یورپ (رپورٹس)

جماعت چیک ریپبلک میں سالِ نو پر وقارِ عمل اور تبلیغی مہم

(کاشف احمد جنجوعہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل چیک ریپبلک)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ یکم جنوری ۲۰۲۳ء کو چیک ریپبلک کے علاقہ Litomerice میں پہلی دفعہ اجتماعی وقارِ عمل منعقد ہوا۔ اس علاقہ میں ہماری ایک احمدی فیملی رہائش پزیر ہے۔ یہ شہر پراگ سے تقریباً 70 کیلومیڑ کے فاصلہ پر واقع ہے۔

اس پروگرام میں معاونت کے لیے جرمنی سے تین خدام بھی تشریف لائے جنہوں نے گذشتہ رات ادھر ہی قیام کیا۔ اس گھر میں نئے سا ل کا آغاز حسبِ معمول باجماعت نمازِ تہجد سے ہوا۔ جس کے بعد فجر کی نماز ادا ہوئی۔ بعدہُ نیشنل سطح پر درس کا انتظام آن لائن ہوا۔ خاکسار (مبلغ سلسلہ و نیشنل صدر جماعت چیک ریپبلک) نے نئے سال کا درس سکائپ کے ذریعہ سے دیا جس کے ذریعہ 26 افراد نے درس میں شمولیت اختیار کی۔

درس میں نئے سال میں بد رسومات کا ذکر ہوا اور خاکسار نے پیارے آقا کے خطبات کے ذریعہ سے احبابِ جماعت کو بتایا کہ ایک احمدی کو نئے سال کا آغاز کس طرح سے کرنا چاہیے۔ درس کے اختتام پر دعا ہوئی۔ اس کے بعد اس گھر میں احباب نے ناشتہ تناول کیا۔ پروگرام کے مطابق ناشتے کے بعد احباب وقارِ عمل کے لیے روانہ ہوئے۔

وقار عمل کے سلسلہ میں شہرŽahlostice کے مئیر سے اس سے قبل اجازت حاصل کرلی گئی تھی۔ الحمدللہ انہوں نے بہت تعاون کیا اور خود ہمیں صفائی کا جملہ سامان مہیا کیا۔ یہاں چیک ریپبلک میں حکومتی سطح پر آتش بازی پر کچھ حد تک پابندی تھی۔ لہٰذا شہروں نے آتش بازی میں حصہ نہ لیا البتہ انفرادی طور پر جو آتش بازی کرنا چاہتا تھا اس کو کرنے کی اجازت تھی۔ بہرحال چھوٹے شہروں میں آتش بازی برائے نام ہوئی۔ جس کی وجہ سے سڑکوں پر گند نہ ہونے کے برابر تھا۔

ہمارا اس دن بھی کچھ اسی طرح کا تجربہ ہوا کہ سڑکیں صاف تھیں۔ اس پر فوراً ایک نئی سکیم بنائی گئی۔ ہمیں راستے میں لوگوں کی کثرت hiking sticksپکڑتے ہوئے نظر آئی۔ اور ان کی تعداد دیکھتے دیکھتے ایک سو سے تجاوز کرگئی۔

چنانچہ ہم نے فیصلہ کیا کہ ہم بھی ان کے ساتھ چلتے ہیں اور شائد جہاں پر یہ جائیں گے ہمیں اس جگہ پر وقارِ عمل کا بھی موقع مل جائے گا۔

وہاں پر پہنچتے ہمیں معلوم ہوا کہ وہاں کے لوگوں میں یہ روایت ہے کہ ہر نئے سال کے آغاز میں صبح سویرے اس علاقہ کی پہاڑی پر چڑھا جاتا ہے۔ لہٰذا ہم نے بھی پہاڑی پر وہاں کے باشندوں کے ساتھ چڑھنا شروع کیا۔

اس دوران لوگوں نے ہمیں جماعت کی ویسٹ پہنے ہوئے دیکھا جس پر ہمارا سلوگن لگا ہوا تھا۔ لوگوں نے حیرت کا اظہار کیا جس پر ہم نے ان کو اسلام احمدیت کی تعلیم سے آگاہ کیا۔ اس طرح بہت سے لوگوں میں جماعت کا تعارف ہوا۔ کچھ لوگوں نے ہماری تصاویر بینر کے ساتھ کھینچیں۔

بہر حال ہمیں پہاڑی پر بھی کچھ وقارِ عمل کرنے کا موقع ملا۔ اور اسی طرح ان لوگوں میں لیفلٹ تقسیم کرنے کا بھی موقع ملا۔ یہاں تک کہ وہاں پر لگے ہوئے ایک ٹینٹ میں کام کرنے والے لوگوں کو پیغام اتنا اچھا لگا کہ انہوں نے ہم سے لیفلٹ حاصل کرکے خود لوگوں میں تقسیم کرنا شروع کردیے۔ الحمدللہ

خدا تعالیٰ کے خاص فضل سے یہ دن ہمارے لیے بہت باعثِ برکت رہا۔ فالحمدللہ علیٰ ذٰلک

اللہ تعالیٰ ہماری جملہ مساعی میں برکت ڈالے اور ہماری حقیر کوششوں کا باثمر نتیجہ سامنے آئے۔ آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button