حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… پاکستان میں جماعت احمدیہ کے افراد پر حملوں اور ان کی مساجد کو نقصان پہنچانے کے واقعات میں سال کے آغاز سے کافی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ ضلع عمرکوٹ کے علاقے نور نگر میں مورخہ ۳و ۴؍فروری ۲۰۲۳ءکی درمیانی شب چند نامعلوم افراد مسجد میں دیوار پھلانگ کر داخل ہوئے اور تیل چھڑک کر مسجد کو آگ لگا دی جس سے مسجدکے ہال میں موجود تمام صفیں اور کرسیاں وغیرہ جل گئیں۔

اسی طرح ۳؍فروری کی ہی رات ضلع میرپور خاص کے علاقے گوٹھ چودھری جاوید احمد میں نامعلوم افرادنے مینار توڑے اور مسجدکو آگ لگائی۔

جمعرات ۲؍فروری سہ پہر تقریباً ساڑھے تین بجے احمدیہ مسجد صدر کراچی کے مینار شر پسند عناصر نے ہتھوڑوں سے توڑ دیے، نیچے کھڑے ہوئے دیگر شرپسندوں نے جماعت احمدیہ کے خلاف نعرے لگائے۔

۱۰؍جنوری کی رات وزیر آباد میں موتی بازار کے مقام پر جماعت احمدیہ کی مسجدکے مینار توڑے گئے۔ ترجمان جماعت احمدیہ کے مطابق یہ مینار خود پولیس نے توڑے تھے۔ تاہم پولیس نے اس الزام کی تردید کی ہے۔

۱۸؍جنوری کو چند شرپسند افراد مارٹن روڈ کراچی پر واقع جماعت احمدیہ کی مسجدمیں سیڑھی لگا کر داخل ہو گئے اور انہوں نے سامنے کے دو میناروں کو نقصان پہنچایا۔اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی تو نامعلوم افراد وہاں سے فرار ہو گئے۔

۲۱؍جنوری ۲۰۲۳ء کو ضلع سیالکوٹ کے چک پیرو میں ایک ۷۵ سالہ احمدی خاتون وفات پا گئیں تو مقامی مشترکہ قبرستان میں ان کی تدفین میں رکاوٹ کھڑی کر دی گئی۔ پولیس نے حسب روایت احمدیوں کو مجبور کیا کہ میت کہیں اور لے جا کر دفن کر دیں۔ جس پر اس خاتون کی تدفین ۲۵۰؍کلومیٹر دور ربوہ میں کی گئی۔

بی بی سی اردو کی رپورٹ میں ایک صحافی کے مطابق گذشتہ چند برسوں میں نئے مذہبی و سیاسی گروہوں کے قیام کے بعد جماعت احمدیہ کے خلاف پُرتشدد واقعات میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔یہ واقعات منظم انداز میں ایک خاص منصوبہ بندی کے تحت کیے جا رہے ہیں۔

٭… سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف طویل عرصہ علیل رہنے کے بعد ۷۹؍برس کی عمر میں۵؍فروری ۲۰۲۳ء کو دبئی میں انتقال کر گئے۔ سابق صدر پرویز مشرف ۱۱؍اگست ۱۹۴۳ء کو دہلی میں پیدا ہوئے، انہوں نے ۱۹۶۱ء میں پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا۔ انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ سے گریجوایشن کی اور رائل کالج اور ڈیفنس اسٹڈیز برطانیہ سے بھی کورسز کیے۔ بعد میں سپیشل سروسز گروپ میں شمولیت اختیار کی، ۱۹۶۵ء اور ۱۹۷۱ء کی جنگوں میں بھی حصہ لیا۔ پرویز مشرف ۷؍ اکتوبر ۱۹۹۸ء کو چیف آف آرمی اسٹاف کے عہدے پر فائز ہوئے۔ انہیں کارگل آپریشن کے مرکزی کردار کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔۱۲؍ اکتوبر ۱۹۹۹ء کو پاکستان کی حکومت ختم کر کے چیف ایگزیکٹو کا عہدہ سنبھالا۔پھر نائن الیون کے حملے کے بعد فرنٹ لائن اتحادی بننے کی امریکی پیشکش قبول کی اور اپریل ۲۰۰۲ء میں ریفرنڈم کرا کے پرویز مشرف باقاعدہ صدرِ پاکستان منتخب ہوئے۔۲۹؍نومبر ۲۰۰۷ء کو پانچ سال کے نئے دور کے لیے صدر کا حلف اُٹھایا لیکن اس عہدے پر زیادہ عرصہ برقرار نہ رہ سکے اور ۱۸؍اگست ۲۰۰۸ء کو مستعفی ہو کر ملک سے باہر چلے گئے۔۱۷؍دسمبر ۲۰۱۹ء کو خصوصی عدالت نے آرٹیکل ۶؍کا مجرم قرار دے کر سزائے موت سنائی۔ ۳۱؍مارچ ۲۰۱۶ء کو فردِ جرم عائد ہونے کے وقت پرویز مشرف عدالت میں موجود تھے، بعد میں بیماری کے باعث پرویز مشرف ملک سے باہر چلے گئے تھے۔

