اطلاعات واعلانات
سانحہ ارتحال
٭…شبنم نذیر صاحبہ اہلیہ مرشد احمد ڈار صاحب استاد جامعہ احمدیہ قادیان تحریر کرتی ہیں کہ خاکسار کے دادا کے بھائی مکرم عبدالقدیر نائک صاحب ابن مکرم غلام رسول صاحب نائک آف آسنور، کشمیر مختصر علالت کے بعد تقریباً ۹۰ سال کی عمر میں مورخہ ۸؍مارچ ۲۰۲۳ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ انالله وانا الیه راجعون۔ مرحوم نے مخلوق خدا کی محبت میں طویل عرصہ تک بطور سرپنچ خصوصاً اپنی جماعت احمدیہ آسنور اور مضافات کی تمام جماعتوں میں قابل قدر خدمات سرانجام دیں۔
احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ الله تعالیٰ مرحوم کو غریق رحمت فرمائےاور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام سے نوازے۔آمین
درخواستہائے دعا
٭… عدیل ظفر صاحب سویڈن سے یہ اعلان کرواتے ہیںکہ خاکسار کے سسر محترم شیخ کریم الدین صاحب چند روز قبل گرنے کی وجہ سے صاحب فراش ہیں۔گرنے کے باعث ان کی ریڑھ کی ہڈی گردن کے قریب سے متاثر ہوئی ہے۔ چند روز قبل متاثرہ حصے کا آپریشن کیا گیا ہےجو کہ اللہ کے فضل سے کامیاب ہوا ہےمگر ابھی پوری طرح صحت یاب ہونے میں وقت لگے گا ۔
احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں شفا ئےکاملہ و عاجلہ عطا فرمائے اور ہر ایک پیچیدگی و مشکل سے محفوظ رکھے آمین۔
٭…مسعود احمدطاہر صاحب،نمائندہ الفضل انٹرنیشنل گیمبیاتحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں سے خاکسار کے تینوں بچوں نے اپنی اپنی کلا س میں پچھلی ٹرم کی نسبت اس ٹرم میں بہت بہتر کارکردگی دکھائی ہے ۔ الحمد للہ
احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کے علم و عمل میں برکت عطا فرمائے۔ آمین
تقریب شادی اور ولیمہ
وسیم احمد ظفر صاحب مبلغ انچارج جماعت احمدیہ برازیل تحریر کرتے ہیں کہ میرے بیٹےعزیزم اعجاز احمد ظفر (واقف نو) کی شادی عزیزہ ماریہ ندیم سیّد بنت مکرم سیّد عبد اللہ ندیم صاحب مربی سلسلہ امریکہ کے ساتھ بخیرو خوبی لندن میں انجام پائی۔ یہ امر ہم سب کے لیے از حد خوشی اور موجب سعادت ہے کہ مورخہ ۸؍مارچ ۲۰۲۳ءکو پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت دلہا ،دلہن اور قریبی عزیزان کو اپنے دفتر میں ملاقات کا شرف بخشا اور رخصتی کی دعا کروائی ۔ ا لحمدللہ ثم الحمدللہ۔ اس کے بعد مسجد بیت الفتوح لندن میں بقیہ تقریب عمل میں آئی ۔گیسٹ ہائوس بیت الفتوح سے بارات طاہر ہال پہنچی تو مکرم سید عبد اللہ ندیم صاحب اور ان کے عزیزواقارب نے دلہا اور سب باراتیوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس تقریب میں مکرم رفیق احمد حیات صاحب امیر جماعت احمدیہ یوکے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب رخصتانہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو مکرم راحیل احمد صاحب مربی سلسلہ نے کی ۔ مکرم صہیب احمد صاحب مربی سلسلہ نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کا منظوم کلام خوش الحانی کےساتھ پڑھ کر سنایا جس کے بعد امیر صاحب نے دعا کروائی اور سب کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔
اگلے روز مورخہ ۹؍مارچ کو طاہر ہال مسجد بیت الفتوح میں ہی ولیمہ کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں مکرم عبدالماجد طاہر صاحب ایڈیشنل وکیل التبشیر اسلام آباد یوکے مہمان خصوصی تھے۔آپ نے دعا کروائی جس کے بعد سب مہمانوں کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا ۔ دلہا مکرم الحاج مولوی محمد شریف صاحب مرحوم سابق اکاؤنٹنٹ جامعہ احمدیہ ربوہ پاکستان کا پوتا اور مکرم ڈاکٹر سمیع اللہ ریاض صاحب مرحوم پاکستان کا نواسہ ہے ۔دلہن مکرم سید عبدالغنی صاحب مرحوم سابق سیکرٹری مال فیکٹری ایریا ربوہ پاکستان کی پوتی اور مکرم سید عاشق احمد طاہر صاحب کی نواسی ہے، مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری دلہن کے پھوپھا ہیں ۔
پیارے آقا نے اپنے خط میں لکھا کہ ’’ اللہ تعالیٰ مبارک کرے۔ اس شادی کو دونوں خاندانوں کے لیے خوشیوں کا موجب بنائے اور ان کی جوڑی پر ہمیشہ اپنے پیار کی نگاہیں ڈالتا رہے ۔ اللہ آپ سب کے ساتھ ہو ۔ آمین ‘‘
احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں حضور انور کی دعاوٴں کا وارث بنائے ۔ آمین