امریکہ (رپورٹس)دورہ امریکہ ستمبر؍اکتوبر 2022ء

دورۂ امریکہ کا گیارھواں روز 6؍ اکتوبر 2022ء بروزجمعرات

(رپورٹ:عبدالماجد طاہر۔ایڈیشنل وکیل التبشیر اسلام آباد)

افرادِ جماعت کی حضورِ انور کے ساتھ فیملی ملاقاتیں ۔ اپنے آقا سے ملاقات کے بعد احباب کے ایمان افروزتاثرات

٭… اس چہرہ میں سچائی ہے۔ اس چہرہ میں تقویٰ ہے، اس چہرہ میں نور ہے

٭… حضورِانور کے چہرہ مبارک پر ایک الٰہی نور ہے جسے آپ ٹی وی پر اُس طرح نہیں دیکھ سکتے۔ آپ اِس نور کو صرف ذاتی طور پر دیکھ سکتے ہیں

٭… خلافت احمدیہ میری زندگی میں اللہ تعالیٰ کی ہستی کا سب سے بڑا ثبوت ہے۔ آج یہ میری زندگی کی بہترین ملاقات تھی

٭… میری اپنے روحانی والد سے ملاقات ہوئی۔ مجھے اور کیا چاہیے۔ خلیفہ وقت کی صحبت سے دل تسکین سے بھر جاتا ہے اور دل منور ہو جاتا ہے

حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے صبح چھ بج کر دس منٹ پر ’’مسجد بیت الاکرام‘‘ تشریف لا کر نماز فجر پڑھائی۔نماز کی ادائیگی کے بعد حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے۔

صبح حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مختلف ممالک سے موصول ہونے والی ڈاک، فیکسز، ای میلز اور رپورٹس ملاحظہ فرمائیں اور اس تمام ڈاک، خطوط اور رپورٹس پر اپنے دست مبارک سے ہدایات سے نوازا۔ یہاں امریکہ سے بھی روزانہ بڑی تعداد میں احباب جماعت کے خطوط موصول ہورہے ہیں۔ حضورِانور یہ خطوط بھی ملاحظہ فرماتے ہیں اور ہدایات عطافرماتے ہیں۔

حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ایک بج کر تیس منٹ پر ’’مسجد بیت الاکرام‘‘ میں تشریف لا کر نماز ظہروعصر جمع کرکے پڑھائیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے۔

فیملی ملاقاتیں

پروگرام کے مطابق چھ بجے حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزاپنے دفتر تشریف لائے اور فیملی ملاقاتوں کا پروگرام شروع ہوا۔ آج شام کے اس سیشن میں 24 فیملیز اور دو گروپس افغانی اور مارشلیز نے ملاقات کی سعادت حاصل کی۔ ملاقات کرنے والوں کی مجموعی تعداد 192 تھی۔

آج ملاقات کرنے والے یہ احباب، فیملیز Dallas کی مقامی جماعت کے علاوہ امریکہ کی مختلف جماعتوں Kentucky، Chicago، Bay Point۔، Fort Worth، Tulsa، Alabama، Georgia Los Angeles، Houston، Las Vegasاور Sacramento سے آئے تھے۔

آج بھی بعض فیملیز اور احباب بڑے طویل سفر طے کرکے حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزسے ملاقات کے لیے پہنچے تھے۔ شکاگو سے آنے والے 904 میل، لاس ویگاس سے آنے والے 1221 میل، لاس اینجلیز سے آنے والے احباب اور فیملیز 1433 میل کا سفر طے کرکے پہنچے تھے۔ جبکہ Bay Point سے آنے والے احباب اور فیملیز 1712 میل کا طویل سفر طے کرکے اپنے پیارے آقا سے ملاقات کے لیے پہنچی تھیں۔

آج پاکستان سے آنے والے بعض احباب نے بھی ملاقات کی سعادت پائی۔ان ملاقات کرنے والے سبھی احباب اور فیملیز نےا پنے پیارے آقا کے ساتھ تصاویر بنوانے کی سعادت پائی۔ حضورِانور نے ازراہِ شفقت تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ اور طالبات کو قلم عطافرمائے اور چھوٹی عمر کے بچوں اور بچیوں کو چاکلیٹ عطافرمائیں۔

احبابِ جماعت کے تاثرات

آج بھی ان ملاقات کرنے والوں میں بڑی تعداد ایسے لوگوں کی تھی جو اپنی زندگی میں پہلی بار حضورِانور سے مل رہے تھے۔ کتنے ہی خوش نصیب، خوش قسمت یہ لوگ تھے جن کو خلیفۃ المسیح کے قرب کی یہ چند ساعتیں نصیب ہوئیں۔ یہی چند لمحات ان کی ساری زندگی کا سرمایہ ہیں۔ ان کی نسلیں بھی اور ان کے وہ بچے بھی جو والدین کے ساتھ آئے تھے، بڑے ہو کر اس وقت کو یاد کیا کریں گے۔

ڈیلس (Dallas) جماعت کے ایک ممبر طاہر وڑائچ صاحب جب ملاقات کرکے دفتر سے باہر آئے تو ان کی آنکھوں میں آنسو تھے۔ کہنے لگے کہ میرے پاس الفاظ نہیں ہیں کہ میں بیان کر سکوں۔ مجھے جو دلی سکون ملا ہے۔ میرے دل کو جو اطمینان حاصل ہوا ہے میں اس کو بیان نہیں کرسکتا۔ میں نے اپنے پیارے آقا سے دعائیں مانگیں۔ مجھے اب اَور کیا چاہیے۔ مجھے تو سب کچھ مل گیا۔

ایک دوست اوّاب منظور باجوہ صاحب نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حضورِانور کے چہرہ مبارک پر ایک الٰہی نور ہے جسے آپ ٹی وی پر اُس طرح نہیں دیکھ سکتے۔ آپ اِس نور کو صرف ذاتی طور پر دیکھ سکتے ہیں۔

جماعت Bay Point سے ایک دوست فرید احمد 1712 میل کا طویل سفر طےکرکے اپنے پیارے آقا سے ملاقات کے لیے آئے تھے۔ جب ان سے ملاقات کا احوال دریافت کیا تو رونے لگ گئے۔ بات ہی نہیں کرسکتے تھے۔ بس یہ کہتے کہتے چلے گئے کہ اس چہرہ میں سچائی ہے۔ اس چہرہ میں تقویٰ ہے، اس چہرہ میں نور ہے۔

ایک دوست شریف Olekesh Ajala صاحب جماعت ڈیلس سےا ٓئے تھے۔ کہنے لگے کہ مجھے فخر ہے کہ میں امریکہ آکر اپنے خلیفہ سے ملاہوں۔ میں بہت خوش قسمت ہوں۔ مجھے پتا ہے کہ میرے ملک کے زیادہ تر لوگوں کو یہ موقع کبھی نہیں ملے گا۔

Alabama جماعت سے آنے والے ایک دوست حماد احمد خان صاحب نے کہا کہ میں راحت اور خوشی محسوس کررہا ہوں۔ ان کی بیٹی ساتھ تھی وہ shockمیں تھی اور ایک بات بھی نہ کرسکی۔ اللہ تعالیٰ نے کتنی عظیم سعادت عطافرمائی تھی۔

جماعت Dallas سے ایک دوست Suliat Ope Yemi صاحب ملاقات کرکے دفتر سے باہر آئے تو کہنے لگے میں کیا کہوں۔ اللہ تعالیٰ نے مجھے اپنی جماعت سے اور خلیفہ سے عزت بخشی ہے۔ ہمارے جانے سے قبل ہی حضورِانور کو پتا چل گیا تھا کہ ہم نائیجیریا سے آئے ہیں اور ہم یوروبا (Yoruba) ہیں۔ ہم نے کوئی لفظ ہی ادا نہیں کیا تھا۔ لیکن حضور کو سب معلوم تھا۔ حضورکو یہ بھی معلوم تھا کہ ہم افریقہ میں کہاں سے، کس جگہ سے ہیں۔

ایک نوجوان رضوان احمدخان جب ملاقات کرکے باہر آئے تو ان سے بات ہی نہیں ہورہی تھی۔ ان کی رونے والی حالت تھی۔ کہنے لگے کہ میں نے حضور سے پوچھا کہ میں خدا کے بارہ میں اپنے شک کو کیسے دور کروں۔ اس پر حضورِانور نے فرمایا: دل سے اللہ تعالیٰ سے دعا کریں اور اللہ تعالیٰ سےا پنے وجود کو ظاہر کرنے کی دعاکریں۔

ایک صاحب جری اللہ خان صاحب جماعت ڈیلس (Dallas) سے آئے تھے۔ اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہنے لگے کہ خلافت احمدیہ میری زندگی میں اللہ تعالیٰ کی ہستی کا سب سے بڑا ثبوت ہے۔ آج یہ میری زندگی کی بہترین ملاقات تھی۔ میں اپنے بچوں کے ساتھ تھا اور میرے بچوں نے ہی اکثر بات کی۔میں بس چاہتا ہوں کہ میرے بچے خلافت اور خدا کے قریب ہوجائیں۔

ایک خاتون عائشہ مبشر صاحبہ جماعت Kentucky سے آئی تھیں۔ ملاقات کرکے باہر آئیں تو رونے لگ گئیں۔ کہنے لگیں کہ بیان کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ حضورِانور نے میری فیملی کے بارہ میں پوچھا۔ میرے بچوں کے لیے دعا کی۔ میں تو دعائیں لے کر آئی ہوں۔

جماعت Houston سےآنے والے ایک دوست شاہ غالب صاحب نے کہا میری اپنے روحانی والد سے ملاقات ہوئی۔ مجھے اور کیا چاہیے۔ خلیفہ وقت کی صحبت سے دل تسکین سے بھر جاتا ہے اور دل منور ہو جاتا ہے۔

طوبیٰ ملک صاحبہ جماعت Dallasسے آئی تھیں۔ یہ جب باہر آئیں تو ان کی آنکھوں سےآنسو بہ رہےتھے۔ کہنے لگیں میرے پاس کوئی الفاظ نہیں ہیں۔ آج یہ میری زندگی کا سب سے خوبصورت لمحہ ہے اور خدا تعالیٰ کے محبوب بندہ سے میری ملاقات ہوئی ہے۔

نصرت ملک صاحبہ بھی جماعت Dallasسے ملاقات کے لیے آئی تھیں۔ یہ بھی رو رہی تھیں۔ کہنے لگیں حضورِانور ہماری اِس جماعت سے بہت محبت کرتے ہیں۔ اتنی دور سے آکر ہمیں وقت عطافرما رہے ہیں۔ ہم کتنے خوش نصیب ہیں۔

افغانستان سے آنے والی خواتین اور بچیوں پر مشتمل ایک گروپ نے حضورانور سے ملاقات کی سعادت حاصل کی۔ ملاقات کے دوران ان خواتین اور بچیوں نے اپنی مقامی پشتو زبان میں خوش الحانی کے ساتھ ایک نظم پیش کی۔ اس نظم کا اردو ترجمہ درج ذیل ہے:

حضورتشریف لائے اور روشنی چاند جیسی ہوگئی

ہم دن گن رہے تھے اور دن خوشیوں والے آگئے

آنکھیں شمع کی طرح ایمان و اخلاص سے بھر گئیں

ہر ایک کے لیے دعا تیز بارش جیسی ہوگئی

ہم خلیفہ کے ہوگئے اور خلیفہ ہمارا ہوگیا

ایسی اپنائیت ہماری اور ہمارے آقا کے دلوں کی ہوگئی

آج ساؤتھ پیسفک کے جزائر پر مشتمل ملک مارشل آئی لینڈز (Marshall Islands) سے تعلق رکھنے والے احمدی احباب کے گروپ نے بھی ملاقات کی سعادت پائی۔ یہ گروپ سات افراد پر مشتمل تھا جن میں چار مرد حضرات، دوخواتین اور ایک بچہ شامل تھا۔

مارشلیز قوم سے تعلق رکھنے والے یہ لوگ Arkansas سٹیٹ کے شہر Springdale میں آباد ہیں۔ یہ 330میل کا سفر طے کرکے ملاقات کے لیے Dallas پہنچے تھے۔

ملاقات کے بعد ان سبھی احباب نے اس بات کا اظہار کیا کہ ہمارے دل کی دھڑکن تیز ہوگئی تھی اور ہمارے لیے بولنا مشکل ہوگیا تھا۔

ایک دوست Luke Zackious صاحب کہنے لگے کہ آج کی ملاقات میں جو ہمیں حضور کا قرب حاصل ہوا۔ یہ میرے لیے ایک خاص لمحہ تھا۔

ایک خادم Romeo Tanson نے کہا کہ یہ میری حضورِانور سے دوسری مرتبہ ملاقات تھی اور میرے لیے ایک خاص یاد ہے۔ یہ ملاقات مجھے ہمیشہ یاد رہے گی۔ میں جب بھی کبھی ڈیلس آؤں گا تو خاص طور پر یہ ملاقات مجھے یاد آیا کرے گی۔

ایک خاتون Jenila John صاحبہ نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں جیسے ہی حضورِانور کے دفتر گئی تو صرف حضورِانور کے چہر ہ کو ہی دیکھتی رہی کہ کتنا نورانی چہرہ ہے۔

ملاقاتوں کا یہ پروگرام ساڑھے آٹھ بجے تک جاری رہا۔ بعدازاں حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد بیت الاکرام میں تشریف لا کر نمازِمغرب وعشاء جمع کرکے پڑھائیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضورِانور اپنی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button