حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…امام جماعت احمدیہ حضرت مرزا مسرور احمد ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے خطبہ جمعہ فرمودہ۰۶؍جنوری۲۰۲۳ء میں وقف جدید کے چھیاسٹھ ویں سال کے آغاز کا اعلان فرمایا۔گذشتہ سال جماعت احمدیہ نے ایک کروڑ بائیس لاکھ پندرہ ہزار پاؤنڈز (12,215,000) کی قربانی وقف جدید میںپیش کی۔ گذشتہ سال سے یہ قربانی نو لاکھ اٹھائیس ہزار پاؤنڈز زیادہ ہے۔تفصیلات کے لیے ملاحظہ کریں صفحہ نمبر۱۔

٭… سال ۲۰۲۳ء کا آغاز بحرالکاہل میں واقع دائرہ نما جزیرے کرسمس سے ہوا۔ اس کے بعد نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں سال ۲۰۲۳ء کا آغاز ہوا۔ دنیا میں نیووے (برطانیہ کے تحت) اور امریکی سمووا وہ آبادی والے مقامات تھے جہاں سب سے آخر میں سال نو کا استقبال کیا گیا۔ یاد رہے کہ جہاں دنیا بھر میں سالِ نو کا استقبال آتش بازی اور شراب نوشی کی مجالس سے کیا جاتا ہے وہاں جماعت احمدیہ نے اپنی اعلیٰ اقدار کو قائم رکھتے ہوئےنئے سال کا آغاز دعاؤں اور باجماعت نماز تہجدسے کیا جس میں بطور خاص اگلے سال کے بابرکت ہونے کے لیے دعا ئیں کی گئیں۔علاوہ ازیں دنیا بھر میں جہاں بھی جماعتی نظام قائم ہے سال نَو کے پہلے دن نماز فجر کے بعد وقار عمل کا پروگرام بھی رکھا گیا جس کے ذریعہ احمدی معاشرے میں اپنے مثبت کردارکا ثبوت دیتے ہیں۔

٭… رومن کیتھولک کے سابق روحانی پیشوا پوپ بینیڈکٹ ۹۵ برس کی عمر میں وفات پاگئے۔ پاپائے روم بینیڈکٹ ویٹیکن سٹی میں سخت علالت کے باعث ۳۱؍دسمبر ۲۰۲۲ء کو چل بسے۔بینیڈکٹ ۲۰۱۳ء میں پاپائیت کی ذمہ داریوں سے دستبردار ہوئے، وہ ۶۰۰؍ سال میں مستعفی ہونے والے پہلے پوپ تھے۔ ۱۳ ممالک کے نمائندے جن میں اٹلی اور جرمنی کے سرکاری وفد، بیلجیم کے بادشاہ اور ملکہ، سپین کی ملکہ شامل ہیں کہ علاوہ تقریباً ۲ لاکھ افراد نے تین روز سابق پوپ بینیڈکٹ کا آخری دیدار کیا۔

٭… پوپ بینیڈکٹ کی آخری رسومات سینٹ پیٹرز اسکوائر میں پوپ فرانسز کی سربراہی میں ادا کی گئیں۔ آخری رسومات کے موقع پر اٹلی میں قومی پرچم سرنگوں رہا اور سیکیورٹی کے لیے ایک ہزار سے زائد اطالوی اہلکار تعینات کیے گئے۔یاد رہے کہ موجودہ فرانسیسی پوپ نے عوامی اجتماع سے خطاب کے آخر میں پوپ بینیڈکٹ کی صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کی تھی۔

٭… اسرائیل کے وزیر قومی سلامتی ایتماربین گیویر نے مسجد اقصیٰ کا دورہ کیا تھا۔ مختلف ممالک خصوصاً مسلم دنیا کی جانب سے اسرائیلی وزیر کے دورے کی شدید مذمت کی جارہی ہے۔ ترکی نے بھی مذمت کرتے ہوئے اسرائیل سے خطے میں کشیدگی بڑھانے والے اقدامات روکنے کا مطالبہ کیا اور کہا اسرائیلی وزیر کے اشتعال انگیز اقدام پر گہری تشویش ہے۔جرمن وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ جرمنی مسجد اقصیٰ کی حیثیت خطرے میں ڈالنے والے یکطرفہ اقدام کو مسترد کرتا ہے۔ دائیں بازو کے اسرائیلی قومی سلامتی وزیر کا مسجد اقصیٰ کا دورہ اشتعال انگیزی ہے۔

٭…ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے احمد رضا ردان کا ایران کا بطور نیشنل پولیس چیف تقرر کردیا۔ اس عہدے پر حسین اشتری تعینات تھے۔ آیت اللہ خامنہ ای نے محکمہ پولیس کو اپنی صلاحیتوں میں بہتری لانے اور مختلف سیکیورٹی شعبوں کے لیے خصوصی دستوں کی تربیت کا حکم دیا ہے۔ نئے پولیس چیف احمد رضا ۲۰۰۸ء سے ۲۰۱۴ء تک ڈپٹی پولیس چیف تھے، اس کے بعد انہوں نے سینٹر فار اسٹریٹیجک اسٹڈیز کی سربراہی کی۔ پولیس چیف احمد رضا پر امریکہ نے ۲۰۱۰ء میں پابندیاں لگائی تھیں۔ بعد ازاں یورپی یونین نے بھی ان پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزام میں پابندیاں عائد کی تھیں۔یاد رہے کہ ایران کی بڑی ریاستی پالیسیز میں سپریم لیڈر کا فیصلہ حرفِ آخر ہوتا ہے، وہ ملک کی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف بھی ہیں۔

٭… نئے سال کی آمد کے موقع پر روس کی جانب سے یوکرین کے دارالحکومت کیف سمیت دیگر شہروں پر بمباری کی گئی۔ امریکی میڈیا کے مطابق روس نے حملے کے بعد یوکرین پر اب تک کا سب سے بڑا فضائی حملہ کیا ہے جس میں ایک شخص ہلاک اور ۲۰سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ ان کا ملک میزائل حملوں اور جارحیت پر روس کو کبھی معاف نہیں کرے گا۔ ولادیمیر پیوٹن روس کا مستقبل تباہ کررہا ہے، ان کو دہشت گردی کے لیے کوئی بھی معاف نہیں کرے گا۔ واضح رہے کہ یوکرین کی فوج کے مطابق وہ روس کے داغے گئے ۲۰ میں سے ۱۲ میزائلوں کو مار گرانے میں کامیاب رہے۔

٭… شمالی کوریا نے جاپان کی ساحلی حدود میں کم فاصلے تک مار کرنے والے ۳ بیلسٹک میزائلز کا تجربہ کیا ہے۔ جنوبی کوریا کے فوجی ترجمان نے کہا ہے کہ ہفتے کی صبح شمالی کوریا کے دارالحکومت پیانگ یانگ کے جنوب سے تین میزائل فائر کیے گئے۔ شمالی کوریا کے مسلسل میزائل تجربات کے بعد انہوں نے اپنے سرحدی علاقوں کی نگرانی کے انداز کو بڑھا دیا ہے جبکہ امریکہ کے ساتھ مشقیں جاری رہیں گی۔ دوسری جانب جاپان کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا کہ شمالی کوریا کے مشتبہ بیلسٹک میزائل مشرقی ساحل کی طرف پانی میں گرے۔ داغے گئے میزائلوں نے تقریباً ۱۰۰ کلومیٹر کی بلندی تک پرواز کی اور ۳۵۰ کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔

٭… امریکی اور چینی لڑاکا طیارے آپس میں ٹکراتے ٹکراتے رہ گئے۔ امریکہ کی انڈو پیسیفک کمانڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ چینی بحریہ کا لڑاکا طیارہ امریکی فضائیہ کے طیارے کے سامنے آگیا۔ امریکی فضائیہ کا آر سی ۱۳۵ طیارہ بین الاقوامی فضائی حدود میں معمول کی پرواز پر تھا۔ چین کا طیارہ ہمارے طیارے کے سامنے آگیا یہاںتک کہ دونوں طیاروں کے درمیان ۲۰ فٹ کا فاصلہ رہ گیا۔ امریکی طیارے نے تصادم سے بچنے کےلیے رخ موڑا، چین کی طرف سے اس معاملے پر ردعمل آنا باقی ہے۔

٭… ترکی کے مغربی شہر ایدن کے ریسٹورنٹ میں دھماکے کے نتیجے میں ۷؍ افراد ہلاک ہوگئے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا گیس سلنڈر پھٹنے کے باعث ہوا۔ دھماکے میں ۴؍ افراد شدید زخمی ہوئے، ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

٭… امریکہ کی ریاست ورجینیا کے سکول میں چھ سالہ طالب علم نے فائرنگ کر کے تیس سالہ ٹیچر کو شدید زخمی کردیا۔ ٹیچر کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ واقعے میں کوئی اور شخص یا طالب علم زخمی نہیں ہوا۔پولیس کے مطابق یہ واقعہ اتفاقی نہیں اور فائرنگ کرنے والے بچے کو پولیس نے حراست میں لےلیا ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ کے کئی شہروں کےسکولوں میں فائرنگ کے واقعات ہوچکے ہیں۔

٭… امریکہ کی پہلی خاتون نیوز کاسٹر بابرا والٹرز ۹۳ سال کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ بابرا والٹرز نے اپنے کیریئر میں رچرڈ نکسن سے لے کر ڈونلڈ ٹرمپ تک ہر امریکی صدر اور کیوبا کے فیڈل کاسترو سے لے کر روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن تک سب کا انٹرویو کیا۔ ۱۹۷۶ء میں امریکی ٹی وی پر نیوز کاسٹر بنیں اور ۱۲؍ایمی ایوارڈز اپنے نام کیے۔ انہیں ۲۰۰۰ء میں نیشنل اکیڈمی آف ٹیلی ویژن آرٹس اینڈ سائنسز نے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا۔

٭… عالمی ادارہ صحت نے چین کو کورونا وائرس کے حوالے سے مزید حقیقت پر مبنی معلومات شیئر کرنے کوکہا ہے۔ چین کورونا صورت حال کی مزید حقیقی معلومات شیئر کرے۔اور چین کے ہسپتالوں اور اموات کے اعداد و شمار بتائے جائیں۔ چین میں کورونا سے متعلق تعاون اور ویکسی نیشن میں مدد کرنے کے لیے تیار ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈبلیو ایچ او نے چین سے کورونا ویکسی نیشن کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔ واضح رہے کہ امریکہ، برطانیہ، سپین، فرانس، بھارت، جنوبی کوریا، اٹلی، تائیوان اور دیگر ممالک چین سے آنے والےمسافروں پر کورونا ٹیسٹ کی پابندی لگا چکے ہیں۔

٭… نئے سال کے آغاز پر چین میں کورونا کیسز میں اضافے کی صورت حال پر چینی صدر شی جن پنگ کا پیغام میں کہنا تھا کہ ملک میں وبا پر قابو پانے کی کوششیں نئے دَور میں داخل ہو رہی ہیں ہم سب کو مل کر اس پر قابو پانے کے لیے محنت کرنی ہے۔ چین نے کورونا کے خلاف جنگ میں غیرمعمولی مشکلات اور چیلنجز پر قابو پایا ہے۔ ابھی بھی وبا کے خلاف کوششوں کا وقت ہے، وبا سے بچاؤ کے لیے سب انتھک محنت کر رہے ہیں، وبا کے خلاف سخت محنت کا تسلسل اور ہمارا اتحاد ہی کامیابی کا ضامن ہے۔ واضح رہے کہ چین میں کورونا پابندیاں نرم ہونے کے بعد حالیہ دنوں میں کورونا کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔

٭… برطانیہ میں کینسر کے سبب ایک سال کا وقت دیے جانے والے ۵۱ سالہ رابرٹ گلین آزمائشی ادویات کے ذریعے مکمل تندرست ہو گئے۔انہوں نے بتایا کہ کینسر کی وجہ سے اس کے کندھے میں شدید درد تھا جس کی وجہ سے وہ ساری رات جاگتے تھے۔ ڈاکٹرز نے انہیں کلینیکل ٹرائل میں حصہ لینے کے لیے کہا، آزمائشی ادویات نے ان کے کینسر کو ختم کردیا۔ آزمائشی ادویات کے بے مثال نتائج سے اب کینسر کے ہزاروں مزید مریضوں کے شفا پانے کی اُمید بھی پیدا ہوگئی ہے۔

٭… شہزادہ ہیری کی کتاب ’اسپیئر‘۱۰؍جنوری کو شائع ہورہی ہے جس میں انہوں نے کئی انکشافات کیے ہیں۔رپورٹ کے مطابق شاہ چارلس اور شہزادہ ولیم کے ترجمان نے شاہی خاندان پر عائد ہونے والے الزامات پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ شاہی خاندان کی طرف سے کسی قسم کے ردِعمل کی توقع بھی نہیں ہے۔

٭… میانمار نے اپنے ۷۵ویں یومِ آزادی کے موقع پر سات ہزار سے زائد قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر فوجی پریڈ بھی کی گئی اور فوجی حکمران کو ۲۱؍توپوں کی سلامی دی گئی۔ یاد رہے کہ میانمار نے ۱۹۴۸ء میں برطانوی راج سے آزادی حاصل کی تھی۔

٭… میکسیکو کے ایئرپورٹ پر ایک پارسل کے ذریعے امریکہ بھیجی جانے والی چار انسانی کھوپڑیاں برآمد کرلی گئیں۔ میکسیکو نیشنل گارڈ کے مطابق انسانی کھوپڑیاں ایک ڈبے میں رکھی ہوئی تھیں جن پر المونییم فوائل چڑھی ہوئی تھی۔یہ پیکجمغربی ساحلی ریاست میچوواکین سے امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا بھیجا جا رہا تھا۔ حکام نے بتایا کہ انسانی باقیات کی دوسرے ملک منتقلی کے لیے ہیلتھ اتھارٹی سے خصوصی اجازت نامہ درکار ہوتا ہے۔

٭… جاپان کی حکومت نے ٹوکیو کے شہریوں کو دارالحکومت سے باہر رہائش اختیار کرنے پر فی بچہ دس لاکھ ین (ساڑھے سات ہزار ڈالر) کی پیشکش کردی۔ یہ ترغیب اس لیے دی جا رہی ہے تاکہ ٹوکیو سے آبادی کا بوجھ کم کیا جائے اور جاپان کے غیر آباد شہروں اور قصبوں کو آباد کیا جائے۔ رواں برس اپریل میں سکیم کی رقم بڑھا کر تین لاکھ ین سے دس لاکھ ین کر دی جائے گی۔ یہ اعلان کردہ رقم ٹوکیو کے ۲۳؍مخصوص علاقوں میں رہنے والے افراد کو دوسرے شہر منتقل ہونے کی صورت میں دی جائے گی۔ شہریوں کو دوسرے شہر میں پانچ سال گزارنا ہوں گے، گھر کے کسی ایک فرد کو نیا کاروبار شروع کرنا ہوگا یا موجودہ ملازمت ہی جاری رکھنا ہوگی۔

٭… سپین میں سال ۲۰۲۲ء ملکی ریکارڈ میں گرم اور خشک ترین سال رہا۔ ہسپانوی محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں پچھلے سال کا اوسط درجہ حرارت ۱۵.۵ ڈگری رہا جو ۱۹۱۶ء میں موسم کا ریکارڈ شروع ہونے سے اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔ سپین کی نیشنل ویدر سروس کا کہنا ہے کہ ملک میں ۲۰۲۲ء میں پہلی بار اوسط درجہ حرارت ۱۵ ڈگری سے اوپر گیا ہے۔ سپین میں گذشتہ برس مئی سے اکتوبر تک ہیٹ ویو کے دوران درجہ حرارت ۴۰ ڈگری تک پہنچا تھا۔

دوسری جانب سپین میں سال ۲۰۲۳ء کا پہلا دن بھی کئی شمالی شہروں میں سرد موسم کے برخلاف گرم رہا، بلباؤ کے علاقے میں یکم جنوری کو درجہ حرارت ۲۵ ڈگری سے اوپر رہا، جو جنوری میں اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button