یورپ (رپورٹس)

تقریب عشائیہ مجلس انصار اللہ ناروے

گزشتہ سالوں کی طرح امسال بھی مجلس انصاراللہ ناروے نے ایک پروقار تقریب عشائیہ مورخہ۳؍جنوری ۲۰۲۳ء کو شام سات بجے بیت النصراوسلو کے مسرور ہال میں منعقد کی۔ اس تقریب میں دوران سال مجلس خدام الاحمدیہ ناروے سے مجلس انصار اللہ ناروے میں شامل ہونے والے انصاربھائیوں کو خوش آمدید کہاجاتا ہےاور اُن سے مجلس عاملہ اور زعماء کاتعارف کروایا جاتا ہے۔ اس دعوت میں مجلس عاملہ میں نئے آنے والے ممبران اور نئے زعماء کو بھی شامل کیا جاتا ہے۔ اسی طرح عاملہ سے سبکدوش ہونے والے ممبران کو بھی مدعو کیا جا تا ہے۔ اس سال اس دعوت میں صفِ دوئم سے صفِ اول میں آنے والے انصاربھائیوں اور سابقہ صدورمجلس انصاراللہ ناروے کو بھی دعوت دی گئی تھی۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم خالد محمود صاحب قائد تبلیغ نے سورۃ الاحقاف کی آیات ۱۶ اور۱۷ کی تلاوت کی جس میں اللہ تعالیٰ نے انسان کو چالیس سال کی عمر میں پہنچنے کو ایک پختہ عمر قرار دیا ہے۔ پھر اللہ تعالیٰ کے انعامات کا شکر ادا کرنے اور اپنی اور اپنی اولاد کی صحیح رنگ میں تربیت کی طرف توجہ دلائی ہے۔ اس کے بعد محترم ڈاکٹر احمد رضوان صادق صاحب صدر مجلس انصاراللہ ناروے نے کھڑے ہوکر عہد دہرایا، پھر اس تقریب کا مقصد بیان کیا اور خدام سے انصار اللہ میں شامل ہونے والے بھائیوں کے نام بتائے۔ اس سال ۹ نئے انصار مجلس میں شامل ہوئے۔ اسی طرح صفِ دوم سے صف اول میں شامل ہونے والے انصار کی تعداد آٹھ تھی۔ محترم صدر مجلس انصاراللہ ناروے نے تنظیم کے قیام کا مقصد بتایا نیز یہ کہ ناروے میں مجلس انصار اللہ کا قیام ۱۹۸۱ء میں عمل میں آیا۔ صدر محترم نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتاب چشمہ معرفت سے اقتباس پیش کیا جس میں حضورؑ نے توبہ کرنے کا طریقہ بیان فرمایا ہے۔ آپ نے تمام شاملین کو تاکید کی کہ عمر کے اس حصے میں اچھے کاموں کی طرف توجہ دیں کیونکہ وقت بہت تیزی سے گزررہاہے۔ کسی نہ کسی کہ موت کی خبر آتی رہتی ہے۔ ہمیں اپنی موت کو بھولنا نہیں چاہیے۔ حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ کے اس شعر پر اپنی تقریر کا اختتام کیا۔

وقت کم ہے بہت ہیں کام چلو

ملگجی ہو رہی ہے شام چلو

اس کے بعد نئے شامل ہونے والے انصار نے اپنا تعارف کروایا اور خیالات کا اظہار کیا۔ جس کے بعد سابقہ صدور مجلس انصار اللہ ناروے (محترم میر عبدالسلام صاحب، محترم بشارت احمد صابر صاحب، محترم رائے عبدالقدیر صاحب اور محترم رانا نعیم احمد خان صاحب) نے مختصراً نصائح کیں۔

آخر میں مکرم چوہدری ظہور احمد صاحب نیشنل امیرجماعت ناروے نے دُعا کروائی اور تمام حاضرین کو کھانا پیش کیا گیا۔اس تقریب کی کل حاضری ۳۰ رہی۔

(رپورٹ: عامرمحمود۔ قائد اشاعت مجلس انصاراللہ ناروے)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button