یورپ (رپورٹس)

مجلس انصار اللہ سوئٹزرلینڈ اور ہیومینٹی فرسٹ کے زیرِ اہتمام خدمتِ خلق کی دوتقاریب کا انعقاد

(صباح الدین بٹ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سوئٹزرلینڈ)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے شعبہ ایثار مجلس انصار اللہ سوئٹزرلینڈ اور ہیومینٹی فرسٹ سوئٹزرلینڈ کو مورخہ ۲۲دسمبر ۲۰۲۲ء کو نوشاتل شہر میں ایک ہی روز خدمت خلق کی دو مشترکہ تقاریب منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

پہلی تقریب کے لیے صبح دس بجے مکرم ملک عارف محمود صاحب صدر مجلس انصار اللہ سوئٹزرلینڈ، مکرم نجم الحسن بخاری صاحب قائد ایثار، مکرم میاں ناصر صاحب قائدتحریکِ جدید اور نو احمدی Mr. Alexander Hosli پر مشتمل وفد نوشاتل اولڈ ہاؤس پہنچ گیا۔

ڈائریکٹر صاحبہ اولڈ ہاؤس Mrs. Evet اور انچارج ڈاکٹر صاحب نے وفد کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔ ان کو جماعت کا تعارف کروایا گیا اور جماعت کے تیار کردہ نئے سال کی مبارک باد کے کارڈز دیے جس پر انہوں نے بہت خوشی کا اظہار کیا۔

اولڈ ہاؤس کی ڈائریکٹرصاحبہ اور انچارج ڈاکٹر صاحب مجلس انصار اللہ اور ہیومینٹی فرسٹ کے آویزاں بینرز، پوسٹر اور تصاویر کی مدد سے دکھائی گئی خدمتِ انسانیت کی جھلکیوں اور امن کے پیغام سے بہت متاثر ہوئے اور ان کے متعلق سوالات کیے جن کے جوابات محترم صدر صاحب مجلس انصار اللہ نے دیے۔

اس کے بعد اولڈ ہاؤس کی ڈائریکٹر صاحبہ نے تین منزلہ عمارت کا وزٹ کروایا۔ جس کے دوران کمروں میں موجود ۷۰کمزور اور ضعیف افراد کو چاکلیٹ اور پھولوں کا تحفہ پیش کرتے ہوئے نئے سال کی مبارک باد بھی دی گئی جس سے ان کے چہرےخوشی سے کھل اُٹھے۔

آخر پر ڈائریکٹر صاحبہ نے خدمت خلق کے اس عمل کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔

اسی دن اسی شہر میں دوسری تقریب کے لیے دوپہر بارہ بجے یہ وفد رفاہی تنظیم ’’کاری تاس‘‘ کے ہال میں پہنچا۔ جہاں کاری تاس کے ڈائریکٹر صاحب نے وفد کا پر جوش استقبال کیا۔

جونہی مجلس انصار اللہ اور ہیو مینٹی فرسٹ کےبینرز اور پوسٹرز آویزاں کیے گئے تو وہاں لوگوں کی آمد شروع ہوگئی۔ وہاں پر ضرورت مند اور مالی مشکلات کے شکار افراد روزانہ سستاکھانا کھانے آتے ہیں۔

کھانے سے قبل کاری تاس کے ڈائریکٹر Mr. Sebastin Winklerنےمحترم صدر صاحب مجلس انصار اللہ کو اپنے ساتھ کھڑا کر کے حاضرین کو جماعت کا تعارف کروایا اور افریقہ میں جماعتی اور انسانی خدمات کا تذکرہ کیا۔

تعارف کے بعد احباب نے کھانا لینا شروع کیا تو ان کو ڈیوٹی پر موجود شخص نے بتایا کہ آج کا کھانا احمدیہ مسلم جماعت کی طرف سے ہے۔ چنانچہ یہ احباب احمدی وفد کے پاس آکربڑی محبت سے شکریہ ادا کرتے نیز وہ بینرز اور پوسٹر زکو نزدیک جا کردیکھتے اور ان کی تصاویر لیتے۔ محترم صدر صاحب مجلس انصار اللہ انہیں ان کے تہوار کی مبارک باد دیتے اور ان کی خدمت میں جماعت کے شعبہ امورِ خارجہ کا تیار کردہ نئے سال کی مبارک باد کا خوبصورت کارڈ پیش کرتے۔ ۳۳؍افراد کو جماعت کے تیارکردہ نئے سال کی مبارک باد کے کارڈز دیے گئے۔ اور یوں ایک ہی دن میں دو پروگراموں کے ذریعے سے ضلع نوشاتل میں جماعت کا امن اور انسانی ہمدردی کا خوبصورت پیغام پہنچانے کی سعادت ملی۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ یہ خدمت قبول فرمائے اور آئندہ بھی جماعت کو اس کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین

(رپورٹ: صباح الدین بٹ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button