برازیل کے شہر Rio De Janeiro کی ایک کونسل ہاؤس میں بین المذاہب کانفرنس میں جماعت کی شرکت
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 17؍نومبر کو خاکسار (مبلغ سلسلہ)کو Rio de Janeiro کے ایک شہر Belford Roxo کے کونسل ہاؤس میں ایک بین المذاہب کانفرنس میں شرکت کی توفیق ملی جو کہ مذہبی آزادی اور رواداری کے موضوع پر تھی۔ اس پروگرام میں خاکسار نے اسلام کی نمائندگی میں ہماری مذہبی تعلیمات بیان کرنے کی توفیق پائی۔ اس موقع پر مختلف شعبہ جات اور اداروں سے تعلق رکھنے والے افراد تشریف لائے تھے۔ نیز میئر کے نمائندہ اور تین کونسلرز نے بھی اس پروگرام میں شرکت کی۔
خاکسار نے اس موقع پر اسلام کی تعلیمات کا خلاصہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ مغربی میڈیا کے پروپیگنڈا کی وجہ سے اسلام کو شدت پسندی کے ساتھ جوڑ دیا گیا ہے۔ اور اس وقت اسلام کو دہشتگردی کا مذہب سمجھا جانے لگا ہے۔ جس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ مسلمان مردوں اور عورتوں کو مغربی معاشرہ میں دہشتگرد سمجھا جاتا ہے۔ ایسے میں شدت سے اس بات کی ضرورت ہے کہ اس کا کوئی حل نکالا جائے۔ اور اس طرح کے پروگرام منعقد کرکے عوام میں شعور پیدا کیا جائے۔ تاکہ معاشرہ امن اور استحکام کی طرف گامزن ہو۔ اور تاکہ لوگ حق اور باطل کو جان سکیں ۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ پروگرام بہت کامیاب رہا اور اسلام کی تعلیمات کو بہت سے افراد نے دلچسپی سے سنا اور اس بات کا اظہار بھی کیا کہ اسلام کے بارے میں اس سے پہلے ہم بہت کم جانتے تھے۔ پروگرام کے اختتام پر بعض افراد نے خاکسار سے اسلامی تعلیمات کے بارے میں سوالات بھی کیے جن میں اسلام میں عورتوں کے حقوق اور دیگر احکامات شامل تھے۔ چنانچہ ان سوالات کے انہیں جوابات دیے گئے۔
احباب جماعت سے دعا کی عاجزانہ درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اس طرح کے پروگراموں کے مثبت نتائج ظاہر فرمائے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں تک اسلام احمدیت کا پیغام پہنچ سکے اور کثیر تعداد میں لوگ اس چشمہ سے فیضیاب ہوسکیں۔ آمین
(رپورٹ: حافظ احتشام احمد مومن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)