٭… افغانستان کے لیے یورپی یونین کے خصوصی ایلچی تھامس نکلسن کا کہنا ہے کہ افغانستان کو تنہا نہیں کرنا چاہتے لیکن طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنے کی میز پر نہیں ہیں۔ طالبان کی جانب سے خواتین پر کام کرنے پر پابندی کے فیصلے سے افغانستان میں ضرورت مند خواتین اور بچوں کو بد ترین نقصان پہنچے گا۔ا نہوں نے افغانستان میں جامع حکومت کی ضرورت اور افغان شہریوں کے حقوق اور آزادیوں کے تحفظ پر زور دیا۔

٭… ترکی نے سفارتی مشنز بند کرنے اور سیکیورٹی الرٹ جاری کرنے پر ۹؍ممالک کے سفیروں کو وضاحت کے لیے طلب کرلیا۔گذشتہ دنوں فرانس، جرمنی، اٹلی اور امریکہ نے ترکی میں موجود اپنے شہریوں کے لیے ممکنہ حملوں کا الرٹ جاری کیا تھا۔ جبکہ جرمنی، فرانس اور نیدرلینڈ نے گذشتہ ہفتے ترکی میں عارضی طور پر سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے اپنے سفارتی مشنز بند کر دیے۔ دوسری طرف ترکی نے بھی امریکہ اور یورپ میں موجود اپنے شہریوں کو ممکنہ نسل پرست اور اسلام دشمن حملوں سے خبردار کیا ہے۔

٭… جنوبی سوڈان میں پوپ فرانسس کے دورے کے موقع پر مسلح چرواہوں نے ۲۱؍شہریوں کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ پوپ فرانسس تین روزہ دورے پر سوڈان پہنچے ہیں، ان کے ہمراہ آرچ بشپ آف کینٹربری اور چرچ آف سکاٹ لینڈ کے ماڈریٹر بھی ہیں۔ یہ مسیحی راہنما خانہ جنگی ختم ہونے کے بعد مسلح جھڑپوں کے خاتمے کے لیے مفاہمت اور بھائی چارے کو فروغ دینے کے لیے سوڈان کا دورہ کر رہے ہیں۔ گذشتہ روز مسلح چرواہوں نے مخالف گروپ کے مویشی کیمپ پر حملہ کرکے ۲۱؍افراد کو قتل کیا۔ اقوام متحدہ کے مشن برائے جنوبی سوڈان نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پوپ فرانسس کے دورے کے موقع پر ہم قومی اور مقامی راہنماؤں سے اپیل کرتے ہیں کہ امن اور مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔

٭…روس اور یوکرین کے درمیان جنگی قیدیوں کا تبادلہ کیا گیا ہے، جس کے بعد درجنوں قیدی اپنے اپنے وطن روانہ ہوگئے۔یوکرین کے صدارتی مشیر آندریے یرماک نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ روس نے ۱۱۶؍یوکرینی فوجیوں کو رہا کر دیا ہے۔ رہا کیے گئے قیدیوں میں وہ اہلکار بھی شامل ہیں جنہوں نے ماریوپول پر روسی حملوں کا دفاع کیا تھا۔ خیرسون علاقے میں لڑنے والے اور بخموت شہر میں تعینات کیے گئے سنائپرز کو بھی رہا کر دیا گیا ہے۔ دوسری طرف روس کے وزارت دفاع کے حکام نے کہا کہ قیدیوں کے تبادلے میں یوکرین نے ۶۳؍فوجی اہلکاروں کو رہا کیا ہے۔

