جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کا چھتیسواں جلسہ سالانہ
٭…نماز تہجد،باجماعت نمازیں اور تربیتی موضوعات پر دروس
٭…علمائے سلسلہ کی تعلیمی و تربیتی موضوعات پر تقاریر
٭…مقامی اخبارات و ٹی وی چینلزمیں کوریج
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے امسال جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ (Côte d Ivoire) کو کورونا کی عالمی وبا میں کمی کے بعد باقاعدہ طور پر جلسہ سالانہ کے انعقاد کی توفیق حاصل ہوئی۔ اس سے قبل ۲۰۱۹ء میں جلسہ منعقد کیا گیا تھا۔ گذشتہ سال نیشنل سطح پر جلسہ سالانہ کے انعقاد کی بجائے ریجنل سطح پر جلسہ جات منعقد کیے گئے تھے۔ تاہم امسال مورخہ ۲۳، ۲۴ اور ۲۵؍دسمبر ۲۰۲۲ء کو نیشنل جلسہ سالانہ بمقام مہدی آباد، آبی جان (Abidjan) بعنوان ’’احمدیت، خدمت انسانیت میں مشغول ایک جماعت‘‘ منعقد کیاگیا۔
جلسہ سالانہ کے انعقاد سے قبل مختلف مواقع پر امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب کی زیر صدارت نیشنل عاملہ نیز ریجنل مبلغین کرام کی میٹنگز بسلسلہ انعقاد جلسہ سالانہ کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں جلسہ سالانہ کے متعلق تمام امور مثلاً پروگرام جلسہ، مقام جلسہ، مہمانان کرام کی آمدو رہائش، طعام نیز دیگر امور وغیرہ کا جائزہ لیا گیا۔ ناظم جلسہ سالانہ مکرم کریم جوارا (Karim Djawara) صاحب کی زیر نگرانی جلسہ کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی۔ جلسہ کی تیاری کا سلسلہ مکرم امیر صاحب کی زیر ہدایت و نگرانی جلسہ کے ایام سے قبل ہی شروع کر دیا گیا تھا جس میں مہمانان حضرت مسیح موعودؑ کے طعام کے انتظام کے لیے اشیاء کی خریداری کی ذمہ داری نائب افسر جلسہ سالانہ مکرم لقمان احمد فرید صاحب مبلغ سلسلہ نیز مکرم احتشام الحسن صاحب مبلغ سلسلہ نے ادا کی نیز جلسہ گاہ کی تیاری کا کام بھی شامل تھا۔ وقار عمل کے ذریعے جلسہ گاہ کی صفائی کا انتظام کیا گیا جس میں مقامی خدام نیز معلمین کرام نے حصہ لیا۔
مہمانان کرام کی آمد اور معائنہ انتظامات
جلسہ سے ایک روز قبل مورخہ 22؍دسمبر بروز جمعرات دوپہر کے بعد سے دور دراز کے ریجنز سے مہمانان کے قافلہ جات جلسہ گاہ پہنچنا شروع ہو گئے۔ اسی دوران جلسہ گاہ میں ٹینٹ وغیرہ نیز سٹیج کی تیاری کا کام بھی شروع کر دیا گیا۔ سٹیج کو جلسہ گاہ کے تھیم سے آراستہ بینرز کے ساتھ سجا یاگیا۔ نیز ٹینٹس میں مہمانان کرام کے بیٹھنے کے لیے کرسیوں کا انتظام کیا گیا۔ اس روز جلسہ کے مہمانوں کے لیے صبح سے ہی لنگر حضرت مسیح موعودؑ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا تھا۔ مہمانان کرام کے طعام کے انتظام کے ساتھ ان کی رہائش کا انتظام ہیومینٹی فرسٹ کے زیر تعمیر ہسپتال کی عمارت نیز جماعتی موجودہ ہال نما مسجد میں کیا گیا جبکہ لجنہ اماء اللہ کی رہائش کا انتظام جماعتی سکول کے کمروں میں کیا گیا۔ نماز ظہر و عصر جمع کر کے ادا کی گئیں۔ شام چار بجے مکرم امیر صاحب نے جلسہ گاہ آکر تیاریوں کا معائنہ کیا نیز انتظامات سے متعلق ہدایات دیں۔ پھر نماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں جس کے بعد اعلانات ہوئے اورآنے والے احباب کرام کو جلسہ کی اہمیت نیز جلسہ گاہ کے متعلق راہنمائی کی گئی۔ بعد ازاں طعام کا انتظام کیا گیا۔
