افریقہ (رپورٹس)

ساؤتومے میں جماعت احمدیہ کی سترھویں مسجد کا افتتاح

(انصر عباس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل ساؤتومے)

اللہ تعالیٰ نے جماعت احمدیہ ساؤتومے کو مورخہ ۲۱؍مارچ ۲۰۲۳ء کو پدروما (Pedroma) گاؤں میں ملک کی سترھویں مسجد بیت عمرکے افتتاح کی توفیق عطا فرمائی۔

پدروماگاؤں دارالحکومت ساؤتومے سے جنوب میں تقریباً ۱۵کلومیٹر دور ایک پہاڑ پر واقع ہے اور اس گاؤں کی کل آبادی تقریباً۳۰۰نفوس پر مشتمل ہے۔ ۲۰۲۲ءمیں اللہ تعالیٰ کے فضل سے مکرم سلیمان یوسف صاحب معلم سلسلہ اور خاکسار (مبلغ انچارج و صدر جماعت) کے ذریعے یہاں پہلی دفعہ جماعت کا پودالگا۔ یہ تمام لوگ عیسائی تھے۔ شروع میں ۲۰ لوگوں نے اسلام قبول کیا۔ بعد میں تربیتی کلاسز کے نتیجہ میں مزید لوگوں کو قبولیت اسلام احمدیت کی توفیق ملی۔

یہ مسجد۸میٹر چوڑائی کے ساتھ Octagon کا ڈیزائن ہے جس میں تقریباً ساٹھ افراد نماز ادا کر سکتے ہیں۔ ۲۱؍مارچ ۲۰۲۳ء افتتاْح کی تاریخ مقرر ہوئی۔خدام، انصار،لجنہ اماءاللہ و ناصرات پدروما نے مسجد کے ارد گرد کے علاقہ کی صفائی کی۔ ۲۱؍مارچ سہ پہر ۳بجے افتتاحی تقریب ہونی تھی۔ شدید بارش کے باعث ساڑھے چار بجے تقریب شروع ہوئی۔ پدروما جماعت کے تمام احباب نے مہمانوں کا استقبال نعرہ تکبیر اور جماعت احمدیہ زندہ باد کے نعروں سے کیا۔

تلاوت قرآن پاک مکرم سلیمان یوسف صاحب معلم سلسلہ نے کی۔ صدر صاحب جماعت پدروما مکرم (Alcides Borges)السیدش صاحب نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

ریجنل مبلغ ترینداد مکرم حافظ اعزاز الرحمٰن صاحب نے مسجد اور نماز کی اہمیت کے حوالے سے چند نصائح کیں اور اختتامی دعا کروائی۔ اس پروگرام میںدس جماعتوں سے ستّراحباب شامل ہوئے۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام شاملین کے ایمان و ایقان میں ترقی دیتا چلا جائے۔ یہ مسجد نمازیوں سے بھر جائے اور جماعت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے۔ آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button