٭… امریکی لڑاکا طیارے نے چین کے غبارے کو مار گرایا، پینٹاگون نے غبارے کو جنوبی کیرولینا کے ساحل پر نشانہ بنانے کی تصدیق کی ہے۔ پینٹاگون کا کہنا ہے کہ جاسوس غبارہ چین کی ناقابل قبول خلاف ورزی ہے، امریکی صدر نے چینی غبارہ مار گرانے پر امریکی فوج کو مبارکباد دی ہے۔ امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ کارروائی دانستہ اور قانون کے مطابق کی گئی ہے۔ کارروائی یہ ظاہر کرتی ہے کہ صدر بائیڈن اور ان کی قومی سلامتی کی ٹیم ہمیشہ امریکی عوام کی حفاظت اور سلامتی کو اوّلیت دے گی۔ چین کی جانب سے ہماری خودمختاری کی ناقابل قبول خلاف ورزی کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔ چینی غبارہ چند دنوں سے امریکہ کے اوپر پرواز کررہا تھا۔ ابتدامیں حفاظتی اقدامات کے پیش نظر اسے نشانہ نہیں بنایا گیا تھا۔ یاد رہے کہ جمعہ کے روز چین نے غبارے کی ملکیت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ موسم کی صورت حال جانچنے والا غبارہ تھا جو اپنے راستے سے بھٹک گیا تھا۔ چین نے کہا تھا کہ امریکی فضائی حدود میں غبارے کے غیر ارادی داخلے اور صورت حال پر افسوس ہے۔حقائق واضح ہونےتک قیاس آرائیاں مسئلے کےحل کے لیے سازگار نہیں، معاملے کی تصدیق کے بارے میں کام کر رہےہیں۔

٭… ابوظہبی پولیس نے گاڑی سے سڑک پر سگریٹ کے ٹکڑے پھینکنے والوں کو خبردار کردیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی سے سگریٹ کا ٹکڑا پھینکنے پر ایک ہزار درہم جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ ابوظہبی پولیس نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ بھی سڑک سے گزرتے ہوئے یا پھر پارکنگ میں گاڑی چلاتے ہوئے سگریٹ کے ٹکڑے، پانی کی خالی بوتلیں یا پھر پلاسٹک بیگز باہر پھینکیں گے ان پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

٭…مائیکروسافٹ کے سیکیورٹی ریسرچرز نے کہا کہ ’ہولی سولز‘ نامی ہیکرز کے ایک گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے پاس فرانسیسی میگزین چارلی ہیبڈو کے دو لاکھ سے زائد سبسکرائبرز کے نام اور دیگر تفصیلات موجود ہیں۔ایرانی حکومت کی پشت پناہی سے کام کرنے والی ہیکنگ ٹیم نے فرانسیسی میگزین کا کسٹمر ڈیٹا چرایا اور اسے لیک کر دیا۔یاد رہے کہ جنوری کے آغاز میں میگزین ہیک ہوگیا تھا، اس سے کچھ وقت قبل ہی میگزین میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے کارٹون شائع ہوئے تھے۔ یہ کارٹون ایران میں جاری حکومت مخالف احتجاجی مظاہروں کی حمایت میں شائع کیے گئے تھے۔

٭… ۵؍فروری کو بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں گلستان روڈ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہو گئے۔دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز، پولیس اور ریسکیو ٹیمیں دھماکے کی جگہ پہنچ گئیں اور علاقے کو اپنے گھیرےمیں لے لیا۔

٭… امریکہ میںاوہایو اور پینسلوینیا کے سرحدی علاقہ میں کیمیکل سے بھری مال گاڑی کی ۵۰؍ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، کارگو ٹرین میں آگ بھڑک اٹھی، واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔شدید سرد موسم کے سبب آگ بجھانے کے عمل میں مشکلات کا سامنا تھا کیونکہ فائر بریگیڈ میں موجود پانی جم گیا تھا۔

٭… ونڈسر کاسل میں گھسنے والے مسلح شخص جسونت سنگھ نے اولڈ بیلی کی عدالت میں ہتھیار رکھنے اور دھمکیاں دینے کا اعتراف جرم کرلیا۔ملزم جسونت سنگھ پر غداری کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اس نے کرسمس کے دن کاسل میں گھسنےکی کوشش کی تھی۔ ملزم نے پولیس افسر سے کہا تھا کہ یہاں ملکہ کو مارنے آیا ہوں۔ غداری کا الزام قبول کرنے والے جسونت سنگھ کو سزا ۳۱؍ مارچ کو سنائی جائے گی۔جسونت سنگھ ۱۹۸۱ءکے بعد غداری کے جرم میں ملوث ہونے والا پہلا شخص ہے۔

