افریقہ (رپورٹس)

نیشنل اجتماع مجلس انصار اللہ سیرالیون ۲۰۲۲ء

(ذیشان محمود۔ مربی سلسلہ سیرالیون)

مکرم حافظ محمود احمد طاہر صاحب، آفس انچارج مجلس انصاراللہ سیرالیون تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ ۳تا ۴؍دسمبر ۲۰۲۲ء مجلس انصار اللہ سیرالیون کا نیشنل اجتماع بڑی کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ Covid کی وبا کے بعد مجلس انصار اللہ کا یہ دوسرا ملکی اجتماع تھا۔ اجتماع کی تیاری کے لیے اجتماع کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا جس نے کئی ماہ پہلے اجتماع کی تیاری کے لیے اجلاسات کا انعقاد شروع کر دیا۔ اجتماع کے لیے دارالحکومت فری ٹاؤن کی سب سےبڑی جامع مسجد احمدیہ بیت السبوح (Kissy docyard)کا انتخاب کیا گیا۔ یاد رہے کہ یہ مسجد اپنی وسعت اور خوبصورتی کے لحاظ سے ایک مثال ہے۔ اور احمدیوں کے علاوہ غیر احمدی بھائیوں کی ایک کثیر تعداد پنج وقتہ نمازوں اورنماز جمعہ میں شریک ہوتی ہے۔ اجتماع میں شرکت کرنے کے لیے دور دراز جگہوں سے جمعۃ المبارک سے انصار آنے شروع ہوگئے تھے۔ اور جمعہ کی رات تک ہر طرف خوب رونق تھی۔ اس دفعہ اجتماع کا مرکزی عنوان ’’انفاق فی سبیل اللہ‘‘ تھا اس لیے مرکزی بینر اور دیگر بینرز قرآن، حدیث اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے انفاق فی سبیل اللہ کے متعلق تھے۔ اسی طرح انصار اللہ کا مفلر لَا غَالب اِلَّا اللّٰہ کے ringکے ساتھ تیار کروایا گیا جس کو اجتماع کے موقع پر نیشنل عاملہ کے ممبران اور دیگر انصار پہنے ہوئے تھے اور انتہائی دیدہ زیب منظر پیش ہو رہا تھا۔ اجتماع کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا جس کے بعد نماز فجر اور درس القران کا اہتمام کیا گیا۔ اس کے بعد صبح کی سیر کا پروگرام تھا جس میں تمام انصار نے بڑے شوق سے حصہ لیا۔

اجتماع کا پہلا اجلاس مکرم Abdulai Kuwusu Sesayصاحب صدر مجلس انصار اللہ سیرالیون کی زیر صدارت شروع ہوا۔ مکرم صدر صاحب نے افتتاحی خطاب میں انصار اللہ کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف متوجہ کیا اور بتایا کہ اپنی تربیت کے علاوہ نہایت اہم ذمہ داری اگلی نسلوں کو وفا کا درس دینا اور اس پر قائم رہنے کی تاکید سے ہے۔ انہوں نے چندہ مجلس شرح کے ساتھ ادا کرنے کی طرف بھی توجہ دلائی۔ مولانا منیر حسین صاحب نائب صدر اول انصار اللہ نے بھی انصار اللہ کو خلفاء کے ارشادات کی روشنی میں ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔

ان کی تقریر کے بعد علمی مقابلہ جات کا آغاز ہوا جو کافی دیر تک جاری رہے۔ انصار نے ان مقابلوں میں بھر پور حصہ لیا۔ ان مقابلہ جات میں تلاوت قرآن کریم، حفظ القران، خطبات امام، قصیدہ، تقریر، پیغام رسانی اور انصاراللہ کا عہد شامل تھے۔

اجتماع کا دوسرا اجلاس بعد از نمازعصر مولانا سعید الرحمٰن صاحب (مبلغ انچارج و نائب امیر اول) کی زیر صدارت ہوا۔ مبلغ انچارج صاحب نے اپنے خطاب میں انصار اللہ کو مختلف تربیتی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ انہوں نے سیرالیون میں احمدیت کی تاریخ سے انتہائی ایمان افروز واقعات بیان کیے اورآئندہ نسلوں کی اصلاح کی طرف توجہ دلائی۔

اجتماع کےدوسرے دن ورزشی مقابلہ جات بھی ہوئے اور انصار نے بڑی دلچسپی سے ان مقابلوں کو دیکھا اور حصہ بھی لیا۔ نماز مغرب وعشاءکی ادائیگی کے بعد سوال وجواب کا سیشن ہوا۔ مولانا سید سعید الحسن شاہ صاحب مربی سلسلہ نے سوالات کے جواب دیے۔ انصار کی دلچسپی کی وجہ سے یہ پروگرام کافی لمبا چلا۔

دوسرے دن کا آغاز بھی تہجد باجماعت سے ہوا جس کے بعد درس القرآن کا اہتمام کیا گیا۔ اس کے بعد اجتماعی ورزشی مقابلہ جات اورصبح کی سیر کروائی گئی۔اس کے بعد سیر کےمتعلق محسوسات پر مضمون نویسی کا مقابلہ بھی کروایا گیا۔

آج کے دن انصار اللہ کی مجلس شوریٰ کا انعقاد کیا گیا نمائندگان نے حضور انور کی طرف سے منظور شدہ تجاویز پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ایک سب کمیٹی تربیتی امور کے لیے بنائی گئی جبکہ دوسری سب کمیٹی بجٹ تجاویز کے لیے تھی۔

نماز ظہر و عصر کے بعد اجتماع کا اختتامی اجلاس مکرم موسیٰ میوہ صاحب امیر جماعت احمدیہ سیرالیون کی زیر صدارت ہوا۔ مکرم امیر صاحب نے علمی و ورزشی مقابلہ جات میں پوزیشنز لینے والے انصار میں انعامات تقسیم کیے اور اختتامی خطاب بھی کیا۔ آپ نے جماعت کی ترقی میں انصار اللہ کے کردار کو پیش کرتے ہوئے بتایا کہ آپ کی ذمہ داریاں دو نسلوں کی ہیں اس لیے آپ کو زیادہ محنت کی ضرورت ہے۔ نحن انصار اللّٰہ کا مصداق بنیں اور جماعت کی مضبوطی میں اپنا کردار ادا کریں۔ مکرم امیر صاحب نے سیرالیون کے مبلغین اور واقفین زندگی کی بے مثال قربانیوں کا ذکر کیا اور انصار کو دعوت دی کہ اسی نمونہ کو زندہ رکھیں۔

دعا کے ساتھ انصار اللہ کا اجتماع کا نہایت کامیاب پروگرام اختتام پذیر ہوا جس کے بعد اجتماعی گروپ فوٹو بھی بنائی گئی۔ انصار اللہ اجتماع کی حاضری ۳۰۸؍شاملین پر مشتمل تھی۔

مجلس خدام الاحمديہ سيراليون کے تعاون سے اجتماع کے دونوں روز سيشنز کی يوٹيوب کے ذريعہ لائيو سٹريمنگ کی گئی۔ اندرون اور بيرونِ ملک سے متعدد افراد نے اس کارروائي کو سنا اور ديکھا۔

(رپورٹ: ذيشان محمود۔ مربی سلسلہ سيراليون)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button