حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…سعودی عرب میں تیز ترین حرمین ٹرین چلانے کے لیے ۳۲؍خواتین ڈرائیورز کی تربیت مکمل ہوگئی جو کہ اس سال حج کے موقع پر خدمات انجام دیں گی۔ اور حجاج کو تمام اسٹیشنوں تک پہنچائیں گی۔ حرمین ایکسپریس کورونا سے پہلے والے دَور کی طرح کام کرے گی اور ٹرینوں پر فی گھنٹہ تقریباً ۷۲؍ ہزار عازمین سفر کریں گے۔ مکہ سے مدینہ اور مدینہ سے مکہ یہ حرمین ایکسپریس ۴۵۰؍کلومیٹر کا سفر دوگھنٹے میں طے کرتی ہے۔

٭…عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ ۳۸ ممالک میں نئے کووڈ ویریئنٹ ایکس بی بی ۱.۵ کے کیس رپورٹ ہو رہے ہیں۔ نئے کووڈ ویریئنٹ ایکس بی بی ۱.۵ سے ویکسین شدہ افراد کے متاثر ہونے کا امکان زیادہ ہے۔ نئے کووڈ ویریئنٹ کے پہلے سے زیادہ خطرناک ہونے کے فی الحال شواہد نہیں۔نئے کووڈ ویریئنٹ کے ۸۲فیصد کیسز امریکہ میں جبکہ ۸ فیصد برطانیہ میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق نئے کووڈ ویریئنٹ کے ۲ فیصد کیس ڈنمارک میں رپورٹ ہوئے۔ یورپی مرکز انسدادِ بیماری کے مطابق امریکہ میں نیا کووڈ ویریئنٹ ۱۲.۵ فیصد زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہے۔

٭…روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے ٹیلیفونک رابطہ میں اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا ہے۔ ماسکو سے کریملن کا کہنا ہے کہ دونوں صدور میں یوکرین اور روس کے درمیان قیدیوں کے تبادلے اور ترکی کے شام سے تعلقات معمول پر لانے سے متعلق بھی بات ہوئی۔ روسی صدر پیوٹن نے اس موقع پر یوکرین کو مغربی ہتھیاروں کی بڑھتی ہوئی ترسیل پر تنقید کی۔ صدرپیوٹن نے یوکرین کی تباہ کن پالیسیوں سے بھی ترک صدر کو آگاہ کیا۔

٭…ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد الجدعان نے کہا ہے کہ سعودی عرب بڑی طاقتوں امریکہ اور چین کے درمیان پل کا کردار ادا کرسکتا ہے۔ سعودی عرب کے بیک وقت امریکہ اور چین سے سٹریٹجک تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے کووڈ ۱۹ کے پس منظر میں چین پر ناجائز کاروباری معاملات کا الزام لگایا تھا۔ معاملات میں بہتری کےلیے امریکی وزیر خارجہ اگلے ماہ چین کے دورے پر جائیں گے۔

٭…مردم شماری اور آبادیات پر مرکوز ایک آزاد ادارے کے ریویو کے تخمینوں کے تحت بھارت چین کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کی سب سے بڑی آبادی والا ملک بن گیا۔ادارے کے تخمینے کے مطابق ۲۰۲۲ء کے اختتام پر بھارت کی آبادی ایک ارب ۴۱؍کروڑ ستّر لاکھ سے زائد رہی جو کہ چین کی آبادی سے پچاس لاکھ زیادہ ہے۔ دوسری جانب چین نے ۲۰۲۲ء کے اختتام پر اپنی آبادی ایک ارب ۴۱؍کروڑ ۱۷؍ لاکھ ۵۰؍ہزار بتائی ہے۔ایک اَور سروے نے بھارت کی آبادی کا تخمینہ ایک ارب ۴۲؍کروڑ بتایا ہے۔

