اطلاعات و اعلانات

اطلاعات واعلانات

درخواستِ دعا

رانا سلطان احمد خان صاحب ربوہ تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے بھانجے عزیزم عثمان احمد رانا مربی سلسلہ کی بھاوجہ محترمہ مبشرہ عامر صاحبہ اہلیہ مکرم رانا عامر سہیل صاحب بوجہ کینسر عرصہ تقریباً پانچ ماہ سے کافی بیمار ہیں۔ فیصل آباد سے کیموتھراپی جاری ہے۔ کمزوی بہت ہے ۔ ڈاکٹرز نے کافی تسلی دی ہے معمولی سا افاقہ ہے۔

احباب جماعت سے دردمندانہ دعا کی درخواست ہے کہ مولیٰ کریم محض اپنے فضل وکرم سے معجزانہ طورپر شفائے کاملہ و عاجلہ عطا فرما دے اور بچوں کے سر پر ماں کا سایہ تا دیر سلامت رکھے اور ہر قسم کی پریشانی اور پیچیدگی سے محفوظ رکھے۔ آمین

نیز مکرم عثمان احمد رانا صاحب مربی سلسلہ کی بڑی بیٹی عزیزہ ماہم عثمان بعمر ساڑھے تین سال ذہنی طور پر معذور ہے علاج معالجہ جاری ہے مگر افاقہ کی کوئی صورت نظر نہیں آرہی ۔ احباب جماعت عالمگیر سے ہر دو مریضان کے لیے دردبھری دعاؤں کی خاص درخواست ہے کہ مولیٰ کریم دونوں کو معجزانہ طورپر شفا عطا فرمائے ۔ آمین

تقریبِ شادی

مکرم جمال الدین یوسف خان صاحب آف ہالینڈ تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے پیارے بھتیجے مکرم ڈاکٹر نسیم الدین شمائل خان صاحب ابن سلیم الدین خان صاحب آف جرمنی کی شادی کی تقریب مورخہ ۲۴؍ جنوری ۲۰۲۳ء کو خدا تعالیٰ کے فضل سے کراچی میں منعقد ہوئی۔ الحمدللہ

عزیزم کی اہلیہ کا نام محترمہ رُشدہ شفیق صاحبہ دختر چودھری شفیق احمد صاحب ہے۔ دلہن چودھری علی محمد صاحب صحابی حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام (بیعت 1905ء) کی پوتی ہیں جبکہ دلہا حضرت صوفی احمد جان صاحب (دارالبیعت لدھیانہ) کی نسل سے ہیں۔

احبابِ جماعت کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ یہ شادی بابرکت فرمائے اور مثمربثمرات ہو۔ آمین

اسی طرح خاکسار احبابِ جماعت کا شکر گزار ہے کہ خاکسار کی کینسر کی بیماری کے دوران دعاؤں کے ساتھ مدد کی۔ اللہ تعالیٰ سب کو جزائے خیر سے نوازے۔ آمین نیز درخواستِ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آئندہ بھی ہر قسم کی پیچیدگی سے محفوظ رکھے۔ آمین

سانحہ ارتحال

شیخ مظفر احمد صاحب آف لودھراں

محمد ولید احمد مربی سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے والدمحترم بزرگوارم شیخ مظفر احمد صاحب ابن محترم شیخ مشتاق احمد صاحب مورخہ ۲۸؍جنوری ۲۰۲۳ء بروز ہفتہ حرکت قلب بندہو جانے کی وجہ سے۸۴سال کی عمر میں خالق حقیقی کے حضور حاضر ہو گئے۔انا للہ و انا الیہ راجعون۔

آپ ۱۰؍اکتوبر ۱۹۳۸ء کو پیدا ہوئے۔پیارے والد صاحب نےاللہ تعالیٰ کے فضل سے باکردار و بامراد کامیاب اور کامران زندگی گزاری۔ اپنے پرائے عزیز رشتہ دار سب ان کی شخصیت ان کی عظمت،پاک کردار، نیکی،تقویٰ،پرہیزگاری، عبادت وزہد اور بزرگی کے قائل تھے۔

اوائل جوانی سے باقاعدہ تہجد گزار، بلاناغہ نیم شبی دعاؤں کے عادی، صوم و صلوٰۃ کے پابنداور قرآن مجید کے عاشق، بہت ملنسار،ہمدر د، غمگسار، انفاق فی سبیل اللہ کرنے والے، ضرورتمندوں کی مخفی اور اعلانیہ مدد کرنے والے، اپنوں اور غیروں کی ہر ممکنہ مدد کے لیے ہمہ وقت کمربستہ رہنے والے ہمدرد انسان تھے۔

خاکسار کے دادامحترم شیخ مشتاق احمد صاحب جنوری ۱۹۶۰ء اور دادی محترمہ بتول بی بی صاحبہ دسمبر ۱۹۶۱ء میں اس حال میں دنیا سے رخصت ہوئے کہ چھ بچے سوگوار تھے۔ دادا جان نے وفات سے پہلے آپ کو نصیحت کی کہ بہن بھائیوں کا خیال رکھنا۔والد محترم جو اِن بہن بھائیوں میں سب سے بڑے تھے نے انتہائی نا مساعد حالات میں اپنے خاندان کو سنبھالا اور ہمیشہ ہر معاملے میں اپنے والد کی نصیحت کو یاد رکھا اور انتہائی محدود آمدنی میں سفید پوشی کا بھرم رکھتے ہوئے ایک بڑے کنبے کی پرورش کی اور اپنے چھوٹے بہن بھائیوں کی شادیوں کا انتظام کیا۔

