امریکہ (رپورٹس)

برازیل کے شہر Rio de Janeiro کے سنٹر میں بُک سٹال کا اہتمام

(حافظ احتشام احمد مومن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برازیل)

برازیل کے دوسرے بڑے شہر Rio de Janeiro میں جنوری کا تیسرا ہفتہ مذہبی آزادئ رائے کے نام سے منایا گیا اور اس لحاظ سے شہر میں مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ اس ہفتہ کے اختتام پر مورخہ ۲۱؍ جنوری ۲۰۲۳ء کو شہر کے سنٹر میں ایک میلہ کا اہتمام کیا گیا جس میں مذہبی جماعتوں کے لیے انتظامیہ کی طرف سے دس ٹینٹ لگائے گئے تاکہ وہ اپنی نمائش کرسکیں۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کو بھی سٹال لگانے کے لیے ایک پورا ٹینٹ مختص کیا گیا۔ اس کے علاوہ دو بڑے سٹیج بنائے گئے تھے جہاں سے لوگوں نے عوام سے خطاب کیا۔ جماعت احمدیہ نے بھی بھر پور انداز سے اس پروگرام میں شرکت کی اور جماعتی کتب اور قرآن مجید کے مختلف زبانوں میں تراجم نیز پمفلٹس وغیرہ کی نمائش کی۔ نیز اس موقع پر خاکسار کو اسلام کی نمائندگی میں دونوں سٹیجوں سے باری باری خطاب کرنے کا موقع بھی ملا۔ خاکسار نے اسلام کی پُرامن تعلیمات کے بارے میں لوگوں کو بتایا۔ نیز سورۃ الفاتحہ کو ترنم سے پڑھ کر سنایا جسے بہت سارے لوگوں نے پسند کیا اوراس سے محظوظ ہوئے۔

اس کے علاوہ بے شمار لوگوں نے ہمارے سٹال کا وزٹ بھی کیا۔ تقریباً ۳۰۰ سے زائد افراد نے سٹال میں آکر اپنا نام عربی میں لکھوانے کی خواہش کی۔ چنانچہ ان کا نام لکھ کر دیا نیز انہیں جماعتی پمفلٹ دیے اور جماعتی تعارف بھی کروایا۔ اس کے علاوہ کئی افراد نے جماعتی کتب خریدنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ مگر چونکہ انتظامیہ کی طرف سے کتب بیچنے کی اجازت نہیں تھی اس لیے خاکسار جماعتی تعارف پر مبنی کتابچے اور دیگر چھوٹی تعارفی کتابیں لےکر گیا تھا جو اُن کو دیں۔ اس طرح تقریباً بارہ سو پمفلٹ اور ساٹھ کے قریب کتب لوگوں میں تقسیم کیں۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے صبح آٹھ بجے سے شام آٹھ بجے تک سٹال لگانے کی توفیق ملی۔ اور یہ پروگرام بہت ہی کامیاب رہا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے میڈیا نے بھی کافی کوریج دی۔ دو چینلز کو خاکسار نے انٹرویو دیے۔ اس کے علاوہ برازیل کے سب سے بڑے TV چینل پر بھی اس خبر کو نشر کیا گیا جس میں سارے مذہبی لیڈران کو بھی دکھایا گیا۔

احباب جماعت سے دعا کی عاجزانہ درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری ادنیٰ مساعی میں بے شمار برکت ڈالے اور اللہ کرے کہ لوگ خدا تعالیٰ کے اس فرستادہ کو مان کر اسلام احمدیت کی آغوش میں آنے والے ہوں۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button