متفرق مضامین

ہومیو پیتھی یعنی علاج بالمثل(ناک کے متعلق قسط 4)

(ڈاکٹر طاہر حمید ججہ)

(حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ کی کتاب ’’ہومیو پیتھی یعنی علاج بالمثل ‘‘کی ریپرٹری یعنی ادویہ کی ترتیب بلحاظ علامات تیار کردہ THHRI)

ڈلکامارا
Dulcamara
(Bitter Sweet)

٭…ڈلکامارانزلاتی جھلیوں کی بہت اہم دوا ہے۔ اس میں یہ بات نمایاں طور پر پائی جاتی ہے کہ موسم میں کوئی تبدیلی ہو، خواہ گرمی سردی میں بدلے یا سردی گرمی میں، نمی خشکی میں تبدیل ہو یا خشکی نمی میں، یہ تبدیلی نزلاتی جھلیوں پر اثر انداز ہوتی ہے خصوصاً اگر یہ یکایک واقع ہوتو عین ممکن ہے کہ ڈلکامارا دوا ہو۔ موسم کی تبدیلی کے دنوں میں نزلہ زکام بہت کثرت سے پھیلتا ہے۔ اگر مریض کی دیگر علامتیں واضح نہ ہوں لیکن ہر موسم کی تبدیلی پر بیمار پڑ جائے تو اس کے لیے ڈلکامارا مفید ہے۔ (صفحہ 363)

٭…ڈلکامارا کا نزلہ ناک سے شروع ہوتا ہے لیکن آنکھوں میں اپنا مستقل قیام کر لیتا ہے (صفحہ364)

٭…ڈلکامارا میں خشک زکام ہوتا ہے اور ناک مکمل طور پر بند ہو جاتا ہے۔ گاڑھی زرد رطوبت ناک میں جم جاتی ہے۔ ذرا سی سردی بھی لگ جائے تو نزلہ عود کر آتا ہے اور ناک سے خون بھی نکلتا ہے۔ (صفحہ364)

یوپیٹوریم
Eupatorium perfoliatum
(Thorough Wort)

٭…یہ دوا انفلوئنزا کی بہترین دواؤں میں شمار کی جاتی ہے اور عام نزلہ زکام میں بھی مفید ہوتی ہے۔ خصوصاً سردیوں کے موسم میں ہونے والا نزلہ جس کے ساتھ جسم کی دردیں بھی نمایاں ہوں اور نزلہ کے آغاز میں سردرد بھی ضرور ہوتو یوپیٹوریم ضرور استعمال کرنا چاہیے (صفحہ 371)

فیرم فاس
Ferrum phosphoricum
(Phosphate of Iron)

٭…بچوں میں عموماً نکسیر کا عارضہ ملتا ہے۔ (صفحہ385)

جلسیمیم
Gelsemium
(زرد چنبیلی)

٭…نزلاتی تکلیفوں میں جلسیمیم کی علامات نیڑم میور سے ملتی ہیں لیکن نیڑم میور میں پیاس نمایا ں ہوجاتی ہے اور جلسیمیم میں پیاس بالکل غائب ہو جاتی ہے۔ جلسیمیم میں چھینکیں بہت آتی ہے۔ ناک کی نوک بے حس ہو جاتی ہے۔ بعض دفعہ کانوں میں بھی سن ہونے کا احساس پایا جاتا ہے (صفحہ399)

گریفائٹس
Graphites
(Black Lead)

٭…مریض پھولوں کی خوشبو برداشت نہیں کرسکتا۔ ناک میں درد ہوتاہے۔ بے حد خشکی ہوجاتی ہے اور مواد جم کر چھلکوں کی صورت میں نکلتا ہے۔ (صفحہ412)

گائیکم
Guaiacum

٭…اگر کسی مریض کو شدید بہنے والا نزلہ ہو جس کے ساتھ ناک کی ہڈیوں میں درد ہوتو اسے گائیکم سے افاقہ ہو سکتا ہے۔ اس میں نزلہ کے ساتھ دانتوں کی ہڈیوں میں بھی درد ہوتاہے۔ (419)

ہیکلا لاوا
Hekla Lava

٭…جہاں تک ہومیوپیتھک کتب کا تعلق ہے وہ ہیکلا لاوا کو کان کے پیچھے ہڈی میں گانٹھوں، ہڈی کے غلاف کی سوزش، ناک کی ہڈی کے زخم، چہرے کے اعصابی درد جو دانت نکلوانے کے بعد یا دانت میں کیڑا لگنے کی وجہ سے پیدا ہوں اور گردن کے غدود بڑھ کر سکڑ جائیں تو ان سب میں مفید بتاتی ہیں۔مرطوب موسم میں اس کی تکلیفیں بڑھ جاتی ہیں۔(صفحہ429)

ہیپر سلفیورس کلکیریم
Hepar sulphuris calcareum
(Calcium Sulphide)

٭…نزلے میں ناک اور گلے کے اندر بلغم سا چپکا رہے اور اس وجہ سے چھینکیں آئیں تو ہیپرسلف ہی دینی چاہیے۔ سردی کی وجہ سے چھینکیں آنا بھی ہیپرسلف کی علامت ہے۔(صفحہ439)

ہائیڈراسٹس
Hydrastis
(Golden Sea)

