افریقہ (رپورٹس)

مجلس انصار اللہ آئیوری کوسٹ کا تیرھواں سالانہ اجتماع

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے کوروناوبا میں کمی آنےسے ایک طویل عرصہ کے بعد مجلس انصار اللہ آئیوری کوسٹ کو اپنا تیرھواں سالانہ اجتماع مورخہ ۱۰ و ۱۱؍مارچ ۲۰۲۳ء بروز جمعۃ المبارک و ہفتہ منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔

اجتماع کا پہلا دن

مورخہ ۱۰؍مارچ بروز جمعۃ المبارک،دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کی ادائیگی کے بعد درس دیا گیا جس کے بعد وقفہ برائے ناشتہ ہوا۔صبح دس بجے امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب نے لوائے احمدیت اور مکرم تیرو الحسن صاحب نیشنل صدر انصار اللہ نے قومی پرچم لہرا کر اجتماع کا باقاعدہ آغاز کیا جس کے بعد مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی۔

اجلاس کی باقاعدہ کارروائی مکرم امیر صاحب کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم اور اس کے فرنچ ترجمہ سے شروع ہوئی جس کے بعد نیشنل صدرصاحب انصار اللہ نے انصار اللہ کا عہد دہرایا۔قصیدہ حضرت مسیح موعودؑ پیش کیے جانے کے بعد صدر صاحب انصار اللہ نے استقبالیہ تقریرکی۔ اجلاس کی افتتاحی تقریر مکرم امیر صاحب نے بعنوان ’’مجلس انصار اللہ کا قیام اور ایک ناصر کی ذمہ داریاں‘‘ کی جس کے بعد اجلاس کی دوسری تقریر ’’تعلق باللہ کو کیسے بڑھایا جائے‘‘ کے عنوان سے مکرم بالو احمد صاحب معلم سلسلہ نے کی۔ اس تقریر کے بعد کھانے نیز نماز جمعہ کا وقفہ ہوا۔

خطبہ جمعہ: دن ایک بجے انصار نے پنڈال میں ایم ٹی اے کی وساطت سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست سنا۔بعد ازاں مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ نے لوکل زبان میں مختصر خطبہ دیا اور نماز جمعہ و عصر کی ادائیگی کی گئی۔اجتماع کے پہلے دن کا دوسرا سیشن ورزشی مقابلہ جات کے لیے مخصوص تھا چنانچہ مکرم موسیٰ آنتوان صاحب ناظم ورزشی مقابلہ جات کی زیر نگرانی انصار کے مقابلے دن اڑھائی بجے شروع ہو کر مغرب تک جاری رہے۔ نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد چند ایک علمی مقابلہ جات کابھی انعقاد کیا گیا۔ جس کے بعد طعام کا وقفہ ہوا۔

مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ کی زیر صدارت نیشنل مجلس عاملہ و زعمائے اعلیٰ کی میٹنگ بھی ہوئی جس میں تنظیمی امور کو بہتر بنانے کے لیے مختلف فیصلہ جات کیے گئے اور اس ضمن میں شاملین کو ہدایات دی گئیں۔

اجتماع کا دوسرا دن

اجتماع کے دوسرے دن کا باقاعدہ آغاز جماعتی روایات کے مطابق نماز تہجد، نماز فجر اور درس سے ہوا۔

امن مارچ: پروگرام کے مطابق صبح سات بجے تمام انصار تیار ہو کر سفید لباس میں ملبوس انصار کا سکارف لیے گراؤنڈ میں مارچ کے لیے تیار تھے۔چنانچہ صدر صاحب مجلس کی قیادت میں انصار نے نظم و ضبط کے ساتھ اور جوش وخروش اور ولولہ سے اس مارچ میں حصہ لیا۔ جوکہ مہدی آباد کی حدود کے ایک چکر پر مشتمل تھی۔اہل محلہ انصار کے نظم وضبط اور جوش و جذبہ سے ازحد متاثر ہوئے۔مارچ کے اختتام پر دعا ہوئی اور تمام حاضرین کی خدمت میں ناشتہ پیش کیا گیا۔

اجتماع کے تیسرے اجلاس کا آغازصبح ساڑھے آٹھ بجے تلاوت قرآن کریم اور اس کے فرنچ زبان میں ترجمہ سے ہوا جس کے بعد بقیہ علمی مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔ پھر نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کا وقفہ ہوا۔ نمازوں کے بعد انصار کے مابین فٹ بال کا دوستانہ مقابلہ ہوا جو کہ مکرم عبدالرحمان وترا اور احمد باپینا صاحب کی ٹیموں کے مابین تھا جسے احمد باپینا صاحب کی ٹیم نے جیت لیا۔اس کے بعد انصار کی خدمت میں دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا۔

اختتامی اجلاس: نیشنل اجتماع کا اختتامی اجلاس مکرم امیر صاحب کی صدارت میں ہوا۔تلاوت قرآن کریم اور فرنچ ترجمہ کے بعد امیر صاحب نے تقریر بعنوان’’آمد مسیح ثانی علیہ السلام اور احیائے اسلام‘‘ کی۔ بعد ازاں خاکسار نے اجتماع کی مختصر رپورٹ پیش کی۔ پھر مکرم امیر صاحب اور نیشنل عاملہ کے ممبران نے مقابلہ جات میں پوزیشن لینے والے انصار میں انعامات تقسیم کیے۔ آخر پر امیر صاحب نے دعا کروائی اور یوں نیشنل اجتماع بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال انتظامیہ کے مطابق آئیوری کوسٹ کے ۱۸ ریجنز سے کل ۲۵۵ انصار نے شرکت کی۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ انصار کےلیے اس اجتماع کو حقیقی رنگ میں علمی و عملی اصلاح کا موجب بنائے۔آمین

(رپورٹ: باسط احمد۔ مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button