٭… کویتی حکام نے چھاپہ مار کر ملکی تاریخ کی سب سے بڑی منشیات کی کھیپ برآمد کرلی۔ کویت کی وزارت داخلہ نے بدھ کو اعلان کیا تھا کہ فورسز نےتین کروڑ دینار سے زائد کی غیر قانونی طور پر تیار کردہ ڈیڑھ کروڑ گولیاں اور ادویات تیار کرنے والا آدھا ٹن سفوف سعودی عرب سے ملحقہ سرحد کے قریب الوفراہ کے علاقے سے برآمد کیا ہے۔دو ہزار اسکوائر میٹر رقبے پر موجود یہ ایک منشیات تیار کرنے والی فیکٹری تھی جو سفوف سے گولیاں بنا کر بلیک مارکیٹ میں فروخت کرتی تھی۔

٭… ایران کے شمال مغربی حصے میں ترکی کی سرحد کے قریب شدید نوعیت کا زلزلہ آیا ہے۔ زلزلے کی شدت۵ اعشاریہ ۹ ریکارڈ کی گئی ہے جس کے باعث پیش آنے والے مختلف حادثات میں تین افراد جاں بحق جبکہ ۳۰۰؍سے زائد زخمی ہو گئے۔ زلزلے کا مرکز ایران کے شہر خوی کے قریب تھا۔ زلزلے سے متاثرہ کچھ علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔

٭… کینیڈا اور امریکہ کو شدید ترین برفانی طوفان کا سامنا ہے، ہڈیاں جماتی سرد اور تیز ہواؤں نے موسم سرد ترین کر رکھا ہے۔ امریکہ کی ریاست نیو ہمپشائر میں پارہ منفی ۷۸؍ڈگری سینٹی گریڈ تک چلا گیا، اس سے قبل ریاست الاسکا میں کم ترین درجہ حرارت منفی ۷۶؍ریکارڈ کیا گیا تھا۔ ریاست مین (Maine) میں منفی ۵۱؍ڈگری سینٹی گریڈ کے بعد چلنے والی ہواؤں نے موسم کو مزید سرد کردیا۔ مشرقی کینیڈا اور کیوبک میں لاکھوں افراد سرد ترین موسم سے متاثر ہیں، مونٹریال ایئر پورٹ پر درجہ حرارت منفی ۴۱؍سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔ جبکہ نیویارک میں درجہ حرارت منفی ۱۶؍سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ موسمیاتی ماہرین نے آئندہ صورت حال میں بہتری کا امکان ظاہر کیا ہے۔

٭… پولینڈ کے وزیر کھیل وثقافت نے کہا ہے کہ روس اور بیلاروس کے کھلاڑیوں کو اگلے اولمپک گیمز میں شرکت کی اجازت دینے سے چالیس ممالک اولمپک گیمز کا بائیکاٹ کر سکتے ہیں، جس سے پورا ایونٹ ہی بے معنی ہو جائے گا۔ بین الاقوامی اولمپک کمیٹی نے روس اور بیلاروس کے کھلاڑیوں کو اولمپکس ۲۰۲۴ءمیں شرکت کی اجازت دینے کا کہا ہے۔ پولینڈ، لتھوانیا، ایسٹونیا اور لٹویا نے بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے منصوبے کو مشترکہ طور پر مسترد کر دیا ہے۔ پولینڈ کے وزیر کھیل و ثقافت نے کہا ہے کہ ان کا خیال ہے کہ ۱۰؍فروری کو ہونے والی میٹنگ سے قبل بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے منصوبوں کو روکنے کے لیے برطانیہ، امریکہ اور کینیڈا سمیت چالیس ممالک کا اتحاد بنانا ممکن ہوگا۔ ان کے مطابق اگر ہم گیمز کا بائیکاٹ کرتے ہیں، تو ہم جس اتحاد کا حصہ ہوں گے وہ گیمز کے انعقاد کو بے معنی بنانے کےلیے کافی وسیع ہو جائے گا۔ دوسری جانب یوکرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر روس اور بیلاروس کے کھلاڑیوں کو اولمپک مقابلوں میں شرکت کی اجازت دی تو وہ ۲۰۲۴ء میں ہونے والے پیرس اولمپکس کا بائیکاٹ کر دے گا۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button