تبلیغی سٹال مجلس انصاراللہ ڈنمارک
مجلس انصار اللہ ڈنمارک کو پہلی بار ڈنمارک میں جسم، دماغ اور روح کے موضوع پر منعقد کیے جانےوالے ایک میلہ میں شرکت کرنے کی توفیق ملی۔اس میلہ کا انعقاد مورخہ۳تا ۵؍ فروری برانڈبی کوپن ہیگن میں واقع ایک سٹیڈیم کے ہال میں کیا گیا جس میں سو سے زائد اداروں و مذہبی تنظیموں نے شمولیت اختیار کی۔ اس میلہ کی خاص بات یہ ہے کہ اس پر آنے والے اکثر روحانی اور جسمانی امور کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے متلاشی نظر آتے تھے۔
اللہ کے فضل سے مجلس انصار اللہ ڈنمارک کو امسال اس میلہ میں تین دن شرکت کی توفیق ملی۔ ۱۵؍انصار اور خدام مختلف اوقات میں سٹال پر ڈیوٹیاں دیتے اور سٹال پر آنے والے مہمانان کو اسلام احمدیت کا پیغام پہنچاتے رہے۔ اس میلہ کی انتظامیہ نے ہماری جانب سے اسلام کی نمائندگی کرنے پر اظہار مسّرت کیا۔ پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ کسی اسلامی تنظیم سے کو ئی باقاعدہ اس میں شامل ہوا ہو۔ پانچ ہزار سے زائد لوگوں نے اس میلہ کو دیکھا۔ ہال میں داخلہ کے لیے ۱۱۰؍کرونز کا ٹکٹ مقرر تھا۔
الحمد للہ یہ تبلیغی سٹال بہت کامیاب رہا۔ کئی احباب نے قرآن مجید کا نسخہ لیا اور اسی طرح مختلف جماعتی لٹریچر مفت تقسیم کیا گیا۔ سٹال پر قرآن مجید سننے کا بھی انتظام تھا جہاں لوگ ہیڈفون لگا کر قرآن کریم کی تلاوت کو سنتے رہے۔ اللہ تعالیٰ تمام شاملین اور کارکنان کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: محمد اکرم محمود۔ صدر مجلس انصار اللہ و نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)