افریقہ (رپورٹس)امریکہ (رپورٹس)یورپ (رپورٹس)

دنیا بھر کی مختلف جماعتوں میں جلسہ یوم مسیح موعود علیہ السلام کا بابرکت انعقاد

جماعت احمدیہ ہیملٹن ماؤنٹین، کینیڈا

وقارعظیم صاحب (سیکرٹری اشاعت، جماعت ہذا) تحریر کرتے ہیں کہ مورخہ ۲۶؍مارچ ۲۰۲۳ء کو بعد نمازِ عصر ہیملٹن ماؤنٹین جماعت نے جلسہ یوم مسیح موعود ؑکا انعقاد کیا۔ جلسہ کی صدارت رشید احمد صاحب (مقامی صدر) اور نوید منگلا صاحب (ریجنل مربی ہالٹن، نیاگرا ریجن) نے کی۔

پروگرام کا آغاز تلاوت، حدیث اور نظم سے ہوا۔ اس کے بعد مکرم صدر صاحب نے یوم مسیح موعودؑ کا پس منظراور تاریخ و اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ پھر بیعت کی دس شرائط اردو و انگریزی میں پیش کی گئیں۔ اس کے بعد سید قاصد صالح صاحب نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی صداقت اور ریجنل مربی صاحب نے حضرت مسیح موعودؑ کے بچپن سے لے کر پہلی بیعت کے وقت تک کے عظیم کردار کے کچھ واقعات بیان کیے۔ اس کے بعد سوال و جواب کا دور ہوا جس میں شرکاء نے بھرپور حصہ لیا۔ پروگرام کا اختتام نماز مغرب اور افطار پر ہوا۔ پروگرام کی کل حاضری تقریباً دوسو تھی۔

(رپورٹ: ناصراحمد وینس۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

برامپٹن ایسٹ امارت کینیڈا

اللہ تعالیٰ کے فضل سے برامپٹن ایسٹ امارت، کینیڈا نے ۲۶؍ مارچ ۲۰۲۳ء کو بعد نمازِ عصر مسجد مبارک بارامپٹن میں جلسہ یوم مسیح موعودؑ کا انعقاد کیا۔ جلسہ کی صدارت عبدالرشید انور صاحب مشنری انچارج کینیڈا نے کی۔ جلسہ کا آغاز تلاوت قرآنِ کریم مع انگریزی اور اردو تراجم و نظم مع ترجمہ سےہوا۔

عارف خضر صاحب اور شہزاد خان ڈوبورے صاحب نے ’’احمدیت نے ہماری زندگی کو کیسے بدل دیا ہے‘‘ پر پریزنٹیشن پیش کی جبکہ آصف عارف صاحب مربی سلسلہ نے ’’حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی آمد اور عالمی امن‘‘ پر تقریر کی۔ مہمان خصوصی مبلغ انچارج صاحب نے ’’حضرت مسیح موعودؑ کی مبارک عائلی زندگی‘‘ کے عنوان پر اختتامی تقریر کی۔

دعا و افطار کے بعد نماز مغرب ادا کی گئی۔ بعد ازاں احباب جماعت کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔ جلسہ میں سات سو سے زائد ممبران شامل ہوئے جبکہ پچاس ممبران نے یہ جلسہ آن لائن دیکھا۔

(رپورٹ: محمد سلطان ظفر۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

جماعت وانڈز ورتھ ٹاؤن یوکے

مورخہ ۲۵؍مارچ ۲۰۲۳ء بروز ہفتہ جماعت وانڈز ورتھ ٹاؤن یوکے کا جلسہ یوم مسیح موعود مقامی چرچ سینٹ اینز کے ملحقہ ہال میں منعقد ہوا۔

جلسہ کا آغاز تلاوت اور نظم سے ہوا۔ اس کے بعد نسیم احمد شمس صاحب مربی سلسلہ نے ’’حضرت مسیح موعودؑ کی بعثت اور اس سے متعلق پیشگوئیاں‘‘کے عنوان پر تقریر کی۔ اس اردو تقریر کا مختصر ترجمہ عطاءالاعلیٰ ظفر صاحب نے پیش کیا۔ اجتماعی دعا کے بعد حاضرین کا روزہ افطار کروایا گیا۔ نماز مغرب کے بعد سب کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا جس کے بعد یہ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ کل حاضری ۷۵؍ رہی۔

(رپورٹ: صدر جماعت وانڈز ورتھ ٹاؤن)

