اور کامل فرمانبرداری کا تعلق تھا۔ مالی قربانی کا بہت شوق رکھتیں اور اس کے لیے اپنے زیورات بھی پیش کرتی تھیں۔ بچوں کی تربیت کا بہت خیال رکھتی تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ دو بیٹےاورتین بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ مکرم افتخار احمد کنگ صاحب ( مربی سلسلہ) کی والدہ تھیں جو آج کل جرمنی کے شعبہ آرکائیو اینڈ ریسرچ میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔ آپ کے ایک داماد مکرم مستجاب قاسم صاحب بھی مربی سلسلہ ہیں۔

۲۔ مکرم بریگیڈئیر (ریٹائرڈ) عبدالغفور احسان صاحب(کینیڈا)

13؍مارچ 2023ء کو 75 سال کی عمر میں کینیڈا میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم سانحہ لاہور کے موقع پراپنے بچوں کے ہمراہ مسجد دارالذکر میں موجود تھے۔ اس سانحہ میں آپ کے بیٹے مکرم انعام اللہ احسان صاحب شدید زخمی ہوئے۔ مرحوم کتب حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور دیگر کتبِ سلسلہ بہت شوق سے پڑھتے تھے۔1971ء کی پاک بھارت جنگ کے دوران ظفر وال سیکٹر میں بطور کمپنی کمانڈر بڑی بہادری سے لڑے۔ 1974ء میں فوج چھوڑنا چاہی تو حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ تعالیٰ کے ارشاد پر اپنا ارادہ ترک کر دیا اور پھر بریگیڈئیر کے عہدے تک ترقی پائی۔ ساری زندگی جماعت سے بہت مضبوط تعلق رکھا اور ہمیشہ مختلف جماعتی خدمتوں میں مصروف رہے۔ چنانچہ صدر حلقہ لالہ زار راولپنڈی اور سیکرٹری اصلاح و ارشاد اورسیکرٹری دعوت الی اللہ راولپنڈی کے علاوہ ناظم اعلیٰ مجلس انصار اللہ علاقہ لاہور کے طور پر خدمت کی توفیق پائی اور کینیڈا آنے پر لوکل نائب امیر ٹورانٹو و یسٹ اور سیکرٹری امور خارجہ کے طور پر خدمت بجالاتے رہے۔ خلافت اور جماعت سے بہت اخلاص کا تعلق تھا اوراس تعلق کے اظہار میں ہمیشہ بہت نڈر رہے۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور پانچ بیٹیاں شامل ہیں۔

۳۔مکرمہ رشیدہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم محمد عبد اللہ صاحب (ٹیلر ماسٹر۔ربوہ)

یکم فروری 2023ء کو 92سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے سسر حضرت میاں احمد دین صاحب رضی اللہ عنہ اور ساس حضرت صوباں بیگم صاحبہ رضی اللہ عنہا حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ میں سے تھے۔مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، تہجد گزار، بہت خوش اخلاق، ملنسار، مہمان نواز، صدقہ وخیرات کرنے والی،دعا گو، متوکل علی اللہ،ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ روزانہ باقاعدگی سے قرآن کریم کی تلاوت کرتی تھیں اور رمضان میں قرآن کریم کے کم ازکم تین دور مکمل کرتی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں تین بیٹے اور چار بیٹیاں شامل ہیں۔آپ مکرم ضیاء اللہ مبشر صاحب(مربی سلسلہ)کی والدہ تھیں۔آپ کے دونواسے مکرم واصف شہزاد صاحب (مربی سلسلہ مالی،افریقہ)اورمکرم فاتح احمد صاحب کو بھی بطور مربی سلسلہ خدمت کی توفیق مل رہی ہے ہیں۔ایک نواسی مکرم راجہ برہان احمد صاحب(مربی سلسلہ واستاد جامعہ احمدیہ یوکے)سے بیاہی ہوئی ہیں۔اس کے علاوہ تین پوتیاں اور ایک پڑنواسی بھی مربیان کے ساتھ بیاہی ہوئی ہیں۔

۴۔مکرمہ منیرہ سلطان صاحبہ اہلیہ مکرم پروفیسر (ریٹائرڈ) سلطان احمد چودھری صاحب (امریکہ)

4؍مارچ 2023ء کو 67سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے دادا مکرم چودھری فیض بخش صاحب کو حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ کے دور خلافت میں احمدیت قبول کرنے کی توفیق ملی۔مرحومہ نماز وں کی پابند، چندوں میں باقاعدہ،بہت ہنس مکھ، مہمان نواز، غریب پرور اور سلسلہ سے انتہائی عقیدت رکھنے والی ایک نیک خاتون تھیں۔ ایثار، قربانی اور خدمت کا جذبہ بہت نمایاں تھا۔ لجنہ میں کسی نہ کسی رنگ میں خدمت کی توفیق پاتی رہیں۔دعوت الی اللہ کا بہت شوق تھا۔مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

۵۔مکرمہ شریفاں بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم چودھری محمد رفیق صاحب(دارالبرکات ربوہ )

14؍دسمبر 2022ء کو88 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، چندوں میں باقاعدہ،خلافت سے پختہ تعلق رکھنے والی اور نیک کاموں میں بہت تعاون کرنے والی ایک مخلص خاتون تھیں۔لجنہ میں کافی عرصہ گروپ لیڈر کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ آپ مکرم کلیم احمد طاہر صاحب کی والدہ تھیں۔

۶۔مکرم بشارت احمد صاحب ملہی (ربوہ )

3؍مارچ 2023ء کو77سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم صوم و صلوٰۃ کے پابند، بہت نیک مخلص اور باوفا انسان تھے۔آپ نے صدر جماعت 43 جنوبی سرگودھا کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔مرحوم موصی تھے۔

۷۔مکرمہ ریشم بی بی صاحبہ اہلیہ مکرم منظور احمد صاحب(پنڈ بیگووال ضلع اسلام آباد)

15؍جنوری 2023ء کو83سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ نے مقامی سطح پر تیس سال بطور صدر لجنہ خدمت کی توفیق پائی۔صوم وصلوٰۃ کی پابند، غریبوں کا خیال رکھنے والی، جماعتی تحریکات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والی، ایم ٹی اے کی شیدائی،ایک مخلص اور باوفا خاتون تھیں۔ صبح و شام قرآن کریم کی تلاوت کیا کرتی تھیں۔آپ نے پنڈ بیگووال میں مربی ہاؤس کی تعمیر کے لیے زمین پیش کرنے کی بھی توفیق پائی۔

۸۔مکرمہ نصرت حئی صاحبہ ( جرمنی)

11؍اکتوبر 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ جماعتی اور تنظیمی پروگراموں میں شوق سے شامل ہوتی تھیں اور چندوں میں باقاعدہ تھیں۔پیشہ کے لحاظ سے جج تھیں۔آپ جرمنی جماعت کے پہلے مبلغ مکرم چودھری عبد اللطیف صاحب کی نواسی تھیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔

اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button