متفرق

چھوٹی چھوٹی باتیں

(عائشہ چودھری۔ جرمنی)

٭…اگر آپ کو کسی سے کوئی شکایت ہے تو اس شخص سے محبت اور نرمی سے ضرور شکایت کریں وہ کچھ نہ کچھ جواب دے گا ۔امید ہے کہ مسئلہ سلجھ جائے گااور شکایت دور ہو جائے گی۔بد ظنی بھی نہیں ہو گی۔ شرط یہ ہے کہ شکایت نرمی اور محبت سے بیان کی جائے۔

٭…کسی کے گھر جائیں تو کوئی چھوٹا سا تحفہ لے جائیں تحفہ دینے سے محبت بڑھتی ہے۔ ضروری نہیں کہ بہت قیمتی یا بڑا تحفہ ہو ،کوئی چھوٹی سی چاکلیٹ، اپنے گارڈن کے دو تین پھول، ہاتھ کا بنا کیک یا بسکٹ کچھ بھی ہو سکتا ہے۔شرط یہ ہےکہ اس تحفے میں آپ کا خلوص شامل ہو ۔

٭… کوشش کریں کہ کسی کا دل نہ دکھائیں۔ اگر غلطی سے کسی کو آپ کی وجہ سے تکلیف پہنچی ہو تو آگے بڑھ کر معافی مانگ لیں۔وہ یقیناً آپ کو معاف کر دیں گے۔شرط یہ ہے کہ معافی نیک نیتی سے مانگی جائے۔

٭… دوستوں کو، رشتہ داروں کو اپنے گھر پر مدعو کریں کبھی شام کی چائے پر کبھی شام کے کھانے پر۔ ضروری نہیں کہ بہت اہتمام کریں جو کچھ ہے اس سے مہمان کی خاطر کریں کہ مہمان اللہ کی رحمت ہوتا ہے۔ شرط یہ ہے کہ مہمان نوازی خلوص دل سے کی جائے۔

٭… اپنے بچوں کو بڑوں کا ادب اور چھوٹوں سے پیار کرناسکھائیں۔ان کی باتیں سنیں بھی اور مانیں بھی۔ان کو اتنا اعتبار دیں کہ معاشرےمیں ہر طرح کی بات بیان کر سکیں مگر اپنی اخلاقی حدود قائم رکھیں۔ان سے پیار ضرور کریں مگر شرط یہ ہے کہ اس پیار میں آپ کی تربیت جھلکتی ہو۔

٭…صاف ستھرے اور نئے کپڑے ضرور پہنیں کہ صفائی نصف ایمان ہے اور صفائی میں آپ کا لباس بھی شامل ہے۔نیا کپڑا پہنیں تو اللہ کا شکر ضرور ادا کریں کہ اس نے آپ کو توفیق دی۔صاف ستھرے کپڑے نہ صرف آپ کو ترو تازہ کرتے ہیں بلکہ دوسروں کو بھی آپ اچھے لگتے ہیں۔ضروری نہیں کہ کپڑے کسی ڈیزائنر یا برانڈ کے ہوں تو ہی اچھے لگیں گے۔ اگر آپ استطاعت رکھتے ہیں تو بےشک برانڈ بھی پہنیں لیکن اس میں دکھاوا نہ ہو۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button