یورپ (رپورٹس)

مجلس انصار اللہ بیت الاحسان ریجن،برطانیہ کے زیر اہتمام افطار پروگرام میں بین المذاہب نمائندگان کی شرکت

(لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برطانیہ)

سیّد طارق وقار صاحب نائب قائد تبلیغ مجلس انصار اللہ یوکے لکھتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کےفضل و کرم سےمجلس انصار اللہ بیت الاحسان ریجن نے مورخہ ۲؍اپریل ۲۰۲۳ء بروز اتوار بیت الاحسان مچم میں بین المذاہب افطار کا انعقاد کیا۔

ریجن کی لجنہ اِماء اللہ نے بھی ایک علیحدہ نشست منعقد کی اور بعد ازاں اختتامی تقریر میں شمولیت کے لیےمردانہ ہال سے اُنہیں آڈیولنکس فراہم کیے گئے۔

اس پروگرام میں کُل حاضری۱۲۵؍ رہی جس میں دیگر مذاہب اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ اراکین پارلیمنٹ، میئرز اور کونسلرز کی تعداد ساٹھ تھی۔

رُکنِ خصوصی مجلس انصار اللہ یوکے ڈاکٹر سَر افتخار احمد ایاز صاحب کی زیر صدارت تقریب کا آغاز شام ساڑھے چھ بجے تلاوت قرآن کریم اور اُس کے ترجمہ سے ہوا۔ صدر اجلاس نے جماعت احمدیہ اور اُس کی ذیلی تنظیموں کا مختصر تعارف پیش کیا۔ریجنل ناظم اعلیٰ صاحب نے استقبالیہ تقریر میں تمام شرکائے تقریب کو خوش آمدید کہا جبکہ ناصر بٹ صاحب نےتمام مقررین کا تعارف کروایا اور اُنہیں اظہار خیال کی دعوت دی۔

محترمہ جان ہنری صاحبہ میئر کونسلر مرٹن نے تقریب میں شمولیت کے لیے مدعو کرنے پر شکریہ ادا کرنے کے بعدمجلس انصار اللہ یو کے کی انسانیت کےلیےکی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انصار اللہ کی چیریٹی واک برائے امن اوردیگرفلاحی کاموں کا تذکرہ کیا۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ ایسٹر سے پہلے lent کے روزے بھی رکھتی ہیں۔

کونسلرمحترمہ ٹِرش فائی وےمیئرسٹن نے کہا کہ اس تقریب میں شامل ہونا میرے لیے ایک اعزاز ہے اور مجھے خوشی ہے کہ مجلس انصاراللہ نے مجھ سمیت دیگر مہمانوں کو بھی مسجد میں آنےکی دعوت دے کر کمیونٹی کےمختلف افراد کو آپس میں روابط بہتر بنانے اور ایک دوسرے کے عقیدے کو سمجھنے کا موقع فراہم کیا۔

عدیل شاہ صاحب مربی سلسلہ اور ٹاؤن کونسلرنے مسلمانوں کے لیےرمضان المبارک کے بابرکت مہینے کی اہمیت کو انتہائی خوبصوتی سے اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم صبح سے شام تک بھوکے رہتے ہیں تو اس سے ہمیں احساس ہوتا ہے کہ اگر ایک شخص ایک دن میں ایک سے زیادہ کھانے سے لطف اندوز نہیں ہوتا تو وہ کیسا محسوس کرتا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک وہ مہینہ ہے جس میں ہم عبادات کے ذریعہ خدا تعالیٰ سے روحانی تعلق بھی بڑھا سکتے ہیں۔

کونسلرمکرم یوگن یوگناتھن صاحب میئرکنگسٹن نے کہا کہ ہم سب کواپنے اختلافات بھلا کرانسانیت کی بھلائی کےلیے مشترکہ بنیادوں پر کام کرنا چاہیے۔

