اطلاعات و اعلانات
درخواستِ دعا
٭… لئیق احمد مشتاق صاحب مبلغ سلسلہ سُرینام، جنوبی امریکہ تحریر کرتے ہیں کہ محترمہ کلثوم علی جان صاحبہ اہلیہ محترم جبار علی جان مرحوم سابق صدرجماعت احمدیہ سُرینام گذشتہ چند دن سے علیل ہیں ۔ مختلف ٹیسٹ کرنے کے بعد معلوم ہوا ہے کہ ان کی کمراور پیٹ میں کینسر بہت تیزی سے پھیل رہا ہے۔ ان کی بیماری کی کیفیت دیکھتے ہوئے ڈاکٹرز نے آپریشن یا کیموتھراپی سے بھی معذرت کی ہے۔اس وقت ان کاپیٹ پھولا ہوا ہےاور ٹانگوں پر سوجن ہے۔
احباب جماعت سے دعا کی عاجزانہ درخواست ہے کہ شافی مطلق خدا تعالیٰ محض اپنے فضل سے موصوفہ کے لیے آسانیاں پیدا فرمائے اور تکلیف کی شدت سے محفوظ رکھے۔آمین
٭…٭…٭
دعائے مغفرت
٭… وسیم احمد خواجہ صاحب آف نیوایڈنگٹن اطلاع دیتے ہیں کہ مورخہ 8؍دسمبر کو بعد نماز ظہروعصر مسجد فضل لندن میں مکرم مولانا عطاءالمجیب راشد صاحب نے خاکسار کی تائی مکرمہ فرزانہ محبوب صاحبہ اہلیہ مکرم محبوب الٰہی صاحب آف کریم نگر فیصل آباد پاکستان کی نماز جنازہ پڑھائی۔ مرحومہ چند ہفتے قبل ہی پاکستان سے اپنی دو بچیوں سے ملاقات کے لیے یوکے آئی تھیں لیکن اُن کا کینسر کا مرض یہاں آکر اچانک ہی بہت بگڑ گیااور تیزی سے جسم کے دوسرے حصوں کو بھی متأثر کرنے لگا۔ اس تکلیف دہ بیماری کو آخری وقت میں بڑے صبر سے برداشت کرتے ہوئے آخر 4؍دسمبر 2022ء کو نیوہیم ہسپتال لندن میں قریباً 62سال کی عمر میں اُن کی وفات ہوگئی۔ انّاللّٰہ وانّاالیہ راجعون۔مرحومہ کی تدفین پاکستان میں کی گئی ہے۔
مکرمہ فرزانہ محبوب صاحبہ مرحومہ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے مخلص اصحاب حضرت شیخ جھنڈا صاحبؓ آف تغل والا قادیان اور حضرت شیخ رحمۃاللہ صاحبؓ کی نسل سے تھیں۔ آپ خود بھی ایک مخلص احمدی اور صائب الرائے خاتون تھیں۔ اپنے بچوں کی اچھی پرورش، بہترین تربیت اور اُن کو ایک سچا احمدی بنانے کے لیے بہت محنت کرتی تھیں۔ مرحومہ کے پسماندگان میں عمر رسیدہ خاوند کے علاوہ پانچ بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں۔
احباب سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت فرمائے، انہیں جنّت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، اُن کے درجات بلند فرماتا چلا جائے اور اُن کی اولاد کو اُن کی نیکیاں جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ تمام پسماندگان کو صبر جمیل سے نوازے اور اُن کا حافظ و ناصر ہو۔ آمین
٭…٭…٭
اعلانِ ولادت
٭… جاذب احمد حفیظ صاحب متعلم جامعہ احمدیہ یوکے تحریر کرتے ہیں کہ مورخہ 26؍نومبر2022ء کو خاکسار کے بڑے بھائی حارث احمد حفیظ صاحب و بھاوج طوبیٰ حارث صاحبہ کو اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے پہلے بیٹے سے نوازا ہے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے عزیزم کا نام ازراہ شفقت’’وارث احمد ‘‘عطا فرمایا ہے۔نومولود خدا تعالیٰ کے فضل سے وقفِ نوکی بابرکت تحریک میں شامل ہے۔
نومولود مکرم طارق احمد ملک صاحب کا نواسا اور مکرم عبدالحفیظ شاہدصاحب(ایڈیشنل وکیل الاشاعت۔ترسیل لندن) کا پوتا ہے اور مکرم چودھری عبدالسلام صاحب (سابق نائب افسر حفاظت خاص۔حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ و حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ ) کا پڑپوتا ہے۔
احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ نومولود کو خادمِ دین اور خلافتِ احمدیہ کا مطیع و فرمانبردار بنائے۔ صحت و سلامتی والی عمر دراز عطا فرمائے،نافع الناس وجود اور والدین کی آنکھوں کی ٹھنڈک بنائے۔آمین
٭…٭…٭