مجلس انصار اللہ کینیا کے پندرھویں نیشنل اجتماع اور مجلس شوریٰ کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصاراللہ کینیا کو ۱۶ تا ۱۸ دسمبر ۲۰۲۲ء نیشنل اجتماع اور مجلس شوریٰ کے انعقاد کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علی ذالک
نیشنل اجتماع مجلس انصار اللہ
۱۶؍دسمبر بروز جمعہ مجلس انصاراللہ کے اجتماع کے پہلے دن تمام انصار کی رجسٹریشن کا کام مکمل ہونے کے بعد بارہ بجے دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا جس کے بعد انصار نے نماز جمعہ ادا کی۔
دو بج کر تیس منٹ پر تمام انصار پرچم کشائی کی تقریب کے لیے حاضر ہوئے اور دعا کے بعد افتتاحی اجلاس کے لیے ناصر ہال میں تشریف لے گئے۔ اجتماع کے پہلے اجلاس کی کارروائی صدر مجلس انصار اللہ کینیا مکرم عبد العزیز گاکوریا صاحب کی زیر صدارت شروع ہوئی۔تلاوت کلام پاک اور اس کے سواحیلی ترجمہ کے بعد مکرم صدر صاحب مجلس نے انصاراللہ کا عہد دہرایا جس کے بعد ایک اردو نظم پیش کی گئی۔ بعدہ مکرم شیخ سمیر احمد صاحب قائد تربیت نے افتتاحی تقریر کی پھر مکرم عقیل احمد شاہ صاحب نائب صدر انصار اللہ صف دوم نے برکات خلافت کے موضوع پر تقریر کی اور آخر میں مکرم نعیم احمد شاہ صاحب نائب صدر صف اول نے دعا کروائی۔
بعد ازاں تمام انصار نے ایم ٹی اے پر سیدنا امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ سنا۔ اور پھر انصار صف دوم کے علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔
نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد تمام انصار نے حضور انور کی خدمت میں دعائیہ خطوط لکھے اور شام کا کھانا کھایا۔جس کے بعد انصار کے مابین والی بال کا مقابلہ ہوا اور پھر سب نے آرام کیا۔
اجتماع کے دوسرے دن کے پروگرام کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ تہجد اور نماز فجر کے بعد درس قرآن ہوا اور پھر سات بجے ناشتہ کرنے کے بعد انصار صف اول کے درمیان رسہ کشی، میوزیکل چیئرز، سائیکل ریس اور دیگر کھیلوں کے دلچسپ مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ جس کے بعد انصار صف دوم کے درمیان رسہ کشی، فٹ بال اور پیغام رسانی و دیگر کھیلوں کے دلچسپ مقابلے ہوئے۔ یہ مقابلہ جات نماز ظہر تک جاری رہے۔
نماز ظہر و عصر کے بعد دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا اور پھر اجتماع کے دوسرے اجلاس کا آغاز ہوا۔ تلاوت کلام پاک اور اس کے سواحیلی ترجمہ کے بعد مکرم نعیم شاہ صاحب نائب صدر صف اول نے انصار کا عہد دہرایا جس کے بعد انصار صف اول کے مابین علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے جن میں کوئز کا دلچسپ اور معلوماتی مقابلہ بھی شامل تھا۔
ساڑھے چار بجے وقفہ ہوا جس کے بعد پانچ بجے مولانا طارق محمود ظفر صاحب امیر و مشنری انچارج کینیا کی زیر صدارت اجتماع کے اختتامی اجلاس کی کارروائی شروع ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم اور اس کے سواحیلی ترجمہ کے بعد مکرم صدر مجلس انصار اللہ کینیا نے انصار کا عہد دہرایا بعدہ مکرم سمیر احمد بٹ صاحب قائد عمومی نے اردو نظم پیش کی پھر مبلغ سلسلہ مکرم عبد اللہ حسین جمعہ صاحب نے برکات خلافت کے موضوع پر سواحیلی میں تقریر کی جس کے بعد مکرم سمیر احمد شیخ صاحب ناظم اعلیٰ اجتماع نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی۔ بعدہ مکرم صدر مجلس انصار اللہ نے سال ۲۰۲۲ء کی کارگزاری کی مجموعی رپورٹ پیش کی۔بعدازاں مکرم امیر صاحب نے علمی و ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشن لینے والے انصار اور دوران سال بہتر کارگزاری دکھانے والی مجالس میں انعامات تقسیم کیے اور دعا کروائی جس کے ساتھ اجتماع کا پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا۔
اس کے بعد رات کا کھانا پیش کیا گیا اور تمام احباب آرام کے لیے تشریف لے گئے۔
نیشنل مجلس شوریٰ
۱۸؍دسمبر بروز اتوار بھی پروگرام کا آغاز نماز تہجد اور نماز فجر کے بعد درس قرآن کریم ہوا۔سات بجے انصار بھائیوں کی خدمت میں ناشتہ پیش کیا گیا جس کے معاً بعد تمام نمائندگان شوریٰ ہال میں تشریف لے گئے اور مجلس شوریٰ کا آغاز ہوا۔ تلاوت کلام پاک اور دعا کے بعد مختلف تجاویز سے متعلق سب کمیٹیاں تشکیل دی گئیں اور پھر ان کے الگ الگ اجلاسات منعقد ہوئے۔گیارہ بجے شوریٰ کے آخری اجلاس کی کارروائی ہوئی جس میں سب کمیٹیوں کی رپورٹس پیش کی گئیں اور ان پر کارروائی ہوئی اس کے بعد مکرم امیر و مشنری انچارج صاحب کینیا نے مختصر خطاب کے بعد اختتامی دعا کروائی اور شوریٰ بخیر و خوبی اختتام کو پہنچی۔الحمد للہ
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مجلس انصار اللہ کینیا کو زیادہ سے زیادہ ترقیات عطا فرمائے اور مقبول خدمت دین کی توفیق بخشے۔آمین
(رپورٹ: محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل )