یورپ (رپورٹس)

مالٹا میں تبلیغی عید ملن پروگرام

(لئیق احمد عاطف۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل مالٹا)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ مالٹا کو عیدالفطر کے اگلے روز مورخہ ۲۳؍اپریل ۲۰۲۳ء بروز اتوارتبلیغی عید ملن پروگرام کے انعقاد کی توفیق ملی۔ اس خوشی کے موقع پر بزرگ شہریوں کی ایک تنظیم Grandparents Malta کے پچاس ممبران کو دعوت دی گئی۔ احمدیہ سینٹر پر تمام انتظامات کیے گئے اور دو احمدی گھرانوں کے تعاون سے لذیذ پکوان تیار کیے گئے۔

پروگرام کاباقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم مع انگریزی ترجمہ سے ہوا۔ بعد ازاں اس تنظیم کے صدر مکرم Philip Chircopصاحب نےمختصر تقریر کی اور نہایت ہی عمدہ الفاظ میں جماعت کا ذکر کیا، جماعتی خدمات کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد خاکسار (مبلغ سلسلہ و صدر جماعت) نے مالٹی زبان میں عیدالفطر اور رمضان المبارک کے بارہ میں مختصر تقریر کرنے کی توفیق پائی۔ اس کے بعد جماعت احمدیہ مسلمہ کے تعارف اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دورہ جات اور خطابات پر مبنی ڈاکومنٹری One Community One Leaderدکھائی گئی جسے حاضرین نے بہت پسند کیا اور جماعتی خدمات کو بہت سراہا۔ پروگرام کی میزبانی کی سعادت برادرم حافظ وقاص احمد صاحب کو ملی۔ پروگرام کے بعد مہمانوں کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ ظہرانہ کے بعد بعض مہمانوں نے اپنے تاثرات اور ذاتی تجربات بیان کیے اور جماعت کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کیا اور تقریباً ایک گھنٹہ تک سوال وجواب کا سلسلہ جاری رہا۔

ایک مہمان نے بیان کیا کہ جو ڈاکومنٹری دکھائی گئی ہے وہ دل میں اترنے والی اور فکر انگیز تھی۔ جماعت احمدیہ کےامام، عزت مآب خلیفہ وقت کا امن و سلامتی اور اخوت وبھائی چارہ کا پیغام حقیقی امن کے قیام کی ایک لازوال کوشش ہے۔ آپ کے الفاظ کی گہرائی اور آپ کی انسانیت کے لیے ہمدری قیام امن کے لیے آپ کے visionکی عکاس ہے۔

ایک مہمان خاتون کہنے لگیں کہ محبت وبھائی چارہ اور دوستی ہر قسم کی قیود سے بالا ہوتے ہیں اور جماعت احمدیہ کی طرف سے اس کا عملی نمونہ بہت ہی متاثر کن اور اس مادی دور میں امید کی کرن ہے۔ اس تنظیم کے صدر محترم کہنے لگے کہ ۲۰۱۹ء میں جماعت احمدیہ نے نئے سال کے موقع پر ضرورتمند اور بزرگ شہریوں کے لیے New Year Lunch اور ۲۰۲۰ءاور ۲۰۲۱ء میں ان کے لیے تحائف پیش کیے تھے۔ کہنے لگے میں نہایت ایمانداری سے یہ بات کہنا چاہتا ہوں کہ مجھے جماعت احمدیہ کے ساتھ دوستی پر بہت فخر ہے۔ اور میں آپ کی خدمت دین اور خدمت انسانیت سے بہت متاثر ہوں۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button