طبیعت میں بہت سادگی لیکن نفاست، نظافت اور پاکیزگی تھی۔ انتہائی منظّم اور ذوق جمالیات رکھنے والے وجود تھے۔ صائب الرائے تھے ، انتہائی زیرک، دانا اور انصاف پسند تھے۔ اپنے پرائے سب آپ پر بے پناہ اعتماد کرتے تھے۔آپ نےلوگوں کے بڑے بڑے مسائل اپنے دینی و علمی ذوق اور فراست کی بدولت حل کیے اور فریقین ہمیشہ آپ کے فیصلے کو کھلے دل سے قبول بھی کر لیتے۔

ستمبر ۱۹۵۷ءسے ستمبر ۲۰۰۵ء تک ۴۸سال محکمہ تعلیم میں ملازمت کی ۔ مذہبی منافرت کی بنا پر آپ کو ساتھی اساتذہ کی طرف سے شدید مخالفت کا سامنا رہا مگر آپ نے ہمیشہ ہمت، حوصلے اور دعا کے ساتھ ان مشکلات کا مقابلہ کیا، اور ہمیشہ سرخرو ہوئے۔ آپ کے بہت سے شاگرد دنیاوی لحاظ سے اعلیٰ ترین عہدوں پر پہنچے۔ سکولوں کے معائنہ کے لیے آنے والے مختلف افسران نے ہمیشہ آپ کے کام کی تعریف کی اور آپ کی سروس بک پر اس طرح کے بیسیئوں تبصرے رقم ہیں۔

قائد مجلس، زعیم انصار اللہ اور ضلعی عاملہ میں خدمت کی توفیق پائی اور لمبا عرصہ امام الصلوٰۃ رہے۔ شادی سے پہلےاپنی اولاد کو وقف کرنے کا عزم کیا۔ اپنے عہد کی پاسداری کرتے ہوئے بچوں کو قرآن مجید حفظ کروانے کے لیے حافظ صاحب کا انتظام کیا، اوربڑی بیٹی اور بیٹے کو قرآن مجید حفظ کروایا۔ ان کی خواہش کے مطابق سب سے بڑے اور سب سے چھوٹے بیٹے کو زندگی وقف کرنے کی توفیق ملی۔ بڑی بیٹی کی شادی واقفِ زندگی سے کی۔

حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب اور جماعتی اخبارات کا باقاعدگی سے مطالعہ کرتے۔حضرت مسیح موعودؑ اور آپ کے خلفاء کے بیسیوں اشعار زبانی یاد تھے۔ادبی ذوق رکھنے والے تھے بر محل اور بر موقع اشعار پڑھنےاور گفتگو کا ملکہ بھی حاصل تھا۔ خلافت احمدیہ سے انتہائی عقیدت و احترام کا تعلق تھا، چار خلفاء کابابرکت عہد دیکھنے کی سعادت حاصل ہوئی۔

مہمان نوازی آپ کے نمایاں اوصاف میں شامل تھی۔ مرکزی مہمانوں، مربیان اور انسپکٹران کی بھرپور جذبے کے ساتھ خدمت کی توفیق پائی۔مسلسل کئی سال بڑی باقاعدگی کے ساتھ نظارت کے تحت وقف عارضی کرتے رہےاور کئی بار سند خوشنودی حاصل کی۔ ۳؍مارچ ۲۰۰۴ء کو نظام وصیت میں شامل ہونے کی توفیق پائی ۔ اپنےترکہ پر خود حصہ جائیداد اداکیا اور حصہ آمد بھی بڑی فکر کے ساتھ بروقت ادا کرتے رہے۔ساری زندگی اپنی اصل آمد کے مطابق لازمی چندہ جات ادا کیے۔طوعی چندہ جات اور دیگر مالی تحریکات میں بھی بھرپور حصہ لیتے رہے ۔

مورخہ ۲۸؍جنوری کوظہر و عصر کی نمازیں ادا کیں۔ کچھ دیر بعد انہیں سینے میں درد محسوس ہوا تو بھائی سے دبانے کے لیے کہا اور اسی جگہ پر ہی چند منٹ کے اندرہی داعی اجل کو لبیک کہا۔مقامی طور پر خاکسار نےان کی نماز جنازہ پڑھائی، جس میں دور و نزدیک کی جماعتوں کے افراد کثیر تعداد میں شامل ہوئے۔جس کے بعدمیت ربوہ لے جائی گئی اور دفاتر صدر انجمن کے احاطہ میں محترم سید طاہر محمود ماجد صاحب نے ان کی نماز جنازہ پڑھائی اور بہشتی مقبرہ میں تدفین کے بعد امیر صاحب ضلع لودھراں نے دعا کروائی۔

مرحوم نے پانچ بیٹے لئیق احمدمشتاق مبلغ سلسلہ سُرینام، قمر احمدمشتاق،محمد فخر احمد، ثمر احمد،خاکسار محمد ولید احمد مربی سلسلہ، دو بیٹیاں حافظہ منورہ مبارکہ اہلیہ مظفر احمد خالد مربی سلسلہ، عصمت سلطانہ اہلیہ آصف جاوید،چھ پوتے، چھ پوتیاں، چار نواسے اور چار نواسیاں یاد گار چھوڑی ہیں۔

احباب سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے ،درجات بلند فرمائے،اعلیٰ علیّین میں اپنے پیاروں کے قدموں میں جگہ دے اور تمام پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔

الفضل انٹرنیشنل میں مضامین؍رپورٹس اور اعلاناتِ دعا بھجوانے کے لیے:
Whatsapp/Telegram: +44 7566 234466
email: info@alfazl.com

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button