جلسہ کا پہلا دن
مورخہ ۲۳؍دسمبر بروز جمعۃ المبارک آئیوری کوسٹ کے ۳۶ویں جلسہ سالانہ کا پہلا دن تھا۔ چنانچہ جماعتی روایات کے مطابق جلسہ کے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے کیا گیا جو مکرم وترا عبدالرحمان صاحب معلم سلسلہ نے پڑھائی جس کے بعد نماز فجر ادا کی گئی اور درس بعنوان جلسہ سالانہ میں شرکت کی اہمیت دیا گیا۔ بعد ازاں شرکاء کو ناشتہ پیش کیا گیا۔ ناشتہ کے بعد جلسہ کی بقیہ تیاریوں کے ساتھ ساتھ شرکاء نے جلسہ کے پروگرام میں شرکت کی تیاری بھی شروع کر دی۔ جلسہ کے پروگرام کا اول حصہ حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا براہ راست خطبہ جمعہ تھا جس کے لیے احباب کرام تیاری کر کے جلسہ گاہ پہنچ گئے۔ چنانچہ جلسہ میں تمام شرکاء نے حضور انورکا خطبہ جمعہ سنا خطبہ کے اختتام کے ساتھ ہی امیر صاحب نےمقامی طور پر خطبہ جمعہ بعنوان ’’جلسہ سالانہ کے اغراض و مقاصد‘‘دیا جس کے بعد نماز جمعہ و عصر باجماعت ادا کی گئیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد شرکاء جلسہ کو طعام پیش کیا گیا اور احباب نے جلسہ کے افتتاحی پروگرام میں شرکت کے لیے تیاری کی۔
جلسہ سالانہ کا باقاعدہ افتتاح شام چار بجے کے بعد پرچم کشائی کی تقریب سے ہوا۔ مکرم امیر صاحب نے لوائے احمدیت جبکہ مکرم تیرو الحسن (Tero Allassane) صاحب نیشنل صدر انصاراللہ نے آئیوری کوسٹ کا مقامی جھنڈا لہرایا جس کے بعد امیر صاحب نے دعا کروائی۔
بعد ازاں امیر صاحب نے جلسہ کے افتتاحی اجلاس کی صدارت کی۔ تلاوت مکرم احتشام الحسن صاحب مبلغ سلسلہ سینفرا ریجن نے کی اوراس کا فرنچ ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔ بعد ازاں مکرم یحییٰ جیارہ صاحب معلم سلسلہ نے نظم پڑھی۔ پھر مکرم امیر صاحب نے جلسہ کی افتتاحی تقریر کی جس میں ’’جلسہ کی اہمیت و برکات‘‘ کا ذکر کیا گیا۔ افتتاحی تقریر کے بعد مکرم عبدالسلام طورے صاحب مبلغ سلسلہ دلوا ریجن نے ’’صحابہ رسول کریمﷺاطاعت کا اعلیٰ نمونہ‘‘ کے عنوان سے فرنچ زبان میں تقریر کی اور اس کا مختصر خلاصہ لوکل زبان جولا میں بھی پیش کیا۔ اس تقریر کے بعد پہلے اجلاس کا اختتام ہوا اور چند اعلانات کے بعد شاملین جلسہ نے باجماعت نماز مغرب و عشاء ادا کیں۔ اس جلسہ میں سٹیج سیکرٹری کی ذمہ داری مکرم احمد باپینا(Ahmadou Bapina) صاحب نیز مکرم عبدالسلام طورے مبلغ سلسلہ نے ادا کی۔ نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد شام ساڑھے سات بجے مکرم ڈاکٹر احمد کالیبالی صاحب نے ویڈیو کے ذریعے حاضرین جلسہ کو کورونا وبا کی حقیقت و اثرات اور اس سے بچاؤ کے متعلق آگاہ کیا۔ جس کے بعد رات کا کھانا پیش کیا گیا۔اور یوں جلسہ کے پہلے دن کا اختتام ہوا۔
جلسہ کا دوسرا دن