جماعت ہیمبرگ، جرمنی

جماعت ہیمبرگ، جرمنی میں مورخہ ۲۶؍مارچ ۲۰۲۳ء بروز اتوار شاہد محمود صاحب لوکل امیر ہیمبرگ کی زیرِصدارت جلسہ یومِ مسیح موعود کا انعقاد کیا گیا۔ جلسہ کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم مع جرمن ترجمہ اور نظم مع جرمن ترجمہ سے ہوا۔ اس کے بعد تقاریر ہوئیں۔

لئیق احمد منیر صاحب مربی سلسلہ نے اردو میں حضرت مسیح موعودؑ کا قلمی جہاد جبکہ شکیل محمود عمر صاحب مربی سلسلہ نے جرمن زبان میں حضرت مسیح موعودؑ کی آمد کے مقصد پر تقریر کی۔ آخر میں صدرِ مجلس نے حضرت مسیح موعودؑ کی سیرت کے ایک پہلو پر تقریر کی۔ دعا سے اس پروگرام کا اختتام ہوا۔ اس جلسہ میں کل ۵۶۴؍احباب شامل ہوئے۔

(رپورٹ: طاہر محمود۔ ہیمبرگ، جرمنی)

جماعت احمدیہ یونان

جماعت احمدیہ یونان کا جلسہ یوم مسیح موعود مورخہ ۲۶؍مارچ ۲۰۲۳ء بروز اتوار ایتھنز مسجد میں زیر صدارت عبدالقدوس صاحب نائب نیشنل صدر و صدر مجلس انصار اللہ یونان منعقد ہوا۔ جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم مع اردو ترجمہ، نظم اور حدیث سے ہوا۔ بعد ازاں داؤد احمد جنجوعہ صاحب نے ’دس شرائط بیعت‘ پیش کیں۔ صدر مجلس نے ’’حضرت مسیح موعودؑ کی آمد کا مقصد‘‘ کے عنوان پر تقریرکی اور اختتامی دعا کروائی۔ افطاری اور نمازوں کی ادائیگی کے بعد شاملین جلسہ کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔

اس جلسہ میں ایتھنز مسجد میں ۱۵؍ جبکہ آن لائن ۷؍احباب شامل ہوئے۔ کل حاضری ۲۲؍ رہی۔

(رپورٹ: ارشد محمود۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

ناصر احمدیہ سینئر سیکنڈری سکول کینیما سیرالیون

انیس احمد مربی سلسلہ و استاد ناصر احمدیہ سینئر سیکنڈری سکول کینیما، سیرالیون تحریر کرتےہیں کہ مورخہ۲۳؍مارچ ۲۰۲۳ء کو ناصراحمدیہ سینئر سیکنڈری سکول کی مسجد میں جلسہ یوم مسیح موعود کے انعقاد کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علی ذالك

صبح دس بجے مسٹر مساکوئی پرنسپل سینئر سیکنڈری سکول کی زیر صدارت جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ جس کے بعد طلبہ واساتذہ نے مختلف موضوعات پر تقاریر پیش کیں۔ مثلاً یوم مسیح موعودکیا ہے، ہم یوم مسیح موعود کیوں مناتے ہیں، آنے والے مسیح و مہدی کی نشانیاں، حضرت مسیح موعودؑ کا دعویٰ مسیحیت و مہدویت، تعارف جماعت احمدیہ۔ اس کے بعد خاکسار نے حضرت مسیح موعودؑ کا عشق رسولﷺ کے موضوع پر تقریر کی۔ آخر پر جلسہ میں کی گئی تقاریر پر مبنی سوالات کیے گئے درست جوابات دینے والے طلبہ کوانعامات دیے گئے۔ دعا کے ساتھ اس بابرکت روحانی جلسہ کا اختتام ہوا۔ اس جلسہ میں ۲۵۰؍ طلبہ و اساتذہ نے شرکت کی۔

(رپورٹ:سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

جامعۃ المبشرین،گھانا

مورخہ ۲۵؍مار چ ۲۰۲۳ء بروز ہفتہ جامعۃ المبشرین میں جلسہ یوم مسیح موعود کا انعقاد کیا گیا۔ مہمان خصوصی مبشرحسین شاہد صاحب (وائس پرنسپل) کی زیر صدارت جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ جس کے بعد تین زبانوں میں درج ذیل تقاریر ہوئیں۔

انگریزی تقریر : حضرت مسیح موعودؑ سے متعلق پیشگوئیاںاز عزیزم آدم عبد الرشید آف گھانا۔

اردوتقریر : حضرت مسیح موعود ؑکا عشق رسولﷺ از عزیزم ابراہیم دانی آف مڈگاسکر

عربی تقریر: حضرت مسیح موعودؑ کی جماعت کو نصائح از عزیزم آدم اسماعیل آف گھانا

انگریزی تقریر: سیرت و سوانح حضرت مسیح موعودؑ از طاہر احمد ظفر صاحب(استاد جامعہ)

اس دوران طلبہ کے گروپ نے چوئی زبان میں نظم پڑھی۔ اس کے بعد مہمان خصوصی نے اختتامی کلمات میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے الفاظ میں نصائح پیش کیں۔ عزیزم ظفر اللہ خان (سیکرٹری مجلس علمی) نے اساتذہ اور طلبہ کا شکریہ ادا کیا۔ مہمان خصوصی نے اختتامی دعا کروائی۔

(رپورٹ: رضوان کوثر۔ استاذ جامعۃ المبشرین گھانا)

شمالی مقدونیہ

یوم مسیح موعودؑ کی مناسبت سے ۲۶؍مارچ ۲۰۲۳ء بروز اتوار کو Pehcevo شہر کے مشن ہاؤس میں جلسہ منعقد کیا گیا۔ خاکسار (مربی سلسلہ شمالی مقدونیہ) کی صدارت میں جلسہ کا آغاز شام پانچ بجے تلاوت قرآ ن کریم و مقدونین زبان میں ترجمہ سے ہوا۔

طلحہ احمد صاحب (مربی سلسلہ وصدر جماعت سلووینیا) نے ’’حضرت مسیح موعودؑ کا تعارف‘‘ پر تقریر کی۔ دوسری تقریر سے قبل دو مقامی لجنہ ممبرات نے مسیح و مہدی کی آمد کے حوالہ سے مقدونیین زبان میں ایک ترانہ پیش کیا۔

بعد ازاں مکرم وسیم احمد سروعہ صاحب(مربی سلسلہ و صدر جماعت شمالی مقدونیہ) نے حضرت مسیح موعودؑ کی بعثت کے مقصد پر روشنی ڈالی۔

دعا کے ساتھ جلسہ کا اختتام ہوا اور ساتھ ہی شاملین نے افطاری کی۔مغرب کی نماز کے بعد تمام مہمانان کے لیےعشائیہ کا انتظام کیا گیا اور اسی طرح اسلامی موضوعات پر گفتگو جاری رہی۔اس بابرکت دن کا اختتام نماز عشاء و تراویح کی ادائیگی سے ہوا۔

اس جلسہ میں کثیر تعدادمیں احمدی اور زیر تبلیغ غیراحمدی احباب و خواتین شمالی مقدونیہ کے چار مختلف شہروں Pehcevo, Berovo, Kumanovo اورSkopjeسے شامل ہوئے اور یوں یہ جلسہ اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے نہایت کامیاب رہا۔ الحمدللہ۔

(رپورٹ: صہیب ناصر۔ مربی سلسلہ شمالی مقدونیہ)

شمکنت قزاقستان

جماعت احمدیہ شمکنت قزاقستان کو مورخہ ۲۳؍ مارچ ۲۰۲۳ء کو جلسہ یوم مسیح موعود منانے کی توفیق ملی۔الحمد للہ

جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مرکزی نمائندہ رانا خالد احمد صاحب انچارج رشین ڈیسک نے جلسہ میں آن لائن شرکت کی۔اپنی تقریر میں انہوں نے حضرت مسیح موعودؑ کی بعثت کا مقصد بیان کرتے ہوئے شرائط بیعت کی تعلیمات پر عمل کرنے کی تلقین کی جس کے بعد موصوف نے دعا کروائی اور جلسہ بخیر و عافیت اپنے اختتام کو پہنچا۔

جلسہ کے اختتام کے بعد نماز مغرب و عشاء باجماعت ادا کی گئیں اور بعد ازاں افراد جماعت کے لیے دعوت افطار کا بھی انتظام کیا گیا۔جلسہ میں کل ۴۲؍افراد نے شرکت کی جن میں ۱۱؍انصار،چھ خدام، پانچ اطفال،۱۳؍لجنہ اماء اللہ و ناصرات الاحمدیہ نیز ۷؍بچگان شامل تھے۔الحمد للہ

(رپورٹ:وقاراحمد۔شمکنت،قزاقستان)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button