٭…سربیا کے صدر الیگزینڈر ووچچ نے روس کی ویب سائٹس اور سوشل میڈیا گروپس پر سرب زبان میں اشتہارات کی اشاعت پر تنقید کرتے ہوئے روس سے کہا ہے کہ وہ یوکرین میں جنگ لڑنے کےلیے سرب شہریوں کو بھرتی کرنا بند کرے۔ان اشہارات کے ذریعے سرب شہریوں کو روس کے پیرا ملٹری گروپ میں شمولیت کےلیے اعلانات کیے جا رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یوکرین میں ۲۰۱۴ءاور ۲۰۱۵ء کے دوران روس کی حامی فورسز کی طرف سے سربیا کے شہریوں نے بھی لڑائی میں حصہ لیا تھا۔یورپی یونین سربیا کا اہم تجارتی پارٹنر اور سرمایہ کار ہے اور اسی بنیاد پر وہ یورپی یونین میں شمولیت کا بھی امیدوار ہے لیکن سربیا کا روس کے ساتھ بھی تجارتی اور عسکری تعاون ہے۔سربیا کے وزیر دفاع مائیلوس نے بھی اپنے شہریوں کو یوکرین کے خلاف جنگ میں روسی فوجی دستوں میں شامل ہونے سے خبردار کرتے ہوئے ریڈیو فری یورپ پر کہا کہ ایسے شہریوں کے خلاف ریاستی ادارے قانونی کارروائی کریں گے۔ خیال رہے کہ سربیا اپنی گیس درآمدات کےلیے مکمل طور پر روس پر انحصار کرتا ہے۔

٭… افغانستان کے صوبے ننگر ہار میں محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ مرد ملازمین شریعت کے مطابق داڑھی رکھیں اور باجماعت نماز ادا کریں۔ جبکہ ننگر ہار کے محکمہ تعلیم نے خواتین ملازمین کو کہا ہے کہ وہ حجاب کی پابندی کریں۔ عمل نہ کرنے والے ملازمین کو برخاست کیا جاسکتا ہے۔

٭… ویتنام کے صدر زوان فوک نے انسدادِ بدعنوانی مہم کے دوران عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ کمیونسٹ پارٹی کا کہنا ہے کہ صدر زوان فوک ۲۰۱۶ء سے ۲۰۲۱ء تک اپنی وزارت عظمیٰ کے دوران سینئر وزراءکی کرپشن کے ذمہ دار ہیں۔دو نائب وزرائے اعظم کو اسی مہینے انسدادِ بدعنوانی مہم میں برطرف جبکہ درجنوں سرکاری عہدیداروں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔زیادہ تر کرپشن الزامات کورونا سے بچاؤ کےلیے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات پر ہیں۔تقریباً ایک سو عہدیدار اور تاجروں کو کورونا ٹیسٹنگ کٹ کی تقسیم کے سکینڈل میں گرفتار کیا جاچکا ہے۔کورونا کے پھیلاؤ کے بعد ویتنام نے ساٹھ ممالک سے اپنے شہریوں کی واپسی کےلیے آٹھ صد چارٹرڈ پروازوں کا انتظام کیا تھا۔ لیکن مسافروں کو بہت مشکل مراحل کا سامنا کرنا پڑا اور انہوں نے ملک واپس جانے کےلیے ہوشربا فضائی کرایہ اور قرنطینہ فیس ادا کی۔

٭… سپیشل ایڈوائزری کونسل فار میانمار کے مطابق یورپ، شمالی امریکہ اور ایشیا کے ۱۳؍ممالک میانمار کی فوجی جنتا کو براہ راست یا بالواسطہ معاونت فراہم کر رہے ہیں۔ یہ ممالک میانمار کی سرکاری کمپنی کو ساز و سامان فراہم کرتے ہیں جس سے اسلحہ تیار کیا جاتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق آسٹریا، فرانس، چین، سنگاپور، بھارت، اسرائیل، یوکرین، جرمنی، تائیوان، جاپان، روس، جنوبی کوریا اور امریکہ خام مال، مشینیں، ٹیکنالوجی اور مختلف پرزے میانمار کے ڈائریکٹوریٹ آف ڈیفنس انڈسٹریز کو فراہم کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ میانمار کی فوج نے فروری ۲۰۲۱ء میں ملک کا کنٹرول سنبھال لیا تھا۔ تب سے اب تک فوج ۲ ہزار ۷۳۰ سے زائد افراد کو ہلاک اور۱۷ ہزار ۲۰۰؍افراد کو گرفتار کرچکی ہے۔

٭… افریقی ملک کانگو کے گرجا گھر میں بم دھماکے سے پانچ افراد ہلاک اور ۱۵؍زخمی ہوگئے۔ ڈیموکریٹک ری پبلک آف کانگو کے مشرقی شہر کسندی کے گرجا گھر میں بم دھماکے سے ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ کانگو کی فوج کے مطابق گرجا گھر میں بم دھماکا ممکنہ طور پر داعش سے تعلق رکھنے والی مقامی شدت پسند تنظیم نے کیا۔ اس بم دھماکے کی ذمہ داری ابھی تک کسی گروپ نے قبول نہیں کی۔

٭… مغربی افریقہ کے ملک برکینا فاسو کے شمالی علاقے میں خوارک کی شدید قلت کے سبب پتے اور جنگلی پھل اکٹھاکرنے والی ۵۰؍خواتین کو عسکریت پسندوں نے اغوا کیا۔ دارالحکومت واگا ڈوگو سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق اغوا کی اس واردات کے دوران کچھ خواتین جان بچا کر بھاگنے میں کامیاب ہوئیں، جنہوں نے واپس آکر واقعہ کو رپورٹ کیا۔ برکینا فاسو مجموعی طور پر ایک دہائی سے جاری شورش کی زد میں ہے جس نے تقریباً ۲۰؍لاکھ افراد کو بےگھر کردیا ہے۔

٭… امریکی ریاست فلوریڈا میں مارٹن لوتھر کنگ جونیئر ڈے کی تقریب میں فائرنگ سے آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔ ایک ہزار سے زائد افراد فورٹ پیئرس میں ہونے والی تقریب میں شریک تھے۔ فائرنگ شام پانچ بج کر ۲۳ منٹ پر ہوئی، زخمی ہونے والے تمام افراد بالغ العمر تھے، زخمیوں کو فوری ہسپتال لے جایا گیا۔ ولیس افسر برائن ہیسٹر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ فائرنگ کے بعد لوگ ہر سمت میں بھاگے، شہریوں نے گاڑیوں کے پیچھے اور جو کچھ انہیں نظر آیا اس کے پیچھے چھپ کر جان بچائی۔ پولیس چیف نے کہا کہ بھگدڑ مچنے سے ایک نوجوان زخمی بھی ہوا، موقع پر موجود دو پولیس افسران جائے واردات پر پہنچے اور زخمیوں کی مدد کی۔ یہ امریکہ میں رواں سال عوامی جگہ پر ہونے والا فائرنگ کا تیسواں واقعہ ہے۔

٭… برطانیہ میں کووڈ ویکسی نیشن سے متعلق غلط معلومات پھیلانے پر ٹوری کے رکن پارلیمنٹ کو معطل کر دیا گیا۔لیسٹر شائر سے کنزرویٹیو ایم پی اینڈریو برجن نے ویکسین کا ہولوکاسٹ سے موازنہ کیا تھا۔ ٹوری چیف وہپ سائمن ہرٹ کا کہنا ہے کہ اینڈریو برجن لائن کراس کر گئے تھے۔ انہوں نے نامناسب تبصرہ کر کے بڑا جرم کیا۔ تحقیقات مکمل ہونے تک اینڈریو برجن آزاد امیدوار کے طور پر پارلیمنٹ میں بیٹھ سکیں گے۔ کووڈ سےحفاظت کےلیے ویکسین بہترین دفاع ہے۔ اس حوالے سے غلط معلومات جانوں کے ضیاع کا سبب بنتی ہے۔وزیراعظم رشی سونک نے بھی اینڈریو برجن کے تبصرے کی مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی ناقابل برداشت قرار دیا۔

٭… چین کے صوبے لیاؤننگ میں کیمیکل پلانٹ میں دھماکے سے پانچ افراد ہلاک اور ۳۴؍زخمی ہوگئے جبکہ آٹھ افراد لاپتہ ہیں۔ دھماکے کے بعد آگ لگ گئی، فائر فائٹرز نے کئی گھنٹوں کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ دھماکا پلانٹ میں مرمتی کام کے دوران ہوا، دھماکے کی وجوہات سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

٭… انڈونیشیا کے ریجن سولاویسی میں زلزلہ آیا ہے، زلزلے کے جھٹکوں سے ملک کے مشرقی علاقے لرز کر رہ گئے۔ زلزلے کی شدت چھ جبکہ گہرائی ۱۴۵؍کلو میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔انڈونیشیا میں آنے والے زلزلے کے جھٹکے ملائیشیا میں بھی محسوس کیے گئے ۔

٭… فرانس سے تعلق رکھنے والی دنیا کی معمر ترین خاتون لوسائل رینڈن ۱۱۸؍سال کی عمر میں چل بسیں۔ وہ ۱۱؍فروری ۱۹۰۴ء کو پیدا ہوئی تھیں اور ان کی موت سوتے وقت ہوئی۔ وہ ایک نرسنگ ہوم میں رہائش پذیر تھیں ۔ گذشتہ سال ۱۱۹؍برس کی عمر میں جاپان کی کین تناکا کی موت کے بعد گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے اپریل ۲۰۲۲ء میں باضابطہ طور پر ان کو معمر ترین قراردیا گیا تھا۔

٭… فرانس کی خاتون اول بریگزٹ میکرون نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ سکول یونیفارم کو لازمی قرار دینے سے فرانسیسی طلبہ میں سماجی عدم مساوات سے نمٹا جا سکتا ہے۔ برانڈڈ کپڑوں کی بجائے یکساں لباس پہننے سے طلبہ کا وقت اور پیسے دونوں کی بچت ہوگی۔ فرانس کی خاتون اوّل کا یہ تبصرہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب فرانس کی قومی اسمبلی ایک بل پر بحث کر رہی ہے جس کے منظور ہونے کی صورت میں سرکاری سکولوں میں یونیفارم لازمی قرار دےدیا جائے گا۔وزیر تعلیم پاپ ندائے نے کہا کہ وہ قانون سازی کی حمایت نہیں کریں گے۔یاد رہے کہ صدر کی اہلیہ ماضی میں شمالی فرانس کے ایک سکول میں ٹیچر تھیں۔وہ نہیں سمجھتے کہ یونیفارم کو قانون کے ذریعے لازمی قرار دیا جانا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر انفرادی سکول چاہیں تو انہیں یونیفارم پہننے کی ضرورت پڑسکتی ہے۔

٭… سری لنکا کے وزیر دفاع نےملک میں جاری بدترین معاشی بحران کے دوران اخراجات گھٹانے کےلیے فوج کے حجم میں بڑی کمی کا اعلان کر دیا، اگلے برس سری لنکن فوج کی تعداد کم ہو کر ایک لاکھ پینتیس ہزار ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ۲۰۳۰ء میں فوج کے حجم کو مزید کم کرکے ایک لاکھ کر دیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد ۲۰۳۰ء تک ایک بہترین تکنیکی اور حکمت عملی والی متوازن دفاعی فورس تشکیل دینا ہے۔ ورلڈ بینک ڈیٹا کے مطابق سری لنکا کی مسلح افواج ۲۰۱۷ء سے ۲۰۱۹ء کے دوران تین لاکھ ۱۷؍ہزار اہلکاروں پر مشتمل تھی۔ کولمبو کے ایک تھنک ٹینک کے مطابق دفاعی شعبے کے اخراجات ۲۰۲۱ء میں جی ڈی پی کا ۲.۳۱ فیصد ہوگئے تھے لیکن پچھلے برس یہ ۲.۰۳ فیصد پر آچکے ہیں۔

٭… برطانوی شہزادہ ہیری کی کتاب سپیئر (Spare) نے سابق امریکی صدر بارک اوباما کی کتاب کو پیچھے چھوڑ کر نیا ریکارڈ بنا لیا۔ شائع ہونے کے پہلے ہی دن برطانوی شہزادہ ہیری کی کتاب سپیئر کی برطانیہ، کینیڈا اور امریکہ میں ۱۴؍لاکھ ۳؍ہزار کاپیاں فروخت ہوئیں جس کے بعد یہ اب تک کی سب سے تیزی سے فروخت ہونے والی غیر افسانوی کتاب بن گئی ہے۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق اس سے قبل یہ ریکارڈ امریکہ کے سابق صدر باراک اوباما کی کتاب اَپرومسڈ لینڈ (A Promised Land) کو حاصل تھا جو ۲۰۲۰ء میں شائع ہوئی تھی اور پہلے ہی دن اس کتاب کی ۸؍لاکھ ۸۷؍ہزار کاپیاں فروخت ہوئی تھیں ۔شہزادہ ہیری کی کتاب کے کچھ اقتباسات شائع ہونے سے پہلے منظرِ عام پر آ گئے تھے تاہم پھر بھی کتاب کی ریکارڈ فروخت پر حیرانی کا اظہار کیا جارہا ہے۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button