جلسہ سالانہ کے دوسرے دن کا باقاعدہ آغاز حسب روایت باجماعت نماز تہجد سے ہوا جس کی امامت مکرم کونے ابوبکر (Kone Aboubakar) صاحب معلم سلسلہ نے کروائی۔ نماز فجر کی ادائیگی کے معاً بعدمکرم تیرو الحسن صاحب نیشنل صدر انصار اللہ نیز جابی مصطفیٰ(Diabi Moustafa) صاحب نیشنل صدر خدام الاحمدیہ نے اپنی اپنی تنظیموں کے کام اور ان کی ذمہ داریوں کے عنوان سے درس دیا۔ جس کے کچھ دیر بعد شاملین جلسہ ناشتہ سے لطف اندوز ہوئے۔ ناشتہ کے بعد شرکاءجلسہ کے دوسرے روز کی کارروائی سے مستفیض ہونے کے لیے پنڈال میں تشریف لے آئے ۔ صبح ساڑھے نو بجے پروگرام کا باقاعدہ آغاز مکرم امیر صاحب آئیوری کوسٹ کی زیر صدارت ہوا۔ تلاوت قرآن کریم مکرم بناؤ عبدالرزاق (Banao Abdurazaq)صاحب مبلغ سلسلہ ریجن ابنگرو نے کی جس کے بعد اس کا فرنچ ترجمہ بھی پڑھا گیا۔ بعد ازاں مکرم سنگھارے یحییٰ صاحب معلم سلسلہ نے اردو نظم پڑھی اور اس کا فرنچ ترجمہ پیش کیا۔ جلسہ کے دوسرے اجلاس کی پہلی تقریر مکرم سانفو مبارک (Sanfo Moubarak) صاحب ریجنل قائد بواکے نے ’’احمدیت، خدمت انسانیت میں مشغول ایک جماعت‘‘ کے عنوان پر بزبان فرنچ کی جس کا مقامی زبان جولا میں ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔ اس تقریر کے بعد مکرم امیر و مشنری انچارج صاحب آئیوری کوسٹ نے آئیوری کوسٹ میں جماعت کی ترقیات اور جماعت کی طرف سے کیے جانے والے دینی و سوشل و فلاحی کاموں کا خلاصہ پیش کیا۔ امیر صاحب کی تقریر کے بعد مکرم ماجد احمد صاحب انچارج شعبہ ہیلتھ کیئر برائے ہیومینٹی فرسٹ انٹرنیشنل نے ہیلتھ کیئر پروگرام کے تحت مہدی آباد میں زیر تعمیر ہسپتال نیز ہیومینٹی فرسٹ کے دیگر خدمت انسانیت کے کاموں کاخلاصہ بزبان انگریزی پیش کیاجس کا ساتھ ہی ساتھ مکرم سلطان احمد صاحب مبلغ سلسلہ فیرکے ریجن نے فرنچ زبان میں ترجمہ بھی کیا جس کے بعد اگلی تقریر مکرم بالو احمد (Balo Ahmadou) صاحب معلم سلسلہ نے بعنوان ’’اسلام میں خاندانی نظام برکت کا موجب‘‘ کی۔اس تقریر کے ساتھ ہی جلسہ کے دوسرے روز کی کارروائی کا اختتام ہوا۔
مہمانان کا سٹالز کا دورہ
مکرم بالو احمد صاحب کی تقریر کے دوران مکرم امیر صاحب کے ہمراہ جلسہ میں شامل مہمانان کرام نے جلسہ گاہ کے ساتھ ہی لگائے گئے سٹالز کا وزٹ کیا۔ ان سٹالز میں اولاً تصویری نمائش شامل تھی۔ اس نمائش میں جماعت آئیوری کوسٹ کی جماعتی ترقیات کا تصویری خلاصہ پیش کیا گیا تھا۔ جبکہ اس سٹال کے بعد ہیومینٹی فرسٹ نے اپنا کیمپ لگایا ہوا تھا جس میں مکرم یحییٰ وترا (Yaya Ouattara) صاحب صدر ہیومینٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ کے ہمراہ ان کی ٹیم نے تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے ہیومینٹی فرسٹ کے آئیوری کوسٹ میں جاری پروگرامز کا خاکہ پیش کیا نیز ہیومینٹی فرسٹ کی جانب سے تیار کردہ اشیاء برائے فروخت بھی موجود تھیں۔ اس کے بعد جماعتی انجینئر ایسوسی ایشن IAAAE کا سٹال بھی موجود تھا جس میں اس شعبہ کے انچارج مکرم عثمان لامین(Ousmane Lamien) صاحب نے مہمانان کو اس کے تحت جاری کاموں کا خاکہ پیش کیا نیز ایسوسی ایشن کے تیار کردہ پمفلٹس مہمانان کو دیے گئے۔ جس کے بعد مہمانان نے ہیومینٹی فرسٹ کی جانب سے لگائے گئے میڈیکل کیمپ کا بھی دورہ کیا اور میڈیکل ٹیم سے ملاقات کی۔ اس دوران مکرم امیر صاحب نے جلسہ کی کوریج کے لیے آنے والے مختلف میڈیا کے نمائندوں کو انٹرویو دیا جس میں جماعتی تعارف کے ساتھ جلسہ کے مقاصد سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس پروگرام کے بعد تمام مہمانان کرام ہال میں تشریف لے گئے جہاں ان کے لیے ریفریشمنٹ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ جلسہ کے ایام میں مہمانان خصوصی کے طعام و ریفریشمنٹ کی ذمہ داری مکرم شاہد احمد مسعود صاحب مبلغ سلسلہ بندوکو ریجن نے ادا کی۔
نماز ظہر و عصر کی ادائیگی نیز طعام کے بعد جلسہ کے تیسرے اجلاس کا باقاعدہ آغاز مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کی سعادت مکرم سوادوگو احمد (Sawadogo Ahmadou) صاحب معلم سلسلہ بندوکو شہر نے حاصل کی جس کے بعد اس کا فرنچ ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔ حضرت مسیح موعودؑ کی نظم مکرم شاہد احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے پڑھی اور اس کا فرنچ ترجمہ بھی کیا گیا۔ اس اجلاس کی پہلی تقریر مکرم سورو الحسن(Soro Allassane) صاحب مبلغ سلسلہ بسم ریجن نے بعنوان ’’آنحضرتﷺ خاندانی تعلقات کے انتظام کا بہترین نمونہ‘‘ فرنچ زبان میں کی جس کے بعد مقامی جولا زبان میں اس کا خلاصہ بھی پیش کیا گیا۔ اس تقریر کے بعد دوران سال قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والے نیز تعلیمی میدان میں اعلیٰ کامیابیاں سمیٹنے والے طلبہ و طالبات میں مکرم امیر صاحب نے تحائف و اسناد تقسیم کیں۔ امسال کل 28؍افراد نے قرآن کریم کا دور مکمل کیا جبکہ 48 طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ تقسیم انعامات کے بعد مکرم صدیق جیالو (Sadique Djialou) صاحب معلم سلسلہ نے ’’مقام حضرت مسیح موعودعلیہ السلام‘‘ کے موضوع پر بزبان جولا تقریر کی جس کا بعد ازاں فرنچ زبان میں خلاصہ بھی پیش کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی اس اجلاس کا اختتام ہوا۔
نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعدتقریب آمین کا اہتمام کیا گیا۔ مکرم امیر صاحب نے دوران سال قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والے چند افراد کی آمین کروائی اور دعا سے پروگرام کا اختتام ہوا۔ اس پروگرام کے بعد ایک گھنٹہ پر مشتمل مجلس سوال و جواب ہوئی جس کی صدارت مکرم باسط احمد صاحب مبلغ سلسلہ ریجن بواکے نے کی۔ ان کے ساتھ مکرم صادق احمد لطیف صاحب مبلغ سلسلہ ابنگرو ریجن و مکرم بالو احمد صاحب معلم سلسلہ اموریاکرو بھی سوالات کے جوابات دینے کے لیے پینل میں موجود تھے۔ اس دوران حاضرین جلسہ نے سوالات پوچھے جن کے جوابات دیے جاتے رہے۔ سوال و جواب کے اس دلچسپ پروگرام کے اختتام پر مہمانان حضرت مسیح موعودؑ کی کھانے سے تواضع کی گئی جس کے بعد آرام کے لیے مہمانان کو وقت دیا گیا اور یوں جلسہ کے دوسرے بابرکت دن کا اختتام ہوا۔
جلسہ کا تیسرا دن
جلسہ کے تیسرے دن کا آغاز جلسہ کی روایت کے مطابق باجماعت نماز تہجد و نماز فجر سے ہوا۔ نماز تہجد کی امامت مکرم باسط احمد صاحب مبلغ سلسلہ کے حصہ میں آئی۔ نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مکرم زالے محمد (Zalle Mohammad) صاحب مبلغ سلسلہ سساندرا ریجن نے درس بعنوان ’’عصر حاضر میں معاشرتی پستی کے باوجود اپنی اولاد کی اعلیٰ تربیت کیسے کی جائے‘‘ دیا۔ اس کے کچھ دیر بعد حاضرین جلسہ کو ناشتہ دیا گیا اور سب نے جلسہ کے اختتامی اجلاس کی تیاری کی۔
آئیوری کوسٹ کے 36ویں سالانہ جلسہ کا اختتامی اجلاس مکرم امیر و مشنری انچارج صاحب آئیوری کوسٹ کی زیر صدارت صبح ساڑھے آٹھ بجے شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم مکرم منصور احمد صاحب مبلغ سلسلہ داؤکرو ریجن نے کی جس کے بعد اس کا فرنچ ترجمہ پیش کیا گیا۔ بعد ازاں مکرم شاہد احمد صاحب مبلغ سلسلہ نیز مکرم سنگھارے یحییٰ صاحب معلم سلسلہ نےترانہ پڑھا اور اس کا فرنچ ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔جس کے بعد اس جلسہ سالانہ کے چوتھے و اختتامی اجلاس کی پہلی تقریر مکرم صادق احمد صاحب مبلغ سلسلہ ریجن ابنگرو نے بعنوان ’’خلفائے احمدیت کی امن عالم کے لیے کوششیں‘‘ بزبان فرنچ کی جس کا بعد ازاں مقامی زبان جولا میں مختصر ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔ پھر مکرم کیما عمر صاحب نیشنل جنرل سیکرٹری جماعت آئیوری کوسٹ نے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کے جماعتی کاموں کا خلاصہ پیش کیا جس کے بعد مکرمہ شکورہ صاحبہ (Madame Shakoura Adéwale) نیشنل صدر لجنہ اماءاللہ نے لجنہ اماءاللہ کی مختصر تاریخ اور صد سالہ جوبلی پروگرامز نیز لجنہ اماءاللہ آئیوری کوسٹ کے کاموں کا مختصر جائزہ پیش کیا۔ نیز چونکہ آج لجنہ اماءاللہ کی تنظیم قائم ہوئے 100 سال پورے ہوگئے تھے اس ضمن میں بھی آپ نے مختصر خطاب کیا اور لجنہ اماء اللہ کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ بعد ازاں مہمان مکرم کولیبالی لاما صاحب نے مختصر خطاب کیا اور خطاب کے بعد جلسہ میں ہی بفضل تعالیٰ اپنی بیعت کرنے کا اعلان بھی کیا۔
خطاب حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز برائے جلسہ قادیان میں لائیو شرکت
امسال جلسہ سالانہ آئیوری کوسٹ کی خصوصی بات یہ تھی کہ پہلی مرتبہ جلسہ سالانہ کے شاملین کو بذریعہ لائیو سٹریمنگ حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطاب برائے جلسہ سالانہ قادیان 2022ء میں دیگر افریقی ممالک کی طرح شرکت کی سعادت نصیب ہوئی۔ اس لائیو سٹریمنگ کے لیے مقامی طور پر مکرم شاہ رخ پاشا صاحب نیز خاکسار (عبدالنورمبلغ سلسلسہ) کو انتظامات کرنے کی توفیق حاصل ہوئی۔ یہ جلسہ سالانہ آئیوری کوسٹ کی تاریخ میں اس لحاظ سے ہمیشہ تاریخی اہمیت کا حامل رہے گا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطاب ہی آئیوری کوسٹ کے جلسہ کا اختتامی خطاب تھا۔ چنانچہ مہمانان کے خطابات کے بعد لائیو اجلاس میں شرکت کے لیے فوری انتظامات مکمل کیے گئے اور تمام احباب کرام مکمل توجہ کے ساتھ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے لائیو خطاب کو سننے کے لیے کرسیوں پر براجمان ہوئے۔ اسی طرح اسٹیج پر موجود تمام مہمانان بھی جلسہ گاہ میں آکر بیٹھ گئے۔ حضور انور کابراہ راست خطاب سب نے سنا جو کہ شاملین کے ازدیاد ایمان کا موجب بنا۔ جس کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اختتامی دعا کروائی جو کہ آئیوری کوسٹ کے جلسہ کی بھی اختتامی دعا تھی۔دعا کے بعد براہ راست نشریات کے ختم ہوتے ہی جلسہ سالانہ آئیوری کوسٹ2022ء کا باقاعدہ اختتام ہوگیا۔ بعد ازاں احباب جماعت نے نماز ظہر و عصر کی تیاری کی اور نمازوں کے بعد کھانا فراہم کیا گیا جس کے ساتھ ہی احباب کرام اپنی اپنی منزلوں کی طرف روانہ ہونا شروع ہوگئے اور جو اس دن سفر نہ کر سکتے تھے ان کا قیام جلسہ گاہ میں ہی تھا اور وہ اگلے دن اپنے اپنے مقامات کی جانب روانہ ہو ئے۔
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے امسال جلسہ سالانہ آئیوری کوسٹ میں شاملین کی تعداد ساڑھے چار ہزار مردو خواتین و بچگان کے قریب رہی۔ جلسہ گاہ کے ساتھ بازار کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ملبوسات کے سٹالز، ادویات نیز کتب سٹال برائے فروخت اور دیگر کھانے پینے کے سٹالز بھی موجود تھے۔ جلسہ کے شرکاء کے لیے تجنید کا بھی اہتمام تھا جس کے تحت جلسہ کے داخلی راستہ پر کیمپ برائے حاضری لگایا گیا۔ جلسہ گاہ کی تزئین و آرائش مکرم یوسف کولیبالی (Youssouf Coulibaly) صاحب کی زیر نگرانی ہوئی جس میں جلسہ گاہ کو مختلف بینرز کے ساتھ سجایا گیا۔ جبکہ قافلوں کے استقبال کے بھی انتظامات کیے گئے۔ جلسہ سالانہ سے قبل ہی مختلف پوسٹس بنا کر سوشل میڈیا کے ذریعے جلسہ کی تشہیر کی جاتی رہی جبکہ جلسہ کے دوران بھی جلسہ کی لائیو کارروائی بذریعہ فیس بک دکھائی جاتی رہی یہ خدمت کی توفیق مکرم صلا اسمائیل(Sylla Ismail) صاحب کو ملی۔ جلسہ کے تینوں دن خدام الاحمدیہ نے تندہی کے ساتھ سیکیورٹی کی خدمات سر انجام دیں جبکہ ساتھ ہی مقامی پولیس بھی سیکیورٹی کے لیے موجود رہی۔ ایم ٹی اے آئیوری کوسٹ نے بھی مکرم اکامفے(M. Akaamfe) صاحب کی قیادت میں بھرپور خدمت کی اور جلسہ کے ہر پروگرام کی فلم کشی کی جاتی رہی۔اس جلسہ میں کئی مہمانان کرام نے بھی شرکت کی جن میں مکرمہ فلانیزارا طورے صاحبہ ممبر آف پارلیمینٹ کے علاوہ کئی دیگر نمائندگان برائے تعلیم و CNPS شامل تھے۔ اسی طرح کئی مقامی غیر احمدی امام بھی اس جلسہ میں شریک ہوئے۔ جلسہ سالانہ کی رپورٹ مقامی اخبارات مثلاً l‘interنیزAIPمیں نشر ہوئی جبکہ ٹی وی چینل A12پر جلسہ کی رپورٹ نشر کی گئی نیز سرکاری ٹی وی چینل پر بھی عنقریب رپورٹ نشر کی جائے گی انشاءاللہ۔ جبکہ جلسہ سے قبل سرکاری اخبار Fraternité Matinاور سرکاری ٹی وی RTI1اورRTI2 پر جلسہ کی پروموشنل ویڈیوز نشر کی گئیں۔
جلسہ سالانہ کو کامیاب بنانے کے لیے اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم کے ساتھ سب شعبہ جات نے بھرپور تعاون و خدمت کی توفیق پائی جس میں شعبہ نظافت، شعبہ ضیافت، شعبہ آڈیو ویڈیو، شعبہ جلسہ گاہ، شعبہ تزئین و آرائش، شعبہ بازار،شعبہ سیکیورٹی و دیگر شعبہ جات شامل ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ شاملین جلسہ کو حضر ت مسیح موعودؑ کی شرکاء جلسہ کے لیے کی جانے والی دعاؤں کا وارث بنائے اور جلسہ میں شمولیت کے ذریعے سب اپنے اندر روحانی تبدیلیاں پیدا کرنے وا لے ہوں۔ اور جلسہ میں شرکت کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے آئندہ بھی بھرپور رنگ میں شرکت کرنے والے ہوں۔آمین ثم آمین
(رپورٹ: عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)