افریقہ (رپورٹس)

ملک چاڈ کے دارالحکومت انجمینا میں جماعتِ احمدیہ کی پہلی مسجد کی تعمیر

(خلیل احمد خان۔ نمائندہ الفضل انرنیشنل چاڈ)

اللہ تعالیٰ کے فضل اور حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں سے جماعتِ احمدیہ کو ملک چاڈ کے دارالحکومت انجمینا میں پہلی مرکزی ڈبل سٹوری مسجد تعمیرکرنے کی توفیق ملی ہے۔ الحمد للہ علیٰ ذٰلک

چاڈ سینٹرل افریقہ کا ملک ہے اس کا پورا نام The Republic of Chad ہے۔ یہ ملک ۱۱؍اگست ۱۹۶۰ء کو آزاد ہوا۔ چاڈ کا دارالحکومت N’DJAMENA ہے۔ اور سب سے بڑا اور تجارتی شہر بھی یہی ہے۔ آفیشل

زبان فرنچ اور عربی ہے۔ ۸۰ فیصد لوگ عربی بولتے ہیں۔ ملک چاڈ میں اکثریت مسلمانوں کی ہے۔

یہ مسجد جماعتی ہیڈکوراٹر میں ہے اور اس کے ساتھ ہی مشن ہاؤس کی تعمیر ہوئی ہے جہاں خاکسار (مبلغ سلسلہ چاڈ) فیملی کے ساتھ رہائش پذیر ہے۔

مورخہ ۷؍اکتوبر۲۰۲۰ء کو خاکسار نے اس مسجد کا سنگِ بنیاد رکھا۔ یہ جامع مسجد ہے۔ مسجد کی تعمیر دو مرحلوں میں مکمل ہوئی ہے۔ پہلے مرحلہ میں مسجد کی پہلی منزل کی تعمیر کا کام ہوا جس کے بعد مسجد کو نمازیوں کے لیے کھول دیا گیا تھا۔

اس مسجد کا باقاعدہ افتتاح ۱۱؍مارچ۲۰۲۲ء بروز جمعہ کو خاکسار نے کیا۔ افتتاح کے موقع پر اسلامک کونسل چاڈ کا نمائندہ، علاقے کا میئر اور چند آئمّہ مساجد حاضرتھے۔ الحمد للہ علیٰ ذٰلک

اسلامک کونسل کے نمائندہ نے اپنے خیالات کا اظہار یوں کیا کہ ’’اللہ تعالیٰ مسجد بنانے والوں کی قربانیوں کو قبول فرمائے۔ محلے کے لوگوں کوبھی درخواست کرتا ہوں کہ گھروں میں نماز پڑھنے کی بجائے یہاں مسجد میں آکر نماز پڑھیں۔ ہمیشہ مسجد سے امن کا پیغام پھیلائیں اور لوگوں سے بھی التجا کی جاتی ہے کہ مسجد کے امام صاحب کے ساتھ پورا تعاون کیا جائے۔‘‘

حضور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرِہ العزیز نے اس ڈبل سٹوری مسجد کا نام ’’مسجد مبارک‘‘ رکھا ہے۔

مسجد کی تعمیر کے دوسرے مرحلہ کا آغاز ۳۱؍مئی۲۰۲۲ء کو کردیا گیا تھا جس میں مسجد کی دوسری منزل اور مسجد کا مینارہ تعمیر کیا گیا۔ مورخہ ۲۵؍جنوری ۲۰۲۳ء کو ڈبل سٹوری مسجد کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مستورات کا ہال بھی نماز کے لیے کھول دیا گیا ہے۔اور باقاعدہ جمعہ کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ اس مسجد کے دونوں ہالز میں ساڑھے پانچ سو لوگ نماز پڑھ سکتے ہیں اس کے علاوہ برآمدہ اور صحن بھی ہے۔جہاں کافی بڑی تعداد میں لوگ نماز پڑھ سکتے ہیں۔

قارئین سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اس مسجد کو نمازیوں سے بھر دے اور جماعت کے لیے یہ مسجد بابرکت فرمائے آمین۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button