یورپ (رپورٹس)

سالانہ اجتماع مجلس انصار اللہ سویڈن

مجلس انصار اللہ سویڈن کا سالانہ اجتماع مورخہ 12و13؍نومبر 2022ء کو مسجد ناصر گاتھن برگ میں منعقد ہوا۔ صدر مجلس نے مکرم صلاح الدین یوسف صاحب کو ناظم اعلیٰ اجتماع مقرر کیا۔ اجتماع کے انتظامات کے حوالے سے ایک انتظامیہ کمیٹی تشکیل دی گئی جس کی کئی میٹنگز منعقد ہوئیں جن میں اجتماع کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔

مورخہ 12؍نومبر کو صبح 11بجے اجتماع کا افتتاحی اجلاس منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم کے بعد مکرم ناظم صاحب اعلیٰ نے اجتماع کا پروگرام بتایا۔ پھر صدر مجلس نے اپنے افتتاحی خطاب میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے کچھ ارشادات پڑھ کر سنائے جن کا خلاصہ یہ ہے کہ

خلیفۂ وقت کے ساتھ اپنے تعلق کومضبوط بنائیں، نمازوں میں باقاعدگی اختیار کریں، روزانہ تلاوت قرآن کریم کو اپنا معمول بنائیں، ضروریات دین کے لیے مالی قربانی میں حصہ لیں خصوصاً صف دوم کے انصار کو زیادہ سے زیادہ نظام وصیت میں شامل کریں اور نئی نسل کی تربیت کے لیے انصار اپنا عملی نمونہ پیش کریں۔

افتتاحی دعا کے بعد انصار ورزشی مقابلہ جات کے لیے ایک سپورٹس ہال میں گئے جہاں پر والی بال، رسہ کشی اور بیڈمنٹن کے مقابلے کروائے گئے۔ ان مقابلوں میں انصار نے بڑے ذوق وشوق سے حصہ لیا۔ سپورٹس ہال میں انصار کی تواضع کے لیے پھل بھی رکھے ہوئے تھے۔ نماز ظہر و عصر کے لیے وقفہ کیا گیا اور سپورٹس ہال میں ہی نمازیں باجماعت ادا کی گئیں۔ بعدازاں سب انصار مسجد ناصر واپس پہنچے جہاں انصار کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ کھانے کے بعد نماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں۔ اس کے بعد مکرم آغا یحییٰ خان صاحب مشنری انچارج سویڈن اور مکرم رضوان افضل صاحب مربی سلسلہ نے تلقین عمل کے پروگرام میں انصار بھائیوں کو انصار اللہ کے عہد کے حوالے سے اولاد کی تربیت کے بارے میں ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ اس پروگرام کے بعد انصار کے ٹیبل ٹینس اور میوزیکل چیئر کے مقابلہ جات کروائے گئے۔ میوزیکل چیئر کا مقابلہ انتہائی دلچسپ تھا۔ چائے کے لیے ایک مختصر سا وقفہ کیا گیا جس کے بعد مجلس شوریٰ کا اجلاس منعقد ہوا۔

اگلے دن 13؍نومبر کو حسب پروگرام باجماعت نماز تہجد ادا کی گئی پھر نماز فجر اور درس ہوا۔ جس کے بعد انصار تلاوت قرآن کریم اور انفرادی سیر وغیرہ میں مصروف ہوگئے اور اسی دوران ناشتہ تیار ہوگیا۔ ناشتہ سے فارغ ہو کر انصار مسجد کے ہال میں جمع ہوئے اور علمی مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ علمی مقابلہ جات میں مقابلہ تلاوت قرآن کریم، مقابلہ نظم خوانی اور اردو و سویڈش زبان میں تقریری مقابلہ شامل تھے۔ ان مقابلوں میں بھی انصار نے خوب بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ انصار کے علمی و دینی معیار کا جائزہ لینے کے لیے دینی معلومات کا تحریری امتحان بھی لیا گیا۔

مغربی دنیا خصوصاً سویڈن میں مسلمانوں کو موجودہ دور میں جن چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ان میں ازدواجی زندگی اور تربیت اولاد سر فہرست ہیں۔ ان موضوعات پر انصار بھائیوں کی مدد اور راہنمائی کے لیے الگ الگ پریزنٹیشنز کا اہتمام کیا گیا تھا۔ مکرم داؤد خان صاحب قائد تعلیم القرآن نے تربیت اولاد کے حوالے سےاپنی پریزنٹیشن پیش کی۔ دوسری پریزنٹیشن عائلی معاملات کے بارے میں تھی جو مکرم اکرام الحق صاحب نائب صدر صف دوم و قائد اشاعت نے پیش کی۔ یہ پریزنٹیشنز بہت مفید، معلوماتی اور وقت کی ضرورت تھیں۔ انصار نے ان میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

اجتماع کے اختتامی اجلاس میں مکرم امیرصاحب سویڈن مہمان خصوصی تھے۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ عہد اور نظم کے بعد ناظم اعلیٰ صاحب نے اجتماع کی مختصر رپورٹ پیش کی۔ صدر مجلس انصار اللہ نے اپنے خطاب میں اجتماع میں شامل ہونے والے انصار کا شکریہ ادا کیا اور انہیں دین کودنیا پر مقدم کرنے کی تلقین کی۔ نیز آئندہ سے مسابقت کی روح پیدا کرنے کے لیے علم انعامی کا مقابلہ شروع ہونے کا اعلان کیا۔ صدر مجلس نے بتایا کہ تاریخ انصار اللہ سویڈن مرتب کرنے کا کام شروع ہورہا ہے۔ اس حوالہ سے انصار بھائیوں کے پاس کوئی معلومات یا تصاویر وغیرہ ہوں تو وہ بھجوا دیں۔ اسی طرح صدر مجلس نے تبلیغ کی اہمیت و ضرورت پر زور دیا۔

ازاں بعد امیر صاحب نے علمی اور ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے انصار میں انعامات تقسیم کیے اور اپنے خطاب میں اس طرف توجہ دلائی کہ ہمیں اپنی اور اپنے بچوں کی دینی بقا کے لیے اور مغربی معاشرے کے بداثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے خلافت احمدیہ سے اپنے تعلق کومضبوط بنانا چاہیے۔ دعا کے ساتھ اس با برکت اجتماع کا اختتام ہوا۔

اس کے بعد انصار بھائیوں کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا اور پھر انصار اپنے اپنے گھروں کو واپس روانہ ہوگئے۔ اجتماع میں کل 62 انصار نے شرکت کی۔ الحمدللہ

(رپورٹ: چودھری عطاءالرحمان محمود۔ قائد عمومی مجلس انصار اللہ سویڈن)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button