یورپ (رپورٹس)

برطانیہ بھر میں جلسہ ہائے یومِ مسیح موعود کا بابرکت انعقاد

(لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برطانیہ)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ برطانیہ کی جماعتوں میں حسبِ روایت امسال بھی جلسہ یوم مسیح موعود منایا گیا۔ ان جلسہ جات میں حضرت مسیح موعودؑ کی آمد کے مقاصد، مذہب اسلام کے لیے آپؑ کی عظیم الشان علمی وعملی اور تحریری خدمات، آپؑ کے عشق رسولﷺ اور آپؑ کی پاکیزہ زندگی کے ایمان افروز واقعات کو مختلف مقررین نے اپنی پُراثر اور مدلل تقاریر کے ذریعہ اُجاگر کیا جبکہ حضرت مسیح موعودؑ اور حضرت مصلح موعودؓ کے منظوم کلام سے بعض نظموں کے اشعار بھی انتہائی دلنشین انداز میں ترنم کے ساتھ سُنائے گئے۔ ذیل میں قارئین الفضل کے استفادہ کے لیے یوکے جماعت کے تمام ریجنز کی ایک رپورٹ پیش خدمت ہے۔

بیت الفتوح ریجن

مسجد بیت الفتوح میں جلسہ یوم مسیح موعود کا انعقاد مورخہ ۲۶؍مارچ ۲۰۲۳ء بروز اتوار ہوا۔ اس جلسے میں مسجد فضل، بیت النور اور بیت الاحسان ریجنز کے احباب جماعت شامل ہوئے۔ خدا تعالیٰ کے فضل سے تقریباً پندرہ سو احباب جماعت نے اس جلسہ میں شرکت کی۔ اس کے علاوہ ایم ٹی اے یوکے کی یوٹیوب لائیو سٹریم کے ذریعے بھی اس جلسے کی کارروائی کو براہ راست نشر کیا گیا جس سے احباب جماعت کی ایک کثیر تعداد نے استفادہ کیا۔

سہ پہر تین بجے تلاوت قرآن پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ دوران جلسہ مکرم یوسف مظفر صاحب نےصداقت حضرت مسیح موعود علیہ السلام، متعلم جامعہ احمدیہ افریقن نوجوان عزیزم بلال بونسو نے حضرت مسیح موعودؑ کی قرآن پاک اور عربی زبان سے محبت، مکرم طارق احمد حیات صاحب نےحضرت مسیح موعودؑ کا عشقِ رسولﷺ اور مکرم منیرالدین شمس صاحب ایڈیشنل وکیل التصنیف نے حضرت مسیح موعودؑ کی پاکیزہ جماعت کے موضوعات پر تقاریر کیں جبکہ اس دوران حضرت مسیح موعودؑکی آمد، آپؑ کی بابرکت زندگی اور دس شرائط بیعت سے متعلق ایک بہت ہی جامع ویڈیوبھی دکھائی گئی جسے سامعین و ناظرین نے بہت پسند کیا۔

جلسہ کے اختتامی خطاب میں محترم رفیق احمد حیات صاحب امیر جماعت احمدیہ برطانیہ نے بڑی تفصیل سے حضرت مسیح موعودؑ کی آمد، اُس زمانے کے مسلمانوں کے حالات اور پھر آپؑ کی پاکیزہ تعلیمات کے ذریعے احمدیوں کی زندگیوں میں روحانی انقلاب اور اللہ تعالیٰ کی تائید و نصرت سے جماعت کی ترقیات کا ذکر کیا۔نیز حضرت مسیح موعودؑ کی اسلام کے لیے غیرمعمولی خدمات کے اعتراف میں غیر مسلم مورخین کی تحریرات کے حوالہ جات بھی پیش کیے۔ دعا سے اس جلسے کا اختتام ہوا۔

اسلام آباد ریجن

اسلام آباد ریجن کی چھ جماعتوں میں یہ جلسے منعقد ہوئے۔

آلڈر شاٹ نارتھ جماعت میں۲۵؍ مارچ بروز ہفتہ جلسہ ہوا جس میں ۱۴۰؍ احباب جماعت نے شرکت کی۔ مکرم طاہر محمود مبشر صاحب مربی سلسلہ نے اس حوالہ سے تقریر کی۔افطاری اور نمازوں کی ادائیگی کے بعد شرکاء کی تواضع رات کے کھانے سے کی گئی۔

آلڈر شاٹ ساؤتھ جماعت اور وائٹ ہل اینڈ بورڈن جماعت نے ۲۶؍ مارچ بروز اتوار جلسے کا انعقاد کیا جس میں کُل حاضری بالترتیب۹۱اور۱۲۰رہی۔

کرالی جماعت نے اپنا جلسہ ۲۵؍ مارچ کو منعقد کیا جس میں ۱۸۵؍کی حاضری تھی۔

گلڈ فورڈ جماعت میں یہ جلسہ ۲۶؍ مارچ بروز اتوار ہوا جس میں ۱۰۸؍حاضری تھی جبکہ پانچ فیملیز نے مل کر حاضرین جلسہ کی خدمت میں افطاری اور کھانا پیش کیا۔

اس ریجن میں سب سے بڑا جلسہ فارنہم کی جماعت میں ۱۷؍ مارچ بروز جمعۃ المبارک منعقد کیا گیا جس میں انصار، خدام، لجنہ ممبرات اور ناصرات سمیت ۱۸۱؍حاضری رہی۔ تلاوت و نظم کے بعد ایک طفل نے حضرت مسیح موعودؑ کی بچوں سے محبت کے موضوع پر تقریر کی۔ تین اطفال نے قصیدہ کے پانچ اشعار خوبصورت انداز میں سُنائے۔ یوم مسیح موعود کے حوالہ سے دو مربیان سلسلہ نے اپنی تقاریر میں حضرت مسیح موعودؑکی زندگی کے چند پہلوؤں پر روشنی ڈالی جبکہ نائب امیر یوکے و ریجنل امیر محترم عطاءالقدوس صاحب نے اختتامی خطاب میں حضرت مسیح موعودؑکی اسلام کے لیے کی جانے والی عظیم الشان خدمات کا ذکر کیا۔ اجتماعی دعا سے جلسہ کا اختتام ہوا جس کے بعد حاضرین جلسہ کو ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔

مڈل سیکس ریجن

مڈل سیکس ریجن کی ہانسلو ساؤتھ جماعت نے ۲۶؍ مارچ بروز اتوار جلسہ کیا جس میں محترم سر افتخار احمد ایاز صاحب اور مکرم عبداللہ جنگہور صاحب نے خاص طور پر شرکت کی۔ حاضری ۱۴۵؍ رہی۔

ہانسلو نارتھ جماعت نے مسجدبیت النور میں اپنا جلسہ ۱۹؍ مارچ کو منعقد کیا جس میں کُل حاضری۱۳۰؍تھی۔

ساؤتھ ہال جماعت نے اپنا جلسہ مسجد دارالسلام میں منعقد کیا جس میں گرین فورڈ جماعت کے ممبران بھی شامل ہوئے۔اس جلسہ میں کُل ۱۷۵؍احباب جماعت شامل ہوئے۔ مکرم راجہ بُرہان احمد صاحب مربی سلسلہ نےاختتامی تقریر میں حضرت مسیح موعودؑکی پاکیزہ زندگی کا ذکر کیا۔

ہیز جماعت نے مسجد دارالامن میں ۲۵؍ مارچ کو جلسے کا انعقاد کیاجس میں ۱۷۰ کی حاضری تھی۔ مقررین میں چار اطفال اور دو مربیان سلسلہ شامل تھے۔

ایسٹ ریجن

ایسٹ ریجن نے جلسہ یوم مسیح موعود ریجنل سطح پر ۱۹؍ مارچ کو مسجد بیت الاحد نیوہیم میں مکرم مبشر صدیقی صاحب ریجنل امیر کی صدارت میں منعقد کیا۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد مکرم زوار بٹ صاحب مربی سلسلہ نے حضرت مسیح موعودؑ کی قرآن کریم سے محبت، مکرم پیر بشارت صاحب نے حضرت مسیح موعودؑ کا عشق رسولﷺ اور مکرم زکریا شیخ صاحب مربی سلسلہ نے حضرت مسیح موعودؑکا مشن کے موضوعات پر تقاریر کیں جبکہ ریجنل امیر صاحب نے اختتامی کلمات میں حاضرین جلسہ کا شکریہ ادا کیا۔ اجتماعی دعا سے جلسہ اختتام پذیر ہوا جس کے بعد شرکائے جلسہ کی خدمت میں رات کا کھانا پیش کیا گیا۔ ریجن کی پانچ جماعتوں کے احباب جماعت اس جلسہ میں شامل ہوئے۔کُل حاضری ۲۲۸؍ رہی۔

ساؤتھ ریجن

ساؤتھ ریجن میں ۲۱؍مارچ بروز منگل مسجد بیت السبحان کرائیڈن میں جلسہ یوم مسیح موعود مکرم رضا احمد صاحب ریجنل مشنری کی صدارت میں منعقد ہوا۔ ریجن کی آٹھ جماعتوں کے تقریباً ساڑھے چار سو احباب جماعت شامل ہوئے۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد تقاریر ہوئیں۔ مقررین میں مکرم جاوید صاحب، امیر صاحب، مکرم فیض احمد صاحب اور مکرم رضا احمد صاحب مربی سلسلہ شامل تھے جنہوں نے یوم مسیح موعود کے حوالہ سے تقاریر کیں۔ اسی ریجن کی دو جماعتوں برومبلی اینڈ لوئیشم اور بیکسلی اینڈ گرین نے ۲۵؍ مارچ کو طاہر مسجد کیٹ فورڈ میں اپناجلسہ منعقد کیا۔

مڈلینڈز ریجن

مڈلینڈز ریجن میں ماہ مارچ کی مختلف تواریخ میں تین مقامات پرجلسہ یوم مسیح موعود منعقد کیا گیا۔

مسجد دارالبرکات برمنگھم میں ریجن کی پانچ جماعتوں کے تقریباً پانچ سو احباب جماعت شامل ہوئے۔ مسجد بیت الغفور میں برمنگھم ویسٹ اور ڈڈلی جماعتوں کے ۲۳۰؍احباب جماعت شریک ہوئے۔

برٹن جماعت نے مقامی نماز سینٹر میں اپنا جلسہ منعقد کیا جس میں تقریباً۴۵؍ احباب جماعت نے شرکت کی۔ تینوں مقامات پر مقررین اور مربیان سلسلہ نے حضرت مسیح موعودؑکی سیرت کے پہلوؤں کو بیان کیا۔

نارتھ ایسٹ ریجن

نارتھ ایسٹ ریجن کی بریڈفورڈ ساؤتھ جماعت نے اپنا جلسہ ۲۵؍مارچ کومسجد بیت الحمد میں منعقدکیا۔ نماز عصر کی ادائیگی کے بعد جلسے کا انعقاد ہوا۔ دوران جلسہ مکرم قاسم امینی صاحب نے اپنی تقریر میں حضرت مسیح موعودؑکی جانب سے لی گئی پہلی بیعت کا ذکر کیا۔مکرم عامر ورک صاحب نے بعثت حضرت مسیح موعودؑاورآپؑ کی شخصیت کے چند پہلوؤں کا تذکرہ کیا جبکہ اختتامی تقریر میں مکرم مبارک احمد بسرا صاحب ریجنل مشنری نے ان جلسوں کا مقصد اور ہماری ذمہ داریاں کے موضوع پر حاضرین جلسہ کو توجہ دلائی۔اجتماعی دعا سے جلسہ اختتام پذیر ہواجس کے بعد افطاری ہوئی اور نمازیں ادا کی گئیں۔اس جلسہ میں کُل حاضری ۱۵۰ تھی۔

لیڈز جماعت نے ایک کمیونٹی سینٹر میں ۲۶؍ مارچ کو جلسہ یوم مسیح موعود منعقد کیاجس میں ۸۳؍ احباب جماعت نے شرکت کی۔ تلاوت قرآن و نظم کے بعد مکرم توصیف احمد انور صاحب نے حضرت مسیح موعودؑکی بعثت وسیرت کے عنوان پر تقریر کی۔ مکرم شعیب نیر صاحب صدر جماعت نے اپنی تقریر میں احباب کرام کو اُن کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔مکرم مبارک احمد بسرا صاحب ریجنل مشنری نے اختتامی تقریر میں حضرت مسیح موعودؑکی سیرت میں سے آپؑ کا عشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم،محبتِ قرآن، غیرت دینی اورآپؑ کی عاجزی و انکساری جیسے پہلوؤں کو اُجاگر کیاجس کے بعد آپ نے دعا کروائی۔ بعد ازاں ایک احمدی دوست نے تمام شرکائے جلسہ کو افطاری پیک پیش کیا۔

بریڈفورڈ نارتھ جماعت نے اپنا جلسہ ۲۶؍ مارچ کو مسجد المہدی میں منعقد کیاجس کی حاضری تقریباً ۲۰۰؍تھی۔صدر جماعت مکرم حمود احمد انور صاحب نے صدارت کی۔ حضرت مسیح موعودؑکی آمد، اہمیت و ضرورت کے عنوان پر مکرم ڈاکٹر محمد اقبال صاحب نے تقریر کی جبکہ ریجنل مشنری مکرم مبارک احمد بسرا صاحب نے سیرت حضرت مسیح موعودؑکے چند ایمان افروزواقعات بیان کیے۔ افطاری اور نمازوں کی ادائیگی کے بعد ایک فیملی کی طرف سےتمام احباب جماعت کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

نارتھ ویسٹ ریجن

اس ریجن میں تین مقامات پر جلسہ ہائےیوم مسیح موعود منعقد کیے گئے۔ ۲۵؍ مارچ کو مسجد دارالامن مانچسٹر میں تقریباً چھ سو احباب جماعت شریک ہوئے جس میں ایک سو کے قریب بچے بھی شامل تھے۔ مکرم ڈاکٹر قدوس حفیظ صاحب نے اپنی تقریر میں حضرت مسیح موعودؑکی عبادات، آپؑ کا عشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم اورآپؑ کی انسانیت سے محبت کا ذکر کیا۔ مکرم محبوب احمد صاحب نے ایک پریزینٹیشن کے ذریعہ ابتدائی بیعت کا احوال پیش کیا۔مکرم فرہاد احمد صاحب مربی سلسلہ نے اپنی تقریر میں حضرت مسیح موعودؑ پر کیے گئے مقدمات میں آپؑ کے نیک سیرت کردار و گفتار کا احاطہ کیا۔

اسی دن مسجد بیت اللطیف لیور پُول میں بھی جلسہ یوم مسیح موعود کا انعقاد کیا گیا جس میں ۱۳۵؍احباب جماعت شامل ہوئے۔تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم کے بعد مکرم نعمان احمد صاحب مربی سلسلہ نے سیرت حضرت مسیح موعودؑکے چند پہلوؤں کا تذکرہ کیا۔

بلیک برن اور بولٹن جماعتوں نے ۱۲؍ مارچ ۲۰۲۳ءبروز اتوار مسجد بیت الرشید میں اپنا جلسہ منعقد کیا جس میں ۷۵؍احباب جماعت شریک ہوئے۔ متعدد مقررین نے یوم مسیح موعود کی مناسبت سے اپنی تقاریر میں اظہار خیال کیا۔

ہارٹفورڈ شائر ریجن

اس ریجن کی جماعتوں نے مختلف تواریخ میں اپنے اپنے جلسہ جات منعقد کیے۔ پیٹر برو جماعت کے جلسے میں ۳۲؍ حاضری تھی۔ لوٹن جماعت کے جلسے میں ۱۶۵؍احباب جماعت شامل ہوئے۔ اسٹیونیج نارتھ جماعت کے جلسے میں ایک سو سے زائد احباب جماعت شریک ہوئے۔ لُوٹن اور کیمبرج جماعتوں کے جلسہ جات میں تقریباً ۷۰؍ کی حاضری رہی۔ واٹفورڈ جماعت کے جلسے میں مکرم منصور ضیاءصاحب مربی سلسلہ نے شرکت کی اور یوم مسیح موعود کے حوالہ سے تقریر کی۔ حاضری ۱۲۷؍ تھی۔اسٹیونیج ساؤتھ جماعت کے جلسے میں ۱۵۰؍احباب جماعت شامل ہوئے۔تمام جماعتوں میں جلسے کے بعد افطاری کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔

سکاٹ لینڈ ریجن

اس ریجن میں گلاسگو نارتھ اور ساؤتھ کی جماعتوں نے اپنا جلسہ مکرم ڈاکٹر عبدالحئی صاحب ریجنل امیر کی صدارت میں ۲۳؍ مارچ بروز جمعرات مسجد بیت الرحمٰن گلاسگو میں منعقد کیا۔ افطاری اور نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی اور کھانے کے بعد تلاوت قرآن کریم اور اُس کے ترجمہ سے جلسے کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ نظم کے بعد مکرم یوسف اشرف صاحب نے ماہ رمضان کے موضوع پر تقریر کی۔ مکرم داؤد احمد قریشی صاحب مربی سلسلہ نے یوم مسیح موعود کی مناسبت سے حضرت مسیح موعودؑکی بعض علمی خدمات کا تذکرہ کیا۔ مکرم فخر احمد آفتاب صاحب مربی سلسلہ نے سیرت حضرت مسیح موعودؑکے بعض پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔اجتماعی دعا سے جلسے کا اختتام ہوا۔احباب کی حاضری ۱۵۵؍ تھی۔

ڈنڈی جماعت نے ۲۵؍ مارچ کو مسجد بیت المحمود میں اپنے جلسے کا انعقاد کیا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم کے بعد مکرم داؤد احمد قریشی صاحب مربی سلسلہ نے حضرت مسیح موعودؑکی سیرت کے بعض پہلو بیان کیے جبکہ مکرم ڈاکٹر عبدالحئی صاحب ریجنل امیر نے اختتامی کلمات ادا کرتے ہوئے حاضرین جلسہ کا شکریہ ادا کیا۔احباب جماعت کی کُل حاضری ۳۳؍ رہی۔ دو فیملیز نے شرکائے جلسہ کے لیے افطاری اور پُرتکلف کھانے کا انتظام کیا۔

ایڈن برگ اینڈفائف جماعت نے ۱۲؍مارچ بروز اتوار ایک ہی مقام پر جلسہ منعقد کیا جس میں ۳۵؍احباب جماعت شریک ہوئے۔ تلاوت قرآن کریم، حدیث، اقتباس حضرت مسیح موعودؑاور نظم کے بعد مکرم ثاقب احمد صاحب نے یوم مسیح موعود کے حوالے سے ایک پریزینٹیشن دکھائی۔مکرم داؤد احمد صاحب مربی سلسلہ نے اختتامی تقریر میں سیرت حضرت مسیح موعودؑکے چند پہلوؤں کو اُجاگر کیا۔اجتماعی دعا سے جلسے کا اختتام ہوا جس کے بعد نماز ظہر و عصرکی ادائیگی کے بعد شرکائے جلسہ کی خدمت میں دوپہر کا کھانا بھی پیش کیا گیا۔

ساؤتھ ویسٹ ریجن

اس ریجن کی سوانزی جماعت نے ایک مقامی کمیونٹی ہال میں جلسہ یوم مسیح موعود ۲۵؍ مارچ بروز ہفتہ قبل از افطار منعقد کیا جس میں مَرد و خواتین سمیت کُل حاضری ۳۳؍ تھی۔ مکرم شجاع الدین صاحب نے تلاوت قرآن کریم اور اُس کا ترجمہ پیش کیا جبکہ عزیزم عمر منیر صاحب نے حضرت مسیح موعودؑکا منظوم کلام ترنم سے سُنایا۔ مکرم عمار احمد صاحب مربی سلسلہ نے اپنی تقریر میں حضرت مسیح موعودؑکی بعثت کے مقاصد، آپؑ کی مذہب اسلام کے لیے کی گئی شاندار خدمات اور آپؑ کی سیرت کے بعض پہلوؤں کا تفصیلی تذکرہ کیا۔ مکرم آصف بسرا صاحب صدر جماعت نے اختتامی کلمات میں حاضرین جلسہ کا شکریہ ادا کیا۔اجتماعی دعا سے یہ جلسہ اختتام پذیر ہوا۔ افطاری اور نمازوں کی ادائیگی کے بعد شرکائے جلسہ کی خدمت میں دو فیملیز کی جانب سے تیار کردہ پُرتکلف کھانا پیش کیا گیا۔

اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ برطانیہ کی جماعتوں کے اُن تمام رضاکاران کو جزائے خیر عطا فرمائے جنہوں نے جلسہ یوم مسیح موعودکے انتظامات میں حصہ لیا۔تمام مقررین پر اپنا خاص فضل فرمائے جنہوں نے بڑی محنت سےتیار کردہ اپنی تقاریر کے ذریعہ احباب جماعت کےسامنےسیرت حضرت مسیح موعودؑکو تازہ کیا اور تمام شاملین و سامعین کوحضرت مسیح موعودؑکے ارشادات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button