امریکہ (رپورٹس)

برازیل کے شہر ریو دی جنیرو کے کونسل ہاؤس میں ایک پروگرام میں شرکت

(حافظ احتشام احمد مومن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برازیل)

برازیل میں ۱۸۸۸ء میں غلامی کو ختم کر دیا گیا تھا۔ اس سے پہلے برازیل میں افریقہ سے بہت سے غلام لائے گئے جن میں سے اکثر مسلمان تھے۔ چنانچہ برازیل میں ان غلاموں کی طرف سے آزادی کی کئی تحریکیں جاری کی گئیں۔ انہی تحریکوں میں سے سب سےمشہور و معروف تحریک مسلمان غلاموں کی طرف سے شروع ہوئی۔ اس تحریک کو Revolta dos Males کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ یہ تحریک رمضان کے مہینہ میں شروع کی گئی تھی۔ مگر اس کو اس وقت کے اقتداری حلقوں نے ناکام بنا دیا اور ان میں سے اس تحریک میں شامل ہونے والے کئی اراکین کو مار دیا گیا اور باقیوں کو کڑی سزائیں دی گئیں۔

اس ماہ رمضان میں اس آزادی کی جنگ کو منانے کےلیے افریقن مسلمانوں کی طرف سے کونسل ہاؤس میں ایک پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام میں مختلف سیاسی طبقہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی۔ نیز دوسرے مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی اس میں مدعو کیا گیا تھا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سےاس تقریب میں خاکسار کو اسلام کی نمائندگی میں دعوت دی گئی اور غلامی کے بارے میں اسلام کی تعلیمات پیش کرنے کو کہا گیا۔ چنانچہ خاکسار نے اس پروگرام میں شرکت کی اور اسلام سے پہلے کی غلامی کا جائزہ پیش کیا اور بتایا کہ اسلام نے کس طرح غلامی کو ختم کرنے کےلیے پائدار اور دُور رَس اقدامات کیے۔ نیز نبی کریم ﷺ کی زندگی کے واقعات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اس تعلیم کو نہ صرف دنیا کے سامنے پیش کیا گیا بلکہ اس پر عمل کر کے بھی دکھایا گیا۔ اور جسمانی غلامی کے ساتھ ساتھ ذہنی غلامی کو بھی ختم کرنے کی کوشش کی گئی تاکہ معاشرہ میں رواداری اور حقیقی آزادی کو قائم کیا جا سکے۔اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ پروگرام نہایت کامیاب رہا جس میں شہر کے میئر کی طرف سے نیز ایک کونسلر کی طرف سے نمائندگان نے شرکت کی ۔

احباب جماعت سے دعا کی عاجزانہ درخواست ہے کہ یہ قوم اللہ تعالیٰ کے پیارے نبیؐ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے حقیقی مذہب اسلام کو قبول کرنے والی ہو۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button