مکرم ایلیٹ کولبرن صاحب ایم پی برائے کارشلٹن اینڈ والنگٹن نے تقریب میں شمولیت کی دعوت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ احمدیہ مسلم کمیونٹی کے آل پارٹی پارلیمانی گروپ کے وائس چیئربھی ہیں اورپاکستان اور بنگلہ دیش میں احمدیوں پر ہونے والے ظلم و ستم کا برطانوی حکومت کے ساتھ ہمیشہ ہر ممکن موقع پرذکر کرتے رہتے ہیں۔اُنہوں نےوزیر برائے انسانی حقوق کی طرف سے یہ یقین دہانی بھی کروائی کہ بنگلہ دیش میں احمدیوں پرحالیہ حملوں کے لیے بھی بنگلہ دیشی حکومت کی توجہ کروائی گئی ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ وہ مسلمانوں کے لیے رمضان کی اہمیت سے آگاہ ہیں کہ رمضان کا مطلب روزہ رکھنے سے کہیں زیادہ ہے۔

ڈاکٹر سَر افتخار احمد ایاز صاحب نے اختتامی تقریر میں امام جماعت احمدیہ حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی جانب سے دنیا بھر میں امن کے لیے کی جانے والی کاوشوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے امام نہ صرف خود امن کے سب سے بڑے علمبردار اور پیامبر ہیں بلکہ اُنہوں نے دنیا کے لیڈران کو جنگ کے خطرات اور اُس کے نقصانات سے آگاہ کرتے ہوئے جنگ کو ہر ممکن طریق سےروکنے کی کوششوں پر زور دیا ہے۔معزز مقرر نے رمضان المبارک کے مہینے کی اہمیت بتاتے ہوئے روزوں کے فوائدکا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ روزہ اسلام میں کوئی نئی بات نہیں ہے بلکہ یہ مذاہب کی ابتدا سے ہےاوراسلام سے پہلے بھی لوگ مختلف طریق پر روزے رکھتے تھے۔

آخر میں صدر اجلاس نے اجتماعی دعاکروائی اور یہ خوبصورت اور کامیاب تقریب اختتام پذیر ہوئی جس کے بعدافطاری کی گئی۔ بعد ازاں نماز مغرب کے بعد شرکائے تقریب کی خدمت میں رات کا پُرتکلف کھانا پیش کیا گیا۔اس دوران مہمانوں نےآپس میں مختلف اُمور بالخصوص پاکستان، بنگلہ دیش اور برکینا فاسو میں احمدیوں پر ہونے والے ظلم و ستم کے حوالے سےاپنے اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔

اس پروگرام میں شرکت کرنے والے دیگرمعززین میں کونسلر مکرم کولن اسٹیئرزصاحب ڈپٹی میئر سٹن ،محترمہ سارو یوگناتھن صاحبہ میئر کنگسٹن ، کونسلرمکرم بوبی ڈین صاحب ایم پی کارشلٹن اینڈوالنگٹن ، کونسلرمحترمہ جیما منڈے سینٹ ہیلیئر ایسٹ سٹن،کونسلر محترمہ سنیتا گورڈن صاحبہ والنگٹن نارتھ،کونسلر مکرم کرسٹوفر وولمرصاحب سٹن ویسٹ اینڈایسٹ چیم، کونسلر مکرم ایڈ پارسلے صاحب سٹن سینٹرل،محترمہ کرسٹین لنڈسےصاحبہ(ایم بی ای) چیئرمیئر چیریٹی کمیٹی،کونسلرمکرم پرم نندھاصاحب نارتھ چیم، کونسلر مکرم راجر تھیسٹلصاحب لِب ڈیم کمپین آفیسر،کونسلر مکرم رچرڈ کلفٹن صاحب سٹن ساؤتھ،کونسلرمحترمہ شیلا بیری صاحبہ سینٹ ہیلیئر ویسٹ،کونسلرمکرم اسامہ کاویسا صاحب کرکٹ گرین مرٹن اور سابق کونسلرمکرم نالی پٹیل صاحب سٹن بھی شامل تھے ۔

اللہ تعالیٰ بہترین انتظامات کے ساتھ اس تقریب کو کامیاب بنانے والے رضاکاران کو جزائے خیر عطا فرمائے اور ہماری ادنیٰ کاوش کو قبول فرمائے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button