٭…ہائیڈراسٹس کے نزلے میں لیس دار اور زردی مائل گاڑھا مواد ناک میں مستقل موجود رہتا ہے جو سخت ہو جاتا ہے۔ بچے اسے نوچتے ہیں تو زخم بن جاتے ہیں اورخون بھی رسنے لگتا ہے۔ ناک کے ایسے زخموں کے لیے ہائیڈاسٹس بہترین دوا ہے۔ (صفحہ447-448)

٭…اگر نزلہ کا مریض کمرے میں رہے تو ناک بہنا رک جاتا ہے۔ باہر کھلی ہوا میں جانے سے تکلیف بڑھ جاتی ہے۔(صفحہ448)

آیوڈم
Iodum

٭…ہر قسم کے چھالے اور زخم جو نزلاتی جھلیوں میں بنتے ہیں ان کا بھی آیوڈم سے بہترین علاج ہو سکتا ہے بشرطیکہ مریض مزاجی طور پر آیوڈم کا ہو۔ اس کا مریض گرم مزاج ہونے کے باوجود سردی لگ جانے سے نزلہ میں مبتلا ہو جاتاہے اس کے لیے ضروری شرط نہیں ہے کہ گرمی سے ہی نزلہ ہو۔ آیوڈم کے مریض کی نزلاتی جھلیاں جواب دے جاتی ہیں اس لیے معمولی بہانے سے بھی نزلہ ہوتا رہتا ہے۔ ناک میں مواد جم جاتا ہے جس کی وجہ سے سانس لینے میں دشواری پیش آتی ہے۔ ذرا سی ٹھنڈ لگنے یا کھانے پینے میں بد احتیاطی سے نزلہ ہو جاتا ہے۔ نزلہ کی بعض دواؤں کا سردی اور گرمی سے تعلق ہے جو اپنی الگ علامتیں رکھتی ہیں اور آیوڈم سے ممتاز ہیں لیکن اگر ناک بند رہے اور ہر وقت نزلاتی کیفیت ہو۔ ناک سے خون نکلے اور اس کے ساتھ بھوک بھی بہت ہو تو ایسے مریض کے لیے خدا تعالیٰ کے فضل سے آیوڈم اس کی تمام بیماریوں میں شفا کا موجب بن جاتی ہے۔ (صفحہ472)

اپی کاک
Ipecacuanha
( Ipecac – Root )

٭…اپی کاک کا نزلہ ناک سے جڑ پکڑ جاتا ہے رات کے وقت ناک بند ہو جاتا ہے اور بہت چھینکیں آتی ہیں۔ نزلہ گلے اور چھاتی میں اترتا ہے جس سے سانس گھٹتا ہے اور درد بھی ہوتا ہے۔ دمہ کے آثار ظاہر ہو جاتے ہیں۔ جو نزلہ ناک سے شروع ہو کر گلے اور چھاتی میں اترے اور یوں محسوس ہو کہ دمہ ہو جائے گا تو اپی کاک دینے سے دمہ کا حملہ ٹل سکتا ہے۔(صفحہ477-478)

کالی بائیکروم
Kali bichromicum
(Bichromate of potash)

٭…کالی بائیکروم کا ہوا کی نالی اور ناک کی بلغمی جھلیوں سے گہرا تعلق ہے اس میں کالی کارب، کالی آیوڈائیڈ اور کالی سلف کے ساتھ یہ بات مشترک ہے کہ بیماری اور درد کا احساس جسم کے بعض حصوں میں محدود دائروں میں ملتا ہے۔ بعض دفعہ اتنی تھوڑی سی جگہ میں بیماری سمٹ جاتی ہے کہ وہ جگہ ایک انگوٹھے کے نیچے آسکتی ہے۔ نزلہ بھی ناک کے اندر کسی معین جگہ درد کے احساس سے شروع ہوتا ہے۔ اور اس کا آغاز عموماً بائیں طرف سے ہوتا ہے۔ اس دوا کی یہ دونوں علامتیں قطعی طور پر مجرب اور بہت نمایاں ہیں۔مجھے بھی کسی زمانہ میں سردرد کسی خاص جگہ مثلاً کنپٹی کے ایک نقطہ پر زیادہ شدت سے محسوس ہوتا تھا اور انگوٹھے سے دبانے سے آرام آتا تھا۔ اسی طرح نزلہ بھی بائیں نتھنے میں ایک چھوٹے سے مقام پر درد کے احساس سے شروع ہوتا تھا۔ ان دونوں تکلیفوں کو کالی بائیکروم کے استعمال سے آرام آگیا۔(صفحہ485)

٭…کالی بائیکروم میں ناک کے اندر گہرائی میں ایک خاص مقام ہوتا ہے جہاں سے نزلہ شروع ہوتا ہے۔ گلے اور ناک کے جوڑ کے پاس جراثیم کی کمین گاہ بن جاتی ہے اور پھر ناک اور گلے سے اچانک ناقابل برداشت بدبو کے بھبکے اٹھتے ہیں۔ ان علامات میں کالی بائیکروم اور میزیریم مشترک ہیں۔ لیکن میزیریم کا دائرہ اثر محدود ہے۔ وہ اسی حصہ میں رہتی ہے لیکن کالی بائیکروم تمام جسم پر اثر انداز ہوتی ہے۔ میزیریم کے ساتھ گرمی اور سردی کی علامات نہیں ہوتیں۔(صفحہ488)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button