ایشیا (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ فلپائن کی تیسری نیشنل تربیت کلاس اور چوتھا سالانہ اجتماع

محض خدا تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ فلپائن کو تیسری سالانہ نیشنل تربیت کلاس اور چوتھے سالانہ اجتماع کے انعقاد کی توفیق ملی۔ ہر دو پروگراموں کا انعقاد مسجد بیت الاحد، زمبوآنگا میں ہوا۔

نیشنل تربیت کلاس مجلس خدام الاحمدیہ فلپائن

پانچ روزہ تربیت کلاس کا آغاز ۲۲؍دسمبر۲۰۲۲ء کو افتتاحی تقریب سے ہوا جس میں تلاوت، نظم اور عہد کے بعد صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ فلپائن، مکرم سالیوسا سہود صاحب، نے افتتاحی خطاب کیا۔ بعد ازاں مکرم طلحہ علی صاحب نیشنل صدر و مشنری انچارج فلپائن نے بھی شاملین کو نصائح کیں۔ تربیتی کلاس میں اطفال اور خدام کے لیے علیحدہ کلاسوں کا انتظام تھا۔ متعدد معلمین نے اساتذہ کے فرائض سر انجام دیے جن میں مکرم عبدالحلیم صاحب، مکرم فیصل ہیڈنگ صاحب، مکرم نورالدین رزاری صاحب، مکرم عبدالمخلص صاحب اور مکرم طلحہ علی صاحب شامل تھے۔

پانچ روزہ تربیتی کلاس کے دوران دن کا آغاز تہجد اور فجر کی نمازوں سے ہوتا رہا جس کے بعد قرآن کریم کا درس دیا جاتا۔ ناشتہ کے بعد باقاعدہ کلاسوں کا آغاز ہوتا جو کھانے اور نماز کے وقفے کے ساتھ صبح ۸ بجے سے سہ پہر ۴ بجے تک لگتی رہیں۔ تربیت کلاس کے دوران جن موضوعات پر لیکچرز دیے گئے ان میں سے چند ایک یہ ہیں: نظام خلافت کی اہمیت و برکات، نظام جماعت، جنازے اور تدفین کے مسائل، اسلام اور احمدیت کی تاریخ، مسائل نماز، احمدی نوجوانوں کی اخلاقی ذمہ داریاں، نشہ آور اشیاء سے بچنے کے طریق، صحبت صالحین، مردوں اور عورتوں کے اختلاط کے بارے میں اسلامی تعلیمات، وغیرہ۔ اس کے علاوہ اختلافی مسائل پر بھی لیکچرز دیے گئے جن میں وفات مسیحؑ، ختم نبوت کے حقیقی معنی، صداقت حضرت مسیح موعودؑ اور متعدد اعتراضات کے جوابات شامل تھے۔ اس کے علاوہ روزانہ مغرب اور عشاء کی نمازوں کے درمیانی وقفہ میں سوال وجواب کی محفلوں کا انعقاد ہوتا رہا جس میں خدام نے دور حاضر میں پیش آنے والے مختلف مسائل کے بارے میں سوالات پوچھے۔ ان مجالس عرفان کو خدام نے بہت پسند کیا۔

تربیت کلاس میں خاص طور پر نماز اور اس کے ترجمہ پر توجہ دی گئی اور ان کے یاد کرنے کے لیے علیحدہ سے انتظام کیا گیا۔ الحمد للہ، دوران کلاس ۵ طلبہ جنہیں پہلے سے نماز نہیں آتی تھی نے عربی نماز یاد کی اور ۱۳ طلبہ جنہیں پہلے نماز کا ترجمہ نہیں آتا تھا کو مقامی زبان میں نماز کا ترجمہ یاد کرنے کی توفیق ملی۔ تربیت کلاس میں خدام کے لیے وفات پر غسل اور تدفین کے طریق پر ایک خصوصی سیمینار کا بھی انعقاد کیا جس کا مقصد یہ تھا کہ کسی تکلیف دہ ایمرجنسی صورتحال میں غسل اور تدفین کے فرائض کی ادائیگی کے لیے خدام موجود ہوں۔ یہ پانچ روزہ تربیت کلاس ۲۳ تا ۲۷ دسمبر منعقد ہوئی۔

نیشنل اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ فلپائن

کلاس کے معاً بعد، ۲۸ و ۲۹؍دسمبر ۲۰۲۲ء کو مجلس خدام الاحمدیہ فلپائن کو اپنے چوتھے نیشنل اجتماع کے انعقاد کی توفیق ملی۔ اجتماع میں متعدد تعلیمی و ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ اطفال الاحمدیہ کے علمی مقابلہ جات میں تلاوت، نظم، حفظ قرآن و احادیث و ادعیہ، اذان اور تقریر کے مقابلہ جات شامل تھے۔ خدام الاحمدیہ کے علمی مقابلہ جات میں ان مقابلوں کے علاوہ فی البدیہ تقریر اور ترسّل کا مقابلہ ہوا۔ ترسّل مقامی زبان میں خود سے حمدیہ و نعتیہ نظم لکھنے اور پڑھنے کا طریق ہے۔

ورزشی مقابلہ جات میں اطفال نے سو میٹر دوڑ، تین ٹانگوں کی دوڑ، چمچ میں لیموں رکھ کر چلنا، رسہ کشی، رومال پکڑنا اور پنجہ لڑانے کے مقابلوں میں حصہ لیا۔ خدام کے لیے باسکٹ بال، والی بال، بیڈمنٹن، شطرنج اور رسہ کشی کے مقابلے رکھے گئے تھے۔

تربیتی کلاس اور اجتماع کی مجموعی حاضری ۷۷ تھی جس میں ۶ مجالس سے ۶۳ خدام اور ۱۴ اطفال شامل ہوئے۔ پروگرام کے دوران تقریباً تمام خدام و اطفال نے اجتماع گاہ ہی میں قیام کیا اور اس کی بدولت بھی آپس میں دوستیاں اور بھائی چارہ پروان چڑھا۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان پروگراموں کو مجلس خدام الاحمدیہ فلپائن اور تمام جماعت کے لیے بابرکت بنائے اور ہمیں اپنی ذمہ داریوں کو احسن رنگ میں سر انجام دینے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: نورالدین محمد رزاری۔ نائب ناظم اعلیٰ اجتماع۔

ترجمہ: طلحہ علی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button