امریکہ (رپورٹس)حضور انور کے ساتھ ملاقاتدورہ امریکہ ستمبر؍اکتوبر 2022ء

احمدیہ میڈیکل ایسوسی ایشن امریکہ کے عہدیداران کی ملاقات

(رپورٹ:عبدالماجد طاہر۔ایڈیشنل وکیل التبشیر اسلام آباد)

مورخہ 5؍اکتوبر 2022ء کو نماز ظہر و عصر سے قبل ’’احمدیہ میڈیکل ایسوسی ایشن امریکہ‘‘ کے عہدیداران نے حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزسے ملاقات کی سعادت پائی۔ ان عہدیداروں میں ڈاکٹر فیضان عبداللہ ھاگورا صاحب پریذیڈنٹ میڈیکل ایسوسی ایشن، ڈاکٹر نعیم نعمانی صاحب وائس پریذیڈنٹ، ڈاکٹر مبشراحمدمختار صاحب جنرل سیکرٹری اور ڈاکٹر ناصر تنولی صاحب فنانس سیکرٹری شامل تھے۔

حضورِانور کی خدمت میں ایسوسی ایشن کی طرف سے رپورٹ پیش کی گئی کہ اس وقت امریکہ میں ہمارے ڈاکٹرز کی تعداد 544 ہے۔ گزشتہ تین ہفتوں میں 70 ڈاکٹر ہماری تجنید میں شامل ہوئے ہیں۔ اس پر حضورِانور نے فرمایا:۔ آپ کی ممبرشپ میں انشاءاللہ مزید اضافہ ہوگا۔ پاکستان سے کئی ڈاکٹرز ابھی حال ہی میں آئے ہیں اور مجھ سے ملے بھی ہیں۔ اسی طرح بہت سارے میڈیکل سٹوڈنٹ بھی اپنی پڑھائی مکمل کررہے ہیں۔

حضورِانور نے فرمایا احمدیہ میڈیکل ایسوسی ایشن آسٹریلیا بہت عمدہ رنگ میں کام کررہی ہے۔ خصوصاً ملایشیا، تھائی لینڈ میں وہ اسائیلم سیکرز کے علاج وغیرہ کے اخراجات برداشت کررہے ہیں۔ وہ باقاعدہ ماہانہ رقم بھی بھجواتے ہیں اور بعض مریضوں کے علاج، آپریشن وغیرہ پر بہت زیادہ اخراجات آتے ہیں۔ میڈیکل ایسوسی ایشن آسٹریلیا یہ بھی برداشت کررہی ہے۔

حضورِانور نے فرمایا اسی طرح وہ طاہرہارٹ انسٹیٹیوٹ کے لیے مشینری اور آلات وغیرہ بھی بھجواتے ہیں۔ حضورِانور نے فرمایا کہ آپ امریکہ کی ایسوسی ایشن زیادہ بڑی اور مضبوط ہے اور زیادہ مالی فراخی اور کشائش رکھتے ہیں۔ آپ کو بھی ان ممالک میں ضروتمندوں کی مدد کرنی چاہیے۔

حضورِانور نے فرمایا میڈیکل ایسوسی ایشن امریکہ صرف گوئٹے مالا پر ہی توجہ نہ دے بلکہ آپ نے افریقہ اور ربوہ پر بھی توجہ دینی ہے۔

حضورِانور نے فرمایا مغربی اور مشرقی افریقہ میں بہت سے ایسے ممالک ہیں جہاں مدد کی ضرورت ہے۔

حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے ہدایت فرمائی کہ آپ کی ایسوسی ایشن شعبہ وقف نو سے بھی رابطہ رکھے اور واقفین نو کی شعبہ میڈیسن میں کیریر پلاننگ کے حوالہ سے راہنمائی کرے۔

صدرصاحب میڈیکل ایسوسی ایشن نے عرض کیا کہ کیا احمدی خواتین ڈاکٹرز کی علیحدہ ایسوسی ایشن بنائی جائے۔ اس پر حضورِانور نے فرمایا: علیحدہ ایسوسی ایشن بنانے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ یہ آپ کی ایسوسی ایشن کا حصہ ہیں۔ اس بارہ میں احمدیہ میڈیکل ایسوسی ایشن یوکے کو follow کریں۔

حضورِانور نے فرمایا: ہماری خواتین ڈاکٹرز پروفیشنلز ہیں اور ان کو آپ اپنی ایسوسی ایشن میں کوئی آفس، عہدہ دے سکتے ہیں۔ صدرلجنہ اور سیکرٹری امورِعامہ سے تصدیق کے بعد عہدہ دیں۔ عہدہ دینے کے لیے خواتین کی نامزدگی ہوگی۔ الیکشن نہیں ہوگا۔

صدرصاحب ایسوسی ایشن نے عرض کیا کہ ہم اپنے کانسٹیٹیوشن کو اَپ ڈیٹ کرنا چاہتے ہیں۔ اس پر حضورِانور نے فرمایا: آپ نے جو بھی تبدیلیاں، اضافہ تجویز کرنا ہے وہ کرکے مجھے منظوری کے لیے بھجوائیں۔

حضورِانور نے فرمایا: آپ اپنے ڈاکٹر صاحبان کو فعال کرنے کے لیے وقف عارضی کی تحریک کریں۔

حضورِانور نے فرمایا کہ آپ اپنے خدمت کے پروگراموں کے لیے ہیومینٹی فرسٹ سے بھی رابطہ کریں اور تعاون کریں۔

حضورِانور نےفرمایا: کہ ریجنل سطح پر یا سٹیٹ کی سطح پر آپ کو جو کوآرڈینیٹر کی ضرورت ہے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ مرد ہو یا عورت۔ بس قابل اور محنتی ہونے چاہئیں۔ کچھ علاقوں میں خواتین کو اور کچھ علاقوں میں مردڈاکٹر حضرات کو کوآرڈینیٹر کے طور پر رکھا جا سکتا ہے۔

حضورِانورنے تاکیداً ہدایت فرمائی کہ وہ لوگ جو نمازیں ادا کرتے ہیں، اپنے چندے ادا کرتے ہیں انہیں ایسوسی ایشن کے عہدوں پر منتخب کیا جانا چاہیے۔ یہ نہ ہو کہ جو نماز ہی نہیں پڑھتے یا چندہ نہیں دیتے، انہیں عہدیدار بنادیا جائے۔

حضورِانور نے فرمایا: ایسوسی ایشن کا پروفیشنل باڈی ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ اپنی مذہبی ذمہ داریوں سے آزاد ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں حضورِانور نے ہدایت فرمائی کہ نرسوں اور دوسرے ایڈمن سٹاف ممبران کو عاملہ میں عہدہ دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ لیکن ان کی کامیابیوں اور ان کے لیے ایک خاص معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی جماعتی خدمات پر ان کو سرٹیفیکیٹ دیے جاسکتے ہیں۔

احمدیہ میڈیکل ایسوسی ایشن یو ایس اے کی یہ ملاقات ایک بج کر تیس منٹ تک جاری رہی۔ بعدازاں انتظامیہ نے حضورِانور کے ساتھ تصویر بنوانے کی سعادت پائی۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button