یورپ (رپورٹس)

عائشہ اکیڈمی یوکے میں پہلا جلسہ سیرۃ النبیﷺ

تعلیمی سال ۲۰۲۲۔۲۰۲۳ء کے دوران عائشہ اکیڈمی کی طالبات نے اپنا پہلا جلسہ سیرۃالنبیﷺ مورخہ ۲۵ ؍نومبر ۲۰۲۲ء مسجد بیت الاحسان میں منعقد کیا۔ اس جلسہ میں ۵ طالبات آن لائن بھی شامل ہوئیں۔

بروز جمعۃ المبارک، تفسیر قرآن کی کلاس کے بعد تمام طالبات اور اساتذہ مسجد کے ہال میں جلسہ کے لیے جمع ہوئیں۔ جلسے کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا۔ محترمہ طاہرہ خان صاحبہ نے سورۃالاحزاب کی آیات ۴۱تا۴۸ مع اردو ترجمہ پیش کیں۔ انگریزی ترجمہ محترمہ مدیحہ چیمہ صاحبہ نے پیش کیا۔

مریم امین صاحبہ نے (آن لائن) حضور اکرم ﷺ سے عشق کے حوالے سے حدیث پیش کی جس میں ایک مومن کے لیے حضور اکرمﷺ کی محبت کی اہمیت سمجھائی گئی۔

بعد ازاں محترمہ نادیہ ماہم صاحبہ نے رسول اکرم ﷺ کی مدح میں تحریر کیا گیا حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا بہت دلفریب فارسی قصیدہ ’جان و دلم فدائے جمالِ محمد است‘ پڑھا جس کی بہتر تفہیم کے لیے انگریزی اور اردو ترجمہ محترمہ انیسہ کمسٹرال نے پیش کیا۔

منتظمہ تقریبات محترمہ صباح زکریا صاحبہ کے جلسہ کا پروگرام پیش کرنے کے بعد حضور اکرمﷺ کی ذاتِ بابرکات کے حوالے سے بہترین اور پر اثر تقاریری مواد اور پریزنٹیشنز کا آغاز ہوا۔

انگریزی زبان میں تقریر کرتے ہوئے محترمہ ماریہ شمیم شاہد صاحبہ نے حضور اکرمﷺ کی زوجہ مطہرہ اُم المومنین حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی حضورِ اکرم ﷺ سے شادی کی اہمیت اور الٰہی منشا و اغراض سمجھائے، نیز حضرت عائشہؓ کی شادی کے وقت آپ کی صحیح عمر کے بارہ میں حقائق پیش کرتے ہوئےحضور اکرم ﷺ کےحضرت عائشہؓ سے پُر محبت حسنِ سلوک پر بھی روشنی ڈالی۔

خاکسار (عائشہ عادل) نے وجۂ تخلیقِ کائنات حضرت خاتم النبیینﷺ کے عنوان پر اُردو تقریر پیش کی جس میں خاکسار نے قرآنِ کریم کے حوالہ جات اور احادیث کے ذریعہ حضورِاکرمﷺ کا کُل عالمین پر احسان اور مرتبۂ خاتم النبیینﷺ پر روشنی ڈالی۔ اس کے بعد انگریزی میں بذریعہ پریزنٹیشن تقریر کے اہم نکات بھی پیش کیے گئے۔

تقاریر کا اختتام محترمہ صباح زکریا صاحبہ کی انگریزی تقریر بعنوان ’حضورِ اکرم ﷺ کی حیات مبارکہ میں اہم غزوات‘ سے ہوا۔ اس میں غزوہ بدر، غزوہ اُحد اور غزوہ احزاب کی منظر کشی کی گئی تھی، نیز اسلامی جہاد اور انگریزی حکومت کے حوالے سے ایم ٹی اے کے پروگرام ’فیتھ میٹرز‘ کی ایک ویڈیو کلپ بھی دکھائی گئی۔

بعد ازاں مسجد میں موجود تمام طالبات نے حضور اکرمﷺ کی شان میں کہا گیا حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا عربی قصیدہ مع اُردو اور انگریزی ترجمہ پیش کیا۔

پروگرام کے اختتام پر پرنسپل صاحبہ عائشہ اکیڈمی نے طالبات سے مخاطب ہوتے ہوئے جلسہ منانے کی توفیق پراللہ تعالیٰ سےشکر کا اظہار کیا اور طالبات کی جلسہ سے متعلق کاوشوں کو سراہا نیز مسلسل اصلاح کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوںنے خطبہ حجۃ الوداع کے وہ اہم نکات پیش کیے جو انسانی حقوق کے اولین علمبردار ہیں، جن کی نظیر کسی UNOکے چارٹر کے لیے بھی پیش کرنا ناممکن ہے۔ الغرض اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ انسانی حقوق کے جونعرے آج کی دنیا میں لگائے جا رہے ہیں اُن کے متعلق مکمل آگاہی حضور اکرمﷺ نے ۱۴۰۰سال پہلے ہی دے دی تھی۔

آخر میں دعا کے ساتھ یہ بابرکت اور روحانی جلسہ اختتام پذیر ہوا۔ جلسہ کے بعد کلوا جمیعاً بھی منعقد ہوا۔الحمدللہ۔

(رپورٹ: عائشہ عادل: عائشہ اکیڈمی یوکے)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button