اطلاعات و اعلانات

اطلاعات و اعلانات

درخواستہائے دعا

٭…عتیق احمدصاحب لاہور تحریر کرتےہیں کہ خاکسار کی بھاوج محترمہ بلقیس توفیق صاحبہ اہلیہ توفیق احمد صاحب بعارضہ قلب چند دن سے زیادہ تکلیف میں ہیں اور لیٹنا بھی مشکل ہے۔ ٹانگوں پر ورم (سوجن) بھی آرہی ہےجس کا حل اب ڈاکٹروں نے ٹرانسپلانٹ کروانا ہی بتایاہے۔ ان کی کامل صحت یابی کے لیے احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہےکہ اللہ تعالیٰ معجزانہ طور پر شفا عطا فرمادے۔ آمین

٭…مسعود احمدطاہرصاحب گیمبیا سےتحریر کرتے ہیں کہ محمد عامر ندیم صاحب واقف زندگی ٹیچر گیمبیا مغربی افریقہ کا بیٹا عزیزم خاقان احمد نور عمر ۱۲؍سال گذشتہ دس دن سے شدید بیمار ہے اور چار دن سے فضل عمر ہسپتال ربوہ میں داخل ہے۔لوز موشن ہیں۔بخار ۱۰۴ ہے جو کہ کم نہیں ہورہا۔ساتھ انفیکشن بھی ہوگیا ہے۔ڈاکٹرز ٹیسٹ بھی کررہے ہیں اور علاج بھی جاری ہے لیکن کوئی افاقہ نہیں ہورہا۔ اب مزید تشخیص کے لیے خون کا سیمپل شوکت خانم ہسپتال بھی بھجوایا ہے جس کی ابھی رپورٹ نہیں آئی۔

موصوف کے دو بیٹے ہیں اور خصوصاً قرآن کریم حفظ کرنے کے لیے ربوہ گئےہیں جہاں اپنی والدہ اور چھوٹی بہنوں کے ساتھ مقیم ہیں۔ جبکہ خاکسار یہاں گیمبیا میں جماعتی سکول میں خدمت انجام دے رہا ہے۔

احباب سے دعا کی خاص درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنا خاص فضل فرمائے اور عزیزم کو شفائے کاملہ وعاجلہ عطا فرمائے۔آمین

٭…محمد سلطان ظفر صاحب کینیڈا سے تحریر کرتے ہیں کہ ۲۰؍اپریل کو رمضان کے آخری روزہ کے افطار کے وقت احمدیہ پیس وِلیج کے قریب ایک ٹریفک حادثہ میں دو احمدی احباب شدید زخمی ہوگئے ہیں اور انتہائی تشویش ناک حالت میں زیرِ علاج ہیں۔

اس حادثے کی ابتدائی معلومات کے مطابق ۵۵؍سالہ عبدالرحمن ناصر صاحب (سیکرٹری تعلیم القرآن و وقفِ عارضی برمپٹن ویسٹ امارت) Major MacKenzie Drive پر مغرب کی جانب سفر کررہے تھے کہ جب وہ Pine Valley Drive کے پاس پہنچے تو ان کی گاڑی سامنے سے آنے والی ایک کار جس کو جماعت وان نارتھ کے ۲۶؍سالہ عدیل احمد خان صاحب چلا رہے تھےسے ٹکرا گئی۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ اس ٹکر سے پہلے ایک ٹرک عبدالرحمٰن ناصر صاحب کی کار سےٹکرایا تھا جس کے نتیجے میں ان کی کار بے قابو ہوگئی، تاہم پولیس کی طرف سے رپورٹ جاری ہونے کے بعد ہی حادثہ کی وجہ کا حتمی علم ہوسکے گا۔

دونوں احباب ٹورانٹو کے Sunnybrook Health Sciences Centre میں زیرِ علاج ہیں۔ دونوں کو شدید اندرونی و بیرونی چوٹیں آئی ہیں۔ عدیل احمد خان صاحب تادمِ تحریرکوما میں ہیں اور اسی حالت میں ان کی سرجری ہوئی ہے۔ جبکہ عبدالرحمٰن ناصر صاحب آئی سی یو میں ہیں اور ابھی ہوش میں نہیں آئےاور ان کی بھی سرجری ہوئی ہے۔ دونوں کے اندرونی زخموں سے خون کا رساؤ ابھی تک بند نہیں ہوا جو انتہائی تشویش کا باعث ہے اور ان کے مزید آپریشن جلد متوقع ہیں۔

احبابِ جماعت سے درخواستِ دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ دونوں احباب کو صحتِ کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے اور ہرقسم کی پیچیدگی سے بچائے۔ آمین

٭…٭…٭

سانحہ ارتحال

٭…شکیل احمد صاحب بیلجیم سےاعلان کرواتے ہیں کہ خاکسار کے والد ڈاکٹر محمد ابراہیم صاحب دار الصدر غربی ربوہ حال میرکسم بیلجیم۲؍مارچ۲۰۲۳ء کو ۹۰؍ سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے ہیں۔ انا للہ و انا الیہ راجعون

محترم والد صاحب ۱۹۳۲ءمیں قادیان میں مکرم حکیم محمد شفیع صاحب کے ہاں پیدا ہوئے۔آپ پیدائشی احمدی تھے اور آپ کا بچپن صحابہ کی پاکیزہ صحبت میں گزرا۔ تقسیم ہند و پاک کے بعد فیصل آباد،پاکستان منتقل ہو گئے۔ ۱۹۷۴ء کے ہنگاموں میں خاندان کی چار دکانیں جلا دی گئی تھیں جن میں والد صاحب کا کلینک بھی شامل تھا۔آپ بہت بہادر اور نڈر انسان تھے۔ ہنگاموں کے بعد والد صاحب نے دوبارہ فیصل آباد میں اسی جگہ پر اپنا کلینک کھولا اور حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ کے ارشاد پر بچوں کی تربیت کی خاطر فیملی ربوہ میں رہائش پذیر ہو گئی۔آپ روزانہ ربوہ سے فیصل آباد کلینک پر جایا کرتے تھے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے آپ موصی تھے۔ صوم وصلوٰۃ کے پابند، تہجد گزار،تلاوت قرآن کریم میں باقاعدہ، دعاگو، زیرک اور صائب الرائے وجود تھے۔ آپ کے بڑے بیٹے محمد شعیب صاحب نے بتایا کہ والد صاحب غریب اور نادار مریضوں کا مفت علاج کرتے تھے یا ان کی استطاعت کے مطابق رقم وصول کرتے۔جماعتی چندہ جات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والےتھے۔ حال ہی میں انہوں نے مسجد فنڈ کے لیے ایک بڑی رقم کا وعدہ کیا۔ آپ جلسہ سالانہ بیلجیم میں First Aid میں ڈیوٹی دیا کرتے تھے۔ آپ کے پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے، تین بیٹیاں اور بہت سے پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔آپ حکیم محمد رفیع ناصر صاحب (ناصر دواخانہ) کےچھوٹے بھائی تھے۔ آپ کی نماز جنازہ حاضر مورخہ۳؍مارچ بروز جمعۃ المبارک توصیف احمد صاحب مربی سلسلہ میرکسم بیلجیم نےپڑھائی۔ اس کے بعد مرحوم کی وصیت کے مطابق جسدِ خاکی ربوہ لے جایا گیا۔ ۸؍مارچ بروز بدھ آپ کی نماز جنازہ مسجد بیت الانوار ربوہ میں مکرم صدر صاحب صدر انجمن احمدیہ پاکستان نے پڑھائی۔بعد ازاں تدفین بہشتی مقبرہ دار الفضل ربوہ میں عمل میں آئی۔

آپ کے ایک نواسے فرخ راحیل صاحب مربی سلسلہ آج کل کاپی ایڈیٹر روزنامہ الفضل انٹرنیشنل لندن کے طور پر خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔ اسی طرح آپ کے ایک اَور نواسے عزیزم ناصر حسین جامعہ احمدیہ یوکے میں درجہ ثالثہ کے طالبعلم ہیں۔

احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ والد صاحب کی مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے نیز ان کی نیکیاں جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button