امریکہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ نیومارکیٹ، کینیڈا کی سرگرمیاں

(ناصر احمد وینس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کینیڈا)

مکرم عارف ایم حنان صاحب سیکرٹری اشاعت، جماعت احمدیہ ’’نیومارکیٹ‘‘، کینیڈا تحریر کرتے ہیں کہ عالمگیر جماعت احمدیہ عالمی سطح پر جہاں مذہب اسلام کی حقانیت اور صداقتوں کودنیا کے سامنے اجاگر کرنے کی مہم میں ہمیشہ مصروف عمل رہتی ہے، وہیں اس کی ذیلی تنظیمیں بھی اپنی اپنی سطح پر، اس کارخیر میں حصہ لینے کے لیے ہرایک موقع کا بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے ہمہ وقت کمر ہمت باندھے رہتی ہیں۔

حال ہی میں مجلس خدام الاحمدیہ، نیومارکیٹ نے (یہ ٹورانٹو سے تقریباً آدھ گھنٹہ کی مسافت پر واقع ہے) ملک گیر ’’ملین پونڈ فوڈ‘‘ مہم کے ایک حصہ کے طور پر۷۵۰ ڈالرز کا چیک ’’ارورا‘‘ ( Aurora) برانچ کے فوڈ بنک کو پیش کیا۔

یاد رہے کہ دنیا بھر کے دیگر ممالک کی طرح، کینیڈا میں بھی ملازمتوں اور کاروبار زندگی میں ہونے والے عمومی نقصانات کے پیش نظر، متاثرہ خاندانوں کی تعداد دن بدن بڑھ رہی ہے۔

چنانچہ ایسے متاثرہ سفید پوش خاندانوں کے لیے فوڈ بنکوں کی طلب بھی پہلے سے کہیں بڑھ چکی ہے۔ چنانچہ ان فوڈ بنکوں کے لیے مجلس خدام الاحمدیہ، نیومارکیٹ برانچ کا مذکورہ بالا عطیہ، فوڈ بنک کی انتظامیہ نے شکریہ کے ساتھ قبول کیا۔

مزید براں نیومارکیٹ کی جماعت احمدیہ کے ایک نمائندہ وفد نے یارک ریجنل پولیس ہیڈ کوارٹر ارورہ (Aurora) میں ’’بلیک ہسٹری کینیڈا‘‘ کے طور پر منائے جانے والے جشن کی خصوصی تقریبات میں شرکت کی۔

یاد رہے کہ کینیڈا میں کچھ عرصہ قبل ’’مسلم مہینہ‘‘ کو سرکاری طور پر منائی جانے والی ایک ماہ کی جملہ تقریبات میں جماعت احمدیہ نے بھی اپنا تبلیغی سٹال لگایا تھا۔ جس میں تقریباً سبھی کمیونیٹیز کے لوگوں نے خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے اپنی نیک تمناوں کا اظہار کیا۔

(رپورٹ: ناصراحمد وینس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button