افریقہ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون کے تحت سالِ نو 2023ء کا کامیاب پروگرام

جدت کے نام پر کئی تقریبات انسانی زندگی کی ضروریات میں شامل کر دی گئی ہیں جبکہ ان سے بآسانی اجتناب ممکن ہے۔ لوگ اپنی مذہبی اور معاشرتی اقدار کے خلاف دیگر رسومات و رواجوں پر بلا سوچے سمجھے عمل کرتے ہوئے اسے اپنی زندگیوں کا حصہ بناتے جا رہے ہیں۔ اس دور میں جماعت احمدیہ ہی وہ واحد جماعت ہے جو رسول اللہ ﷺکے متبعین کو ہر ملک و قوم کے رسوم و رواج سے بچا کر اصل اسلامی تعلیم کی جانب موڑ رہی ہے۔ انہی تقریبات میں سالِ نو کا آغاز دنیا کے ہر ملک اور ہر رنگ و نسل کے لوگوں کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے جس پر مذہبی اقدار کی دھجیاں اڑا دی جاتی ہیں۔ لیکن اس زمانہ میں بھی جماعت احمدیہ سے وابستہ دین اسلام کے پیروکار اپنی دینی اقدار کو قائم رکھے ہوئے ہیں۔

سیرالیون اگرچہ مسلم اکثریتی ملک ہے لیکن کرسمس اور نئے سال کو بھی بطور تہوار مکمل طور پر منایا جاتا ہے۔ ہر عمر کے مسلمان بھی عیسائیوں، ہندوؤں اور دیگر مذاہب کے ساتھ سال کا آخری ہفتہ شور و غوغا، ناچ گانے اور دیگر لغویات میں مصروف رہتے ہیں۔ مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون کے تحت سال نو کے آغاز پر خدام اور اطفال کو زمانے کی اس رو سے بچانے کے لیے ایک موثر تربیتی پروگرام تشکیل دیا گیا۔ اس پروگرام کا مقصد خدام اور اطفال کو خلیفہ وقت کے ارشاد پر لبیک کہنا اور من و عن عمل کو یقینی بنانا تھا۔

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے یکم جنوری 2023ء کو مکرم محمد مورث کمارا صاحب (مبلغ سلسلہ) صدر مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون کی منظوری سے شعبہ تربیت کے تحت مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون کو سال نو کا کامیاب پروگرام منانے کی توفیق ملی۔ پروگرام سے قبل نیشنل عاملہ کی آن لائن میٹنگ ہوئی۔ پروگرام کے انفوگرافکس بنا کر شیئر کیے گئے۔ خدام کے وٹس ایپ سٹیٹس اور ڈسپلے پکچر کے لیے خصوصی امیجز بنائے گئے جسے خدام کے علاوہ لجنہ اماء اللہ اور انصار نے بھی لگایا۔ اقتباسات، شارٹ ویڈیوز اور میسیجز بھی بھجوائے گئے۔

پروگرام کے تحت نئے سال کے سنگم پر نوافل کا اہتمام کیا گیا۔ بیشتر مجالس میں باجماعت نوافل ادا کیے گئے۔ نیز بعض مجالس میں خدام اور اطفال نے ساری رات مساجد میں ہی گزاری تا کہ علی الصبح نماز تہجد اجتماعی طور پر ادا کی جائے مبادا گھر جانے سے نماز تہجدرہ جائے۔ اسی طرح خدام و اطفال نے نفلی روزہ بھی رکھا اور عیادت مریضان کے لیے ہسپتال گئے اور مریضان کو نئے سال کی مبارک باد دی اور ان کی صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔ نماز تہجد، اجتماعی سحری، نماز فجر اور دروس کے بعد خدام و اطفال نے تلاوت بھی کی۔ انفرادی طور پر صدقہ دیا گیا نیز حضور انور کی خدمت میں دعائیہ خطوط لکھے گئے اور پودے لگائے گئے۔

اسی طرح پروگرام کے مطابق مجالس میں مثالی وقار عمل کا انعقاد کیا گیا۔ خدام و اطفال نے سڑکوں سے پلاسٹک بیگز اور کچرا اٹھایا، مساجد کی اندرونی و بیرونی صفائی کی گئی۔ نالیوں کی صفائی کے ساتھ ساتھ سڑکیں برابر کی گئیں نیز مختلف خالی پلاٹس اور wharfs کی صفائی کی گئی۔ انصار، لجنہ اماء اللہ و ناصرات بھی وقار عمل میں بھرپور حصہ لینے کے ساتھ ساتھ دیگر پروگرامز میں شامل ہوئیں۔ اسی طرح بعد نمازِ عصر فٹ بال کی گیمز کا انعقاد کیا گیا۔ امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 30؍دسمبر 2022ء کے خطبہ جمعہ میں جماعت کو جن دعاؤں کی تحریک فرمائی وہ بھی خدام و اطفال سمیت تمام احباب جماعت تک فوری پہنچانے کی کوشش کی گئی۔

احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ان پروگراموں کو باثمر فرمائے اور خدام و اطفال کو پنجوقتہ نماز قائم کرنے کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین

(رپورٹ :ذیشان محمود۔ نائب صدر ثانی۔ مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button