یورپ (رپورٹس)

ماہ دسمبر میں جماعت احمدیہ مالٹا کے زیر اہتمام خدمتِ انسانیت کی مساعی

(لئیق احمد عاطف۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل مالٹا)

جماعت احمدیہ مالٹا نے ماہ دسمبر کے دوران جسے مغربی دنیا میں تہوار کا مہینہ جانا جاتا ہے، چار فلاحی مراکز اور گھروں کا دورہ کیا اور دوستی اور یکجہتی کا ہاتھ بڑھایا اور وہاں پر موجود ضرورت مند لوگوں میں چاکلیٹ اور تحائف تقسیم کیے۔

٭…یکم دسمبر 2022ء کو جماعت نے ایک خیراتی گھر Fondazzjoni Sebh کا دورہ کیا جو بچوں، تشدد سے بچ جانے والی خواتین اور ان کے بچوں کو رہائشی خدمات فراہم کرتا ہے۔

٭…8؍دسمبر کو جماعت نے Id-Dar-tal-Providenza کا دورہ کیا، جس کی بنیاد 1965ء میں معذور افراد کو خاندانی ماحول میں انفرادی رہائشی خدمات مہیا کرنے کے لیے رکھی گئی تھی جو ان کی صلاحیتوں کو بہتر اور زیادہ سے زیادہ بڑھاتی ہے تاکہ ان کی صلاحیتوں کو یقینی بنایا جا سکے۔ اسی طرح جماعت مالٹا نے منسلکہ جزیرہ Gozo میں رہنے والے تقریباً 50 ضرورتمند خاندانوں کے لیے اشیاء مہیا کیں۔

٭…جماعت احمدیہ مالٹا نے San Blas Therapeutic Community-Caritas Malta کا بھی دورہ کیا، جو کہ منشیات کی بحالی کا ایک فلاحی مرکز ہے جو منشیات سے چھٹکارا پانے کی خواہش رکھنے والے افراد کو 24 گھنٹے موزوں ماحول فراہم کرتا ہے۔

٭…اسی طرح جماعت احمدیہ مالٹا کو ایک اور بحالی مرکز Sedqa – Komunità Santa Marija کا دورہ کرنے کا موقع بھی ملا۔ یہ حکومتی ادارہ منشیات سے چھٹکارا پانے کی خواہش رکھنے والے افراد کو 14 ماہ کا پروگرام مہیا کرتا ہے تاکہ وہ اس برائی سے پاک ہو کر ایک عام انسان کی طرح معاشرہ میں زندگی گزار سکیں۔ اس پروگرام کو تین مرحلوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس کا مقصد رہائش کے ساتھ ساتھ جسمانی، ذہنی اور جذباتی بحالی کے ابتدائی مراحل سے لے کر معاشرے میں دوبارہ انضمام تک جانا ہے۔

مذکورہ بالا دو دوروں کے دوران ہمیں رہائشیوں سے ملنے، اور ان کے ساتھ کچھ خیالات شیئر کرنے کا موقع ملا جو ان کے لیے بحالی کے پروگرام کو کامیابی سے مکمل کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

خاکسار (مبلغ سلسلہ و صدر جماعت مالٹا) نے وہاں گفتگو کی اور اپنے دورہ کا مقصد اور اسلام احمدیت کا تعارف پیش کیا۔ اسی طرح قرآن و حدیث کی روشنی میں حوالہ جات بھی پیش کیے جو اللہ تعالیٰ کی رحمت کو نمایاں کرتے ہیں اور جو اس بات کا یقین دلاتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کی بخشش کے دروازے ہمیشہ کھلے رہتے ہیں۔ اس لیے ذاتی اصلاح اور تبدیلی بہت ضروری ہے اور صحیح معنوں میں یہ اس وقت ممکن ہے جب کوئی شخص خلوص نیت اور دیانتداری سے اس کے لیے آمادہ ہو اور کامل وفا کے ساتھ جدوجہد کرے۔خاکسار نے بیان کیا کہ کچھ لوگوں کے لیے نشے کی عادت سے نکلنا مشکل امر ہوسکتا ہے لیکن یاد رہے کہ یہ ناممکن نہیں۔ لہٰذا انہیں ناامید نہیں ہونا چاہیے اور اپنے آپ کو مایوس نہیں کرنا چاہیے، بلکہ اللہ کی اس خوشخبری پر کامل یقین رکھتے ہوئے جدوجہد جاری رکھنی چاہیے کہ ’’اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہوں‘‘۔ (یوسف:88)

اللہ تعالیٰ کے بے پایاں فضل و احسان کے ساتھ یہ تمام پروگرام بہت ہی کامیاب رہے اور کئی ضرورت مند افراد اور خاندانوں کی زندگیوں میں خوشیاں اور ان کے چہروں پر مسکراہٹ لانے کا باعث بنے۔

مختلف اخبارات میں ان پروگراموں کی تفصیل شائع ہوئی، اسی طرح سوشل میڈیا کے ذریعے بھی ہزاروں لوگوں تک جماعت کی خدمت انسانیت کا ذکر پہنچا۔

ایک ٹیلی ویژن چینل نے جماعت کی خدمت انسانیت کے بارہ میں 30 منٹ کا انٹرویو بھی نشر کیا۔ اللہ تعالیٰ ہماری یہ حقیر کاوش قبول فرمائے اور اپنے فضلوں، رحمتوں ، برکتوں اور ثمرات سے نوازے۔ آمین

ان پروگراموں میں مکرم مصور احمد صاحب، مکرم حافظ وقاص احمد صاحب، مکرم حسن بشیر صاحب اور مکرم تنویر الظفر صاحب نےخصوصی تعاون کیا۔ اللہ تعالیٰ سب خدمت کرنے والوں کو جزائے خیر و اجر عظیم سے نوازے۔ جزاہم اللہ احسن الجزاء فی الدنیا ولآخرۃ۔ آمین

(رپورٹ: لئیق احمد عاطف۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button