آسٹریلیا (رپورٹس)

صُووا، فجی میں جماعتی بُک سٹال

الحمدللہ مورخہ 26؍نومبر2022ء کو جماعت احمدیہ صُووا فجی کے خدام و انصار کو سامابولا میں مین روڈ کے عین کنارے بُک سٹال لگانے کی توفیق ملی۔

بُک سٹال کے انعقاد سے قبل مولانا محمود احمد صاحب امیر ومبلغ انچارج فجی سے اس حوالہ سےاجازت و راہنمائی حاصل کی گئی اور بُک سٹال کے کامیاب انعقاد کے لیے صدقہ بھی دیا گیا۔ نیز پیارے آقا ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمتِ اقدس میں دعائیہ فیکس بھی کی گئی۔

پروگرام کے مطابق مورخہ26نومبر بروز ہفتہ صبح ساڑھے دس بجے اجتماعی دُعا کے ساتھ بُک سٹال کا آغاز سامابولا میں مین روڈ کے عین کنارے پرکیا گیا جہاں پر بس سٹاپ بھی موجود ہے اور لوگوں کی کثیر تعداد کا یہاں سے گزر ہوتا ہے۔ بُک سٹال کوکا میاب بنانے کے لیے بینرز اور پوسٹرز کے ذریعہ اسے نمایاں کیا گیا جن پر اسلام، قرآن کریم، آنحضورﷺ اور حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی آمد کے حوالہ سے تحریرات درج تھیں۔ اسی طرح زائرین کی دلچسپی کے لیےمسجد فضل عمر کے اندرونی حصہ میں موجود لائبریری میں قرآن کریم اور مختلف کُتب کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

الحمد للہ لوگوں کی کثیر تعداد نے بُک سٹال کو وزٹ کیا۔ اس بُک سٹال کے موقع پر مکرم امیر صاحب نے بھی شرکت کرکے خدام اور انصار کا حوصلہ بڑھایا۔ چند نئے تبلیغی روابط بھی قائم ہوئے۔ اس موقع پر چند ہندو و عیسائی زائرین کے ساتھ مجلس سوال و جواب بھی منعقد ہوئی جس میں بعض اسلامی عقائد نیز اسلام میں خدا کے تصور کے موضوع پر تفصیلی گفتگو ہوئی اور سوالات کے مفصل جوابات دیے گئے۔ بفضلہ تعالیٰ اس روز 2500سے زائد پمفلٹس اور لیف لٹس تقسیم کیے گئے نیز اس بُک سٹال کے ذریعہ 7000 سے زائد افراد تک حقیقی اسلام کا پیغام پہنچایا گیا۔ اس موقع پر زائرین کے لیے بھی ریفریشمنٹ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ نماز ظہر سے قبل امیر صاحب نے اجتماعی دُعا کروائی جس کے ساتھ بُک سٹال کا اختتام ہوا۔

اسی روز بعد نماز ظہر خدام و انصار کی امیر صاحب کے ہمراہ مجلس سوال و جواب بھی منعقد ہوئی جس میں امیر صاحب نے جماعتی عقائد اور روزمرہ کے معمولات میں پیش آنے والے فقہی مسائل کے بارہ میں راہنمائی کی نیز بعض اختلافی مسائل پر بھی سیر حاصل گفتگو کی۔ اس پروگرام کا دورانیہ ڈیڑھ گھنٹہ رہا۔

اللہ تعالیٰ ہماری اس حقیر کاوش میں بے انتہا برکتیں عطا فرمائے۔ اس کے نیک نتائج پیدا فرمائے اور لوگوں کے دلوں کو حقیقی اسلام کی طرف مائل کردے نیز بُک سٹال میں شامل ہونے والے خدا م و انصار کو اجر عظیم سے نوازے۔ آمین

(رپورٹ: عبدالنوربھٹی۔ مربی سلسلہ صُووا، فجی)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button