اطلاعات و اعلانات
درخواستہائے دعا
٭…ولی الر حمٰن سنوری صاحب آف کینیڈا لکھتے ہیں کہ ان کے بھتیجے عزیزم کلیم الرحمٰن سنوری معاون نیشنل جنرل سیکرٹری یوکے،فلو اور چکروں کے باعث چند روز قبل گر گئے تھے جس سے اُن کے سر پر چوٹ آئی ہے۔ موصوف ان دنوں لندن کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
احبابِ جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے خاص فضل سے ان کو ہر قسم کی پیچیدگیوں سے محفوظ رکھے اور شفائے کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے۔ آمین
٭…رانا سلطان احمد خاں صاحب تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے بہت ہی پیارے عزیز محترم مسرور احمد صاحب ابن مکرم محمود احمد سندھی آف یوکے حال مقیم ربوہ کی اہلیہ محترمہ رفیقہ ارم صاحبہ کا ۲۴؍جنوری ۲۰۲۳ء کو لاہور کے ایک ہسپتال میں معدے کا آپریشن ہوا ہے جو کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے کامیاب ہو گیا ہے۔
پیارے احباب جماعت احمدیہ عالمگیرسے ان کے لیے دردمندانہ دعاؤں کی درخواست ہے کہ مولا کریم صحت کاملہ و عاجلہ عطافرمائے اور آپریشن کی پیچیدگیوں سے بھی محفوظ رکھے۔ موصوفہ کو صحت والی، فعال عمرِ دراز عطا فرمائے۔ آمین
سانحہ ارتحال
محترمہ آمنہ بیگم صاحبہ اہلیہ ڈاکٹر محمد اکرم صاحب
محمد اشرف ضیاءصاحب نیشنل صدر و مبلغ انچارج آسٹریا تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کی بھاوج محترمہ آمنہ بیگم صاحبہ اہلیہ ڈاکٹر محمد اکرم صاحب ساکن راولپنڈی پاکستان مورخہ ۵؍جنوری ۲۰۲۳ء کو بقضائے الٰہی انتقال کر گئیں۔انا للہ و انا الیہ راجعون۔
موصوفہ محترم خواجہ محمد رمضان صاحب مرحوم درویش قادیان کی صاحبزادی اور محترم خواجہ عبدالعزیز صاحب مرحوم سابق صدر جماعت احمدیہ گرمولا ورکاں کی بہو تھیں۔
مرحومہ موصیہ تھیں۔ مقامی طور پر جنازے کی ادئیگی کے بعد اُن کے جسدِ خاکی کو ربوہ لے جایا گیا جہاں بہشتی مقبرہ میں آسودۂ خاک ہوئیں۔
آپ انتہائی عبادت گزار، صوم و صلوٰۃ کی پابند، تہجد میں باقاعدہ، قرآن مجید سے محبت کرنے والی اور باقاعدگی سے تلاوت کرنے والی خاتون تھیں۔آپ خلافت سے محبت و عقیدت کا تعلق رکھنے والی،لازمی اور طوعی چندہ جات باقاعدگی سے ادا کرنے والی تھیں۔ تحریک جدید اور وقف جدید کے نئے سال کا اعلان ہوتے ہی حسبِ وعدہ چندہ ادا کر دیتیں۔ انتہائی بہادر اور نڈر داعی الی اللہ تھیں۔ جماعت کے خلاف کبھی کوئی بات سننا گوارانہ کرتیں۔
اپنے میاں کی طرح طب کے پیشے سے منسلک تھیں۔ انتہائی غریب پرور اور ناداروں کا خیال رکھنے والی تھیں۔ ضرورتمند مریضوں کا مفت علاج کرتیںاور ادویات فراہم کرتیں۔
آپ کے پسماندگان میں شوہر،ایک بیٹا اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔ سب بچے خدا تعالیٰ کے فضل سے اعلیٰ تعلیم یافتہ اور شادی شدہ ہیں۔ بڑی بیٹی عزیزہ عطیۃ الکریم مقیم امریکہ، دوسری بیٹی عزیزہ بشریٰ قرۃ العین اہلیہ عزیزم ناصر احمد سابق قائد ضلع راولپنڈی حال مقیم امریکہ اور چھوٹی بیٹی عزیزہ ڈاکٹر طیبہ اکرم زوجہ ڈاکٹر ثاقب محمود صاحب لندن میں مقیم ہیں۔ (بفضلِ خدا دونوں وقف نَو کی تحریک میں شامل ہیں)۔ اکلوتا بیٹا عزیزم ڈاکٹر عطا ء المنعم نیورو سرجن ہے اور نصرت جہاں سکیم کے تحت وقف کر چکا ہے۔
میرے ساتھ ان کا سلوک انتہائی مشفقانہ ماں کی طرح تھا جو تادمِ آخر قائم و دائم رہا۔
احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت فرمائے،درجات بلند فرمائے،اپنے پیاروں کے قدموں میں جگہ دے اور تمام پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین