اطلاعات و اعلانات

اطلاعات و اعلانات

درخواست دعا

٭… رانا سلطان احمد خاںصاحب تحریر کرتے ہیں کہ مکرم رانا عبدالشکور صاحب ابن حضرت چودھری غلام قادر صاحب ؓ کی ۲؍مئی کو کینیڈا میں اوپن ہارٹ سرجری متوقع ہے۔

احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ آپریشن کامیاب فرما دے اور ہر ایک پیچیدگی سے بچاتے ہوئے صحت و تندرستی والی دراز عمر سے نوازے۔ آمین

سانحہ ارتحال

٭… امتیاز احمد شاہین صاحب مربی سلسلہ جرمنی تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے خالو اور سسر محترم ناصر احمد باجوہ صاحب مورخہ ۱۱؍اپریل ۲۰۲۳ءکو ۸۲؍سال کی عمر میں ہمبرگ ، جرمنی میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون

مرحوم اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے۔تدفین مورخہ۱۶؍ اپریل ۲۰۲۳ء کو بہشتی مقبرہ ربوہ میں ہوئی ۔

مرحوم محکمہ تعلیم پاکستان سے سروس چھوڑ کر نصرت جہاں سکیم کے تحت نائجیریا چلے گئےتھےاور وہاں تقریباً سات سال بطور استاد کام کیا۔ باوجود تنگ حالات کے قربانی کی روح کے ساتھ احسن طریق پر انہوں نے نائجیریا میں وقت گزارا۔ وہاں سے واپس آکر جرمنی کے شہر ہمبرگ میں رہائش اختیار کرلی۔ یہاں بھی متواتر جماعتی خدمات کی توفیق ملی۔ تیس سال سے زائد عرصہ مختلف حلقہ جات میں بطور صدر جماعت خدمات سرانجام دینے کی توفیق ملی۔

مقامی طور پر مجلس انصاراللہ میں بھی خدمات سر انجام دیں۔ لمبا عرصہ لوکل سیکرٹری تربیت کی خدمات بھی سر انجام دیں۔ گذشتہ تقریباً دس سال سے لوکل امارت ہمبرگ میں بطور سیکرٹری رشتہ ناطہ کی خدمات کی توفیق مل رہی تھی۔ مرحوم خلافت سے اخلاص و محبت کا تعلق رکھتے تھے۔ نہایت ملنسار تھے۔ بہت ساری خوبیوں کے مالک تھے۔ خاکسار نے انہیں ہمیشہ دوسروں کی ہمدردی اور مدد میں کوشاں پایا ۔ ہمیشہ اسی کوشش میں رہتے کہ دوسروں کی بھلائی ہو، احباب جماعت کے بچوں کے مناسب رشتے ہو جائیں، عائلی جھگڑوں میں صلح کروانے کوشش کرتے رہتے۔ کبھی کسی سے اُونچی آواز میں یا دُکھ پہنچانے والی بات کرتے نہیں سنا۔ مالی قربانی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے تھے۔ ہمیشہ دین کو دنیا پر مقدم رکھتے تھے ۔

مرحوم نے پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ دو بیٹیاں اور ایک بیٹا عزیزم راشد احمد باجوہ نیز دو نواسے ایک نواسی اور ایک پوتا یادگارچھوڑے ہیں۔اسی طرح پانچ بہنیں اور دو بھائی لواحقین میں شامل ہیں۔

احباب جماعت سے درخواست دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کے ساتھ مغفرت کا سلوک فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button