افریقہ (رپورٹس)

ایلڈوریٹ کینیا میں مشن ہاؤس کا افتتاح

(محمد افضل ظفر۔ کینیا)

ایلڈوریٹ رفٹ ویلی کینیا کی ایک پرانی جماعت ہے اور یہ ایلڈوریٹ ریجن میں جماعت کا ہیڈ کوارٹر بھی ہے۔یہاں سال ۲۰۰۲ء میں لانگاس ایریا میں ایک ایکڑ قطعہ اراضی مسجد و مشن ہاؤس کی تعمیر کے لیے خریدا گیا تھا جس پر ۲۰۰۳ء میں ایک خوبصورت اور وسیع مسجد تعمیر کی گئی جس کا باقاعدہ افتتاح سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۳۰؍ اپریل ۲۰۰۵ء کو اپنے دورہ کینیا کے دوران کیا اور اس سے اگلے دن یکم مئی ۲۰۰۵ء کی صبح اسی احاطے میں اپنے دست مبارک سے مشن ہاؤس کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا۔ ۲۰۱۷ء میں اسی پلاٹ میں تمام بنیادی سہولتوں سے مزین معلم ہاؤس تعمیر کیا گیا جس کا افتتاح مولانا طارق محمود ظفر صاحب امیر و مشنری انچارج کینیا نے ۱۰؍ستمبر ۲۰۱۷ء کو کیا۔سال ۲۰۲۱ء میں IAAAE کے تعاون سے ایک نیا خوبصورت ٹا ئیلٹ بلاک تعمیر ہوا جس میں مردوں اور خواتین کے لیے وضو اور دیگر ضروریات کا الگ الگ انتظام کیا گیا۔

گذشتہ سال ۲۰۲۲ء میں حضور انور اید ہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت مشن ہاؤس کی تعمیر کے لیے ایک خطیر رقم منظور فرمائی جس سے اس سارے پلاٹ کی چار دیواری کرکے تین بیڈ رومز، سٹنگ روم اور کچن وغیرہ پر مشتمل ایک خوبصورت مشن ہاؤس برائے رہائش سنٹرل مشنری تعمیر کیا گیا اور پہلے سے موجود کنویں پر موٹر نصب کی گئی،چونکہ یہ ٹھنڈا علاقہ ہے اس لیے پانی گرم کرنے کے لیے سولر سسٹم بھی لگایا گیا ہے۔علاوہ ازیں میونسپل کمیٹی سے بھی پانی کی سپلائی کا اضافی کنکشن لیا گیا ہے، مشن ہاؤس کی تعمیر کا ٹھیکہ نیروبی کی ایک کمپنی کو دیا گیا تھا جس کی نگرانی اور رابطہ کے لیے نائب امیر مکرم شیخ سمیر احمد صاحب کی ڈیوٹی لگائی گئی تھی جنہوں نے متعدد بار یہاں آکر کام کا جا ئزہ لیا۔ مشن کی تعمیرکے دوران خود امیر صاحب بھی کئی مرتبہ یہاں تشریف لائے۔ سرکاری دفاتر سے متعلقہ امور خاکسار (انچارج ایلڈوریٹ مشن) نے سر انجام دیے۔ مکرم معلم عثمان چموئی صاحب جو اسی کمپاؤنڈ میں رہائش پذیر ہیں نے بھی بہت معاونت کی۔فجزاہم اللہ احسن الجزاء

سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس اید ہ اللہ تعالیٰ نے از راہ شفقت یوسف رشید اباٹ صاحب مبلغ سلسلہ کو ایلڈوریٹ ریجن کا انچارج مقرر فرمایا تھا جن کے یہاں پہنچنے پر مورخہ ۶؍فروری بروز سوموار مکرم امیر صاحب اس نو تعمیر شدہ مشن کے افتتاح کے لیے ایلڈوریٹ تشریف لائے اور ۷؍ فروری بروز منگل گیارہ بجے صبح مشن ہاؤس کے افتتاح کی سادہ مگر پر وقار تقریب مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت منعقد ہوئی جس میں مقامی احمدیوں کے علاوہ ریجن کےمعلمین اور غیراز جماعت احباب اور قریبی چرچ کے نمائندگان بھی شریک ہوئے۔تلاوت قرآن پاک کے بعد صالح سلمان صاحب صدر جماعت ایلڈوریٹ اور خاکسار نے باری باری نئے ریجنل انچارج صاحب کو خوش آمدید کہا جس کے بعد یوسف رشید اباٹ صاحب نے مکرم امیر صاحب اور احباب جماعت کا اس استقبالیہ تقریب کے انعقادپر شکریہ ادا کیا۔ بعدہٗ مکرم امیر صاحب نے یوسف رشید اباٹ صاحب کو بطور مبلغ انچارج ایلڈوریٹ ریجن خوش آمدید کہا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے احباب جماعت کو ان سے تعاون کرنے اور جماعتی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینےکی تاکید کی۔جس کے بعد تمام احباب خواتین و حضرات مشن ہاؤس کی عمارت کے پاس گئے جہاں مکرم امیر صاحب نے فیتہ کاٹ کر اس عمارت کا باقاعدہ افتتاح کیا اور دعا کروائی۔دعا کے بعد مکرم امیر صاحب،مبلغین، معلمین اور احباب جماعت نے مشن کے آس پاس پودے لگائے۔ جس کے بعد نماز ظہر ادا کی گئی اورپھر شرکائےتقریب کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے اس مسجد اور مشن ہاؤس کو منبع رشد وہدایت